سٹاک ہوم میں مظاہرین نے فلسطینی علاقوں اور لبنان میں اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے خاتمے اور سویڈن کی جانب سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی کا مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: June 14, 2026, 5:35 PM IST | Stockholm
سٹاک ہوم میں مظاہرین نے فلسطینی علاقوں اور لبنان میں اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے خاتمے اور سویڈن کی جانب سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی کا مطالبہ کیا۔
سنیچر کوا سٹاک ہوم کے وسطی علاقے میں سینکڑوں افراد نے فلسطینی علاقوں اور لبنان میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے خلاف ریلی نکالی۔ اوڈن پلان اسکوائر میں متعدد سول سوسائٹی گروپس کی جانب سے منعقد کی گئی اس ریلی میں مقبوضہ مغربی کنارے اور لبنان میں اسرائیلی حملوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔مظاہرین نے ’’غزہ میں بچے مارے جا رہے ہیں،‘‘’’اسکول اور اسپتال بمباری کی زد میں ہیں،‘‘’’لبنان پر حملے روکے جائیں،‘‘ اور ’’خوراک کی قلت ختم کی جائے‘‘ کے نعرے لگائے۔ انہوں نے اسرائیل سے غزہ میں فوجی کارروائیاں روکنے اور سویڈن سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے: جنوبی لبنان پر اسرائیل کی بمباری، میئر سمیت ۴؍ جاں بحق
بعد ازاں ایرانی مظاہرین کا ایک گروپ بھی امریکہ اور اسرائیلی پالیسیوں کے خلاف اس ریلی میں شامل ہوا۔ آذربائیجان نژاد سویڈش کارکن آیدن امیر ہاشمی کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کی حمایت کے بغیر اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف ایسے اقدامات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مغربی ممالک نے لاجسٹک، اخلاقی اور قانونی مدد فراہم کر کے اس عمل میں کردار ادا کیا۔ ہاشمی نے یہ بھی کہا کہ امریکہ کی کچھ ریاستوں میں اسرائیل پر تنقید یا بائیکاٹ قابلِ سزا بنا دیا گیا ہے، لیکن وہ سویڈن میں ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھمکیوں اور دباؤ کے باوجود کارکن فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: فلوٹیلا کا لیک جنیوا پرجی سیون سربراہی اجلاس کے خلاف احتجاج
واضح رہے کہ اسرائیل نے۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ءکے بعد سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہے، اور پورے غزہ کو کھنڈر میں تبدیل کردیا ہے، ساتھ ہی تمام شہری نظام کو تباہ کردیا، اس کے علاوہ ناکہ بندی کرکے خطے میں قحط کے حالات پیدا کردئے، حالانکہ امریکہ کی ثالثی میں جنگ بندی نافذ ہے، لیکن اس کے باوجود اسرائیل کے ذریعے اس کی خلاف ورزی جاری ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیل لبنان پر بھی بمباری کررہاہے، اس کا مقصد لبنان کے کچھ علاقوں کو بفر زون میں تبدیل کرنا ہے،اس کے علاوہ مختلف علاقوں پر قبضہ کرکے ریاست کو وسعت دینے کابھی اسرائیل کا منصوبہ ہے۔ جس کے خلاف عوام نے احتجاج کیا۔