نئے نصاب کی کتابوں کے نہ ملنے سے اساتذہ پڑھائی نہیں کروا پا رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: July 23, 2026, 5:43 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
نئے نصاب کی کتابوں کے نہ ملنے سے اساتذہ پڑھائی نہیں کروا پا رہے ہیں۔
امسال سے دوسری ،چوتھی اور چھٹی جماعت کیلئے نیو ایجوکیشن پالیسی کے تحت نئی نصابی کتابیں، مثلاً زباندانی، ریاضی، سائنس ،تاریخ ،جغرافیہ ،اسکیل ڈیولپمنٹ اور فیزیکل ایجوکیشن وغیرہ متعارف کرائی گئی ہیں ۔ شہر ومضافات کے سبھی اسکولوں میں دوسری اور چوتھی جماعت کی کتابیں طلبہ تک پہنچ گئی ہیں لیکن اُردومیڈیم کی چھٹی جماعت کے طلبہ تاریخ ،جغرافیہ، اسکیل ڈیولپمنٹ اور فیزیکل ایجوکیشن کی کتابوں کے ابھی بھی منتظر ہیں ۔ ان کتابوں کے نہ ملنے سے طلبہ کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے ۔یہ نئی کتابیں دکانوں پر بھی دستیاب نہیں ہیں اوران کا پی ڈی ایف بھی موجود نہیں ہے۔ لہٰذا اساتذہ اسکول شروع ہونے کے سوا مہینے بعد بھی یہ مضامین نہیں پڑھا پا رہے ہیں جبکہ کچھ دنوں میں پہلا یونٹ ٹیسٹ ہونے والا ہے۔ بال بھارتی کے مطابق ساری کتابیں ہیڈ آفس سے روانہ کی جا چکی ہیں ضلعی سطح پر کوئی مسئلہ ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی تیسری جھیل بھی چھلک گئی
مرکزی تعلیمی بورڈ کے سیکریٹری سید شریف کے مطابق ’’امسال سے دوسری ،چوتھی اور چھٹی جماعت میں نئی کتابیں متعارف کروائی گئی ہیں ۔ اُردو میڈیم کی چھٹی جماعت کے علاوہ دیگر میڈیم کے طلبہ کو ساری کتابیں مل گئی ہیں لیکن چھٹی جماعت کے طلبہ کو تاریخ ،جغرافیہ، اسکیل ڈیولپمنٹ اور فیزیکل ایجوکیشن وغیرہ کی کتابوں کے نہ ملنےسے طلبہ کی پڑھائی کانقصان ہو رہا ہے۔ ایسے میں والدین اپنے بچوں کی پڑھائی سے متعلق فکرمند ہیں ۔ بار بار دریافت کر رہے ہیں کہ کتابیں کب آئیں گی۔لہٰذا متعلقہ محکموں سے اپیل ہے کہ وہ ان کتابوں کو جلد ازجلد فراہم کرنے کی کوشش کریں۔‘‘
بال بھارتی کے انچارج خان نویدالحق سے اس بارے میں استفسار کرنے پر انہوں نے کہا کہ ’’ کتابوں کے کم یا نہ پہنچنےکے معاملے سے بال بھارتی کا سروکار نہیں ہے کیونکہ ضلع پریشد، نگر پریشد یا کارپوریشن وغیرہ کی جانب سے جتنی کتابیں طلب کی جاتی ہیں ، بال بھارتی ان کی رقم لے کر کتابیں متعلقہ اداروں کو دے دیتا ہے اس کے بعد ان کتابوں کو اسکول تک پہنچانے کی ذمہ داری ان اداروں کی ہوتی ہے ۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: انجمن اسلام کی سابق پرنسپل ریحانہ خطیب کی رحلت
انہوں نےیہ بھی بتایا کہ ’’ چونکہ امسال نئے نصاب کے مطابق کتابیں تیار کرنی تھیں،اس لئے کچھ تاخیر ہونے کی وجہ سے مارچ کے بجائے مئی میں کتابیں مہیا کرائی گئی تھیں ،اس کے باوجود ابھی تک کئی اضلاع کے اسکولوں میں کتابیں نہیں پہنچی ہیں ۔ جس کی شکایتیں موصول ہو رہی ہیں ۔ ‘‘
بال بھارتی کی ڈائریکٹر انورادھا اوک سے بھی استفسار کرنے کیلئے انہیں نمائندہ انقلاب نے فون کیا۔ انہوں نے فون ریسیو کرنے کے بجائے میسیج کرنےکی درخواست کی ۔ میسیج کے ذریعے سوال ارسال کرنےکےباوجود ان کی طرف سے تادم تحریر کوئی جواب نہیں آیا۔