اسٹیٹ بلڈٹرانسفیوژن کونسل نےبلڈبینکوںکو تمام تکنیکی شرائط کی تعمیل کاحکم دیا ، خون ذخیرہ کرنے اور اس کی تقسیم کی ضرورت سے متعلق معلومات کی جانچ کی ہدایت جاری کی۔
EPAPER
Updated: July 02, 2026, 11:49 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
اسٹیٹ بلڈٹرانسفیوژن کونسل نےبلڈبینکوںکو تمام تکنیکی شرائط کی تعمیل کاحکم دیا ، خون ذخیرہ کرنے اور اس کی تقسیم کی ضرورت سے متعلق معلومات کی جانچ کی ہدایت جاری کی۔
حکومت نے ضوابط کی خلاف ورزی کے معاملات میںجے جے مہا نگر بلڈبینک کے سربراہ اور میڈیکل سوشل آفیسر کی خدمات کو برطرف کرنے کااعلان کیا ہے۔ان کے خلاف فوجداری کا مقدمہ درج کرنے کی تیاری بھی جاری ہے ۔ اسی کے ساتھ اسٹیٹ بلڈ ٹرانسفیوژن کونسل ( ایس بی ٹی سی ) نے ایف ڈی اے کی جانب سے ممبئی اور بھیو نڈی کے ۲؍ بلڈ بینکوںمیں پائی جانے والی بے ضابطگیوںکی نشاندہی کے بعد ریاست کے تمام بلڈ بینکوں کامعائنہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ جن بلڈبینکوں میں خامیاں پائی جائیں گی ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جولائی کے پہلے ہی دن ممبئی میں موسلا دھار بارش، معمولات زندگی متاثر
ریاستی وزیرمملکت برائے صحت عامہ میگھنا بورڈیکر نے قانون ساز کونسل میں بی جے پی رکن چترا واگھ کی طرف سے کئے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ جے جے مہانگر بلڈ بینک کے سربراہ ڈاکٹر ہتیش پگارے کو ۵۰؍خون کی تھیلیوںکو بدلاپور کے اپنے نجی بلڈبینک میں مبینہ طور پر غیرقانونی طور پر منتقل کرنے کے الزام میں معطل کر دیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر پگارے، جو کانٹریکٹ کی بنیاد پر کام کر رہے ہیں، نے غیر قانونی طور پر خون کے عطیہ کیمپ میں جمع کئے گئے ۱۸۸؍ میں سے ۵۰؍خون کے تھیلے بدلا پور کے اپنے مایا بلڈ بینک میں منتقل کئے تھے۔ ان کے علاوہ بلڈ بینک میں کانٹریکٹ پر کام کرنے والے میڈیکل سوشل آفیسر اجے بھیسے بھی اس معاملے میں ملوث پائے گئے ہیں ، اس لئے انہیں بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ حکومت ان دونوں کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرے گی اور بدعنوانی کو روکنے کیلئے مہاراشٹر بھر کے بلڈ بینکوں کیلئے ایک معیاری آپریٹنگ طریقہ کار بھی نافذ کرے گی۔
واضح رہے کہ ایف ڈی اے کے حالیہ معائنے میں بلڈ بینکوں کے کام میں کچھ سنگین بدعنوانیاں پائی گئی ہیں۔ اس تناظر میںایس بی ٹی سی نے ریاست کے تمام سرکاری اور نجی بلڈ بینکوں کے خصوصی معائنہ کا حکم جاری کیا ہے ۔ کونسل نے احکامات جاری کئے ہیں کہ متعلقہ حکام اس معائنہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔
ایس بی ٹی سی نے ۲۷؍جون کو ایک مکتوب جاری کیا ہے جس کے مطابق، خون کو منشیات اور کاسمیٹکس ایکٹ ۱۹۴۰ء کے تحت خون جمع کرنے، پروسیسنگ، ذخیرہ کرنے اور تقسیم کرنے کے تمام عمل میں معیار، حفاظت اور شفافیت کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنا ضروری ہے ۔
یہ بھی پڑھئے: غیر قانونی آئی وی ایف مراکز پر کارروائی کا مطالبہ
متعلقہ علاقوں کے بلڈ ٹرانسفیوژن افسران کو تمام بلڈ بینکوں کا فوری معائنہ کرنے کا حکم جاری کیاگیا ہے ۔ معائنہ کے دوران، اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے کہ بلڈ بینکس کے ذریعہ تمام تکنیکی شرائط کی تعمیل کی جا رہی ہے یا نہیں، اس کا جائزہ لیا جائے۔ کونسل نے یہ بھی کہا ہے کہ خون جمع کرنے، ذخیرہ کرنے اور اس کی تقسیم کی ضرورت سے متعلق معلومات کی جانچ کی جائے ۔اگر بلڈ بینک ضرورت سے زیادہ خون جمع کرتے ہیں تو اسے بلک ٹرانسفر کے ذریعے دوسری ریاستوں میں تقسیم کیا جائے اورخون کی نقل و حمل کے دوران مطلوبہ درجہ حرارت کے اصولوں پر عمل کیا جا رہاہے یا نہیں اس کی بھی جانچ کی جائے ۔ اس کے علاوہ گزشتہ ۳؍ سال کی اوسط ضرورت سے زائد خون جمع کرنے کی وجوہات درج کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں ۔ اس بات کی بھی تصدیق کی جائے کہ اس سلسلے میں نیشنل بلڈ ٹرانسفیوژن کونسل کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کیا جا رہا ہے یا نہیں۔جن بلڈبینکوں میں بے ضابطگی پائی جائے گی ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے ۔