Inquilab Logo Happiest Places to Work

بارہویں کی مارک شیٹس پر تصویر واضح نہ ہونے سے طلبہ پریشان

Updated: June 05, 2026, 12:27 PM IST | Mumbai

مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کی طرف سے ۱۲؍ویں جماعت کے نتائج کا اعلان کرنے کے تقریباً ۲۰؍دنوں بعد ملنے والی کچھ مارک شیٹس پر طالب علم کی تصویر نہ ہونے اور متعدد پر دھندلی تصویر ہونے کی شکایت سامنے آئی ہے ۔طلبہ اور والدین نے متعلقہ تعلیمی اداروں سے اس کی شکایت کی ہے۔

Students look happy after the 12th results. (File photo)
بارہویں کے نتائج کے بعد طلبہ خوش نظر آ رہے ہیں۔ (فائل فوٹو)

مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کی طرف سے ۱۲؍ویں جماعت کے نتائج کا اعلان کرنے کے تقریباً ۲۰؍دنوں بعد ملنے والی کچھ مارک شیٹس پر طالب علم کی تصویر نہ ہونے اور متعدد پر دھندلی تصویر ہونے کی شکایت سامنے آئی ہے ۔طلبہ اور والدین نے متعلقہ تعلیمی اداروں سے اس کی شکایت کی ہے ۔ بورڈ نے جونیئر کالجوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس طرح کی مارک شیٹس والے طلبہ سے تازہ تصویر یں حاصل کریں اور طلبہ کے سیٹ نمبر کے ساتھ بورڈ میں اس کی شکایت جمع کرائیں تاکہ انہیں دوبارہ نئی مارک شیٹس جاری کی جاسکیں۔

واضح رہے کہ بورڈ میں جمع کرائی گئی شکایات کے مطابق، کچھ مارک شیٹس میں کوئی تصویر نہیں ہے، جبکہ متعدد تصاویر اتنی دھندلی ہیں کہ طلبہ کی شناخت کی تصدیق کرنا مشکل ہے۔

یہ بھی پڑھئے: باندرہ غریب نگر کا ملبہ صاف، ریلوے کی زمین اپنی تحویل میں لینےکی کارروائی شروع

اس سال ۱۶؍لاکھ سے زیادہ طلبہ نے ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایچ ایس سی) کا امتحان دیا ہے۔ بورڈ نے ایک نیا فارمیٹ متعارف کرایا تھا جس کے تحت مارک شیٹ اور پاسنگ سرٹیفکیٹ کو ایک دستاویز میں ضم کر دیا گیا ہے ۔ اس دستاویز پر طالب علم کی تصویر بھی پرنٹ کی گئی ہے تاکہ متعلقہ طالب علم کی تصدیق بھی ہوسکے لیکن جب طلبہ نے ۲۵؍مئی کو اپنے متعلقہ اسکولوں اور جونیئر کالجوں سے اپنی مارک شیٹس حاصل کیں تو کچھ طلبہ کی مارک شیٹس پر ان کی تصویر غائب تھی اور متعدد کی تصاویر دھندلی تھیں۔ طلبہ اور ان کے سرپرستوں نے اس کی شکایت متعلقہ اداروں سے کی ہے۔

ممبئی کے جونیئر کالج کے ایک پرنسپل نے کہا کہ بغیر فوٹو یا غیر واضح تصاویر والی مارک شیٹس مستقبل میں داخلوں کیلئے دستاویز کی درستگی پر سوال اُٹھاتی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ممبئی کے ہوٹل، ریسٹورینٹ، پب اور بار چلانے والوں پر فائر بریگیڈ کا شکنجہ

ایک طالب علم نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ ’’مارک شیٹ پر میری تصویر نظر نہیں آ رہی ہے حالانکہ میں نے اپنی ایک سکین شدہ رنگین تصویر اپنے کالج میں جمع کرائی تھی ۔‘‘

مذکورہ شکایات کے پس منظر میں بورڈ نے جونیئر کالجوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسے طلبہ کی تازہ تصویریں حاصل کریں اور انہیں طلبہ کے سیٹ نمبر اور فائل نمبر کے ساتھ جمع کرائیں ۔ بورڈ نے اداروں کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ متاثرہ طلبہ کی فہرست ان کی تصویروں کی ڈیجیٹل کاپیوں کے ساتھ بھیجیں تاکہ مارک شیٹ کم پاسنگ سرٹیفکیٹ دوبارہ جاری کی جاسکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK