تانسا سے قبل تلسی اور وہار جھیلیں چھلک چکی ہیں۔ ساتوں جھیلوںمیں مجموعی طور پر ۶۲؍ فیصد پانی ذخیرہ ہوگیا۔مودک ساگر جھیل بھی ۹۰؍فیصد بھر گئی۔ آج یلوالرٹ۔
EPAPER
Updated: July 23, 2026, 4:25 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
تانسا سے قبل تلسی اور وہار جھیلیں چھلک چکی ہیں۔ ساتوں جھیلوںمیں مجموعی طور پر ۶۲؍ فیصد پانی ذخیرہ ہوگیا۔مودک ساگر جھیل بھی ۹۰؍فیصد بھر گئی۔ آج یلوالرٹ۔
ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی ۷؍جھیلوں میں سے تیسری جھیل تانسا بھی بدھ کی صبح چھلک گئی۔ اب ان تمام جھیلوں میں مجموعی طور پر ۶۲؍ فیصد پانی ذخیرہ ہوگیا ہے۔ اس سے قبل ۲؍ چھوٹی جھیلیں تلسی اور وہار لیک پہلے ہی چھلک چکی ہیں ۔ بدھ کی صبح ۸؍ بجکر ۵۱؍ منٹ پر تانسا جھیل چھلکی جس کے بعد اس کے دروازے کھول دیئے گئے تاکہ زائد پانی بہہ جائے اور ڈیم کو کوئی نقصان نہ پہنچے جبکہ بدھ کی صبح تک مودک ساگر ۹۰؍ فیصد بھر چکی تھی۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے جمعرات کیلئے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: انجمن اسلام کی سابق پرنسپل ریحانہ خطیب کی رحلت
بڑی جھیلوں کا حال
ممبئی کو سب سے زیادہ پائی سپلائی کرنے والی اَپر ویترنا میں محض ۳۹؍ فیصد اور رقبہ کے اعتبار سے سب سے بڑی بھاتسا میں ۵۷ء۲۷؍ فیصد پانی ذخیرہ ہے جبکہ مڈل ویترنا میں ۵۳؍ فیصد پانی ذخیرہ ہے۔ اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ بڑی جھیلوں پر دیگر جھیلوں سے کم بارش ہوئی ہے اور بڑی ہونے کی وجہ سے یہ جھیلیں کم بھری ہیں اس لئے ممبئی میں سال بھر پانی سپلائی کیلئے حالات اب بھی ایسے سازگار نہیں ہوئے ہیں کہ جس کی وجہ سے شہری انتظامیہ کی جانب سے شروع کی گئی پانی کٹوتی کو فوری طور پر بند کیا جائے۔
گزشتہ برس ان جھیلوں میں ۲۲؍ جولائی کو۸۵ء۳۲؍ اور ۲۰۲۴ء میں ۴۷ء۲۹؍ فیصد پانی جمع تھا۔
تانسا کے بارے میں
واضح رہے کہ تانسا ڈیم دنیا کے طویل ترین ڈیموں میں سے ایک ہے ۔اس کی طوالت ۲؍ ہزار ۷۴۳ء۲۰؍ میٹر ہے اور اس کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ ملک کے ان چند ڈیموں میں سے ایک ہے جو پتھر کے بنے ہوئے ہیں۔ یہ ضلع تھانے کے شاہ پور علاقے میں ممبئی سے تقریباً ۱۰۶؍ کلو میٹر دور واقع ہے جس کا قیام ۱۸۹۲ء میں عمل میں آیا تھا۔اس جھیل سے ممبئی کو تقریباً ۱۱؍ فیصد پانی سپلائی کیا جاتا ہے یعنی اس سے روزانہ ۴۵۵؍ ملین لیٹر پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ۳۴؍ فیصد ویٹ لیز بسوں میں اسٹیئرنگ اور بریک کی خامیاں پائی گئیں: رپورٹ
بارش کی صورتحال
پیر کی صبح ۶؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں قلابہ میں ۳۵ء۶؍ ملی میٹر جبکہ سانتا کروز میں ۴۸ء۴؍ملی میٹر اور تھانے میں ۶۷؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے مقابلے صبح ۶؍ بجے سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک سانتا کروز میں ۱۲ء۴؍ اور تھانےمیں ۱۹ء۶؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے جمعرات ۲۳؍ جولائی کیلئے ممبئی اور تھانے کیلئے یلو الرٹ جبکہ پال گھر اور رائے گڑھ کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ البتہ ان تمام علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور تیز ہوائوں، جن کی رفتار ۶۰؍ سے ۷۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، کے ساتھ مختلف مقامات پر تیز اور شدید بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
درخت گرنے سے خاتون زخمی
بدھ کو شہر و مضافات میں کُل ۴۱؍ مقامات پر درخت اور شاخیں گرنے کی شکایتیں موصول ہوئیں جن میں سے ایک حادثہ میں ایک خاتون کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اطلاع کے مطابق سانتاکروز مشرق میں واقع ملن سب وے کے پاس سے دوپہر ڈھائی بجے ایک ریپیڈو موٹر سائیکل گزر رہی تھی جس پر درخت گر جانے کی وجہ سے اس پر سوار نیلم گپتا (۳۶) زخمی ہوگئیں ۔ انہیں باندرہ میں واقع بھابھا اسپتال پہنچایا گیا اور علاج کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: تیز رفتار کار نے تین موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، ایک جاں بحق، ۲؍شدید زخمی
چونکہ امسال مانسون میں درخت گرنے کے بہت زیادہ واقعات ہوئے ہیں جن میں جانی نقصان ہونے کی وجہ سے درخت گرنے کے تعلق سے تحقیق جاری ہے اس لئے ان درختوں کے گرنے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے ہدایت دی گئی تھی۔
دیگر حادثات
شہر و مضافات میں بدھ کو برسات کے دوران شارٹ سرکٹ کی ۷؍ شکایتیں موصول ہوئیں البتہ کسی بھی حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔اس روز مشرقی مضافات میں ۲؍ مختلف مقامات پر ۲؍ مکانات کی دیواریں گرنے کی خبر موصول ہوئی اور ان حادثات میں بھی کوئی زخمی نہیں ہوا۔