Inquilab Logo Happiest Places to Work

حج ۲۰۲۷ء کے خواہشمند عازمین کو پاسپورٹ تیار رکھنے کی خصوصی ہدایت

Updated: June 05, 2026, 11:36 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مرکزی حج کمیٹی نے سرکیولر جاری کیا اورسعودی حکومت کا حوالہ دیا۔ جلد ہی آئندہ سال کے حج کاباضابطہ اعلان متوقع۔ ۹۰؍فیصد ابھی حجاج کی وطن واپسی باقی ہے جبکہ فائنل حساب کتاب بھی کیا جانا ہے۔

Pilgrims returning home after performing the Hajj are seen at the airport. (Photo: Inquilab)
حج کا فریضہ اداکرنے کے بعد وطن لوٹنے والے حجاج کرام ایئر پورٹ پر نظر آ رہے ہیں۔ (تصویر:انقلاب)

حجاج کی وطن واپسی ۲؍جون سے شروع ہوتے ہی حج ۲۰۲۷ءکے خواہشمند عازمین کو اپنے پاسپورٹ تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے ۲؍جون کو ہی سرکیولر جاری کیا گیا ہے اور یہ کہا گیا ہےکہ جلد ہی آئندہ سال کے حج کا باضابطہ اعلان کیاجاسکتا ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے اس ضمن میں ہدایت دے دی گئی ہے، اس لئے ریاستی حج کمیٹیاں اس پر توجہ دیں اور عازمین کو مطلع کریں تاکہ وہ پیشگی تیاری کرسکیں۔ 

دوسری جانب ابھی تقریباً ۹۰؍ فیصد حجاج کی واپسی باقی ہے،محض چند ہزار حجاج ہی وطن واپس لوٹے ہیں۔ ۲۰۲۵ء کے حجاج کے حسابات باقی ہیں، فائنل حساب کرتے ہوئے رقومات لوٹائی جانی ہے ۔اسمارٹ واچ کے تعلق سے حجاج کی ناراضگی اور شکایات برقرار ہیں۔اس تعلق سے کیا رخ اختیار کیا جاتاہےاورمرکزی حج کمیٹی کیا جواب دیتی ہے، دیکھنا باقی ہے۔اس کے علاوہ ۲۰۲۳۔۲۴ ء کاابھی حجاج کو مکمل بقایا جات ادا نہیں کیا گیا ہے،البتہ ۲۰۲۷ء کیلئے پاسپورٹ تیار رکھنے کا حجاج کو انتباہ ضرور دے دیا گیا ہے۔ممکن ہے کہ اس اعلان سے بہت سے عازمین کو فائدہ ہو اوروہ ابھی سے پاسپورٹ بنوانے کی تیاری میں لگ جائیں اورحج کی درخواست دے سکیں لیکن اس سے کم اہم یہ نہیںہے کہ حجاج کا تمام حساب کتاب بے باق کیا جانا ضروری ہے تاکہ ہر سال کا حساب صاف ستھرا رہے جیسا کہ اس سے قبل کیا جاتا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی روڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب ۲۵۸؍ جھونپڑوں پر ریلوے کا بلڈوزر

اس سے قبل تک جب حج کے فوراً بعد آئندہ سال کے لئے حج کا اعلان نہیں کیاجاتا تھا تب پہلے حجاج کی وطن واپسی کے ساتھ ہی فائنل حساب کتاب کیا جاتا تھا، اگرکسی حاجی کی رقم زائد ہوتی تھی یا طے شدہ سروسیز میں سے اسے کوئی سروس نہیںملتی تھی یا معقول عذر کی بناء پر وہ حج پر جانے کا ارادہ ملتوی کرتا تھا تو اس کی وہ رقم بھی لوٹائی جاتی تھی اوریہ بتایا جاتا تھا کہ اتنے ہزار حجاج کے اتنے کروڑ روپے لوٹائے گئےہیں ۔ اس کے بعد آئندہ سال کےلئے حج فارم کا اجراء عمل میں آتا تھا۔ اس لئےکئی حجاج کایہ کہنا ہےکہ شفافیت ضروری ہے، ایک ایک چیز کا حساب کرتے ہوئے اسے عام کیاجانا چاہئے تاکہ ہرحاجی اسے جان اورسمجھ کر مطمئن ہوسکے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او شہنواز سی کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر میںکہا گیا ہے کہ پاسپورٹ بنوانے کے بارے میں عازمینِ حج کے لئے سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے ۲۹؍مئی  ۲۰۲۶ء کو ہی حج ۱۴۴۸ھ (حج ۲۰۲۷ء) کی تیاری سے متعلق ہدایات جاری کردی ہیں۔اس کے ساتھ ہی مقررہ وقت کے مطابق حج انتظامات کی تیاری کا عمل شروع ہو گیا ہےاورباضابطہ سرکاری اعلان جلد کئے جانے کی توقع ہے، اس لئے حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے ۲۰۲۷ء میںحج کا فریضہ ادا کرنے کے خواہش مند تمام عازمین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے پاسپورٹ تیار رکھیں اور درج ذیل شرائط پر عمل کو یقینی بنائیں۔ پاسپورٹ مشین ریڈ ایبل(مشین کے ذریعے پڑھا جاسکے) ہونا چاہئے۔ پاسپورٹ کی میعاد کم از کم ۳۱؍دسمبر ۲۰۲۷ء تک ہونی چاہئے ۔نئے پاسپورٹ کی درخواست کی صورت میں سرنیم (خاندانی نام) کا خانہ خالی نہ چھوڑا جائےاسے پُر کیا جائے۔

مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیاں اس کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں تاکہ عازمینِ حج کو بروقت اور مکمل معلومات ملے اور وہ پاسپورٹ کے تعلق سے پیشگی تیاری کر سکیں۔ ریاستی حج کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے بھی پیغام رسانی شروع کردی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK