• Wed, 12 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سوڈانی حقوق گروپ کا آر ایس ایف پرسیکڑوں یرغمالوں کو جیل میں منتقل کرنے کا الزام

Updated: November 12, 2025, 10:07 PM IST | Khartoum

سوڈانی حقوقِ انسانی گروپ نے آر ایس ایف پر سیکڑوں یرغمالوں کو نیالہ کی جیلوں میں منتقل کرنے کا الزام لگایا،اور اس منتقلی کو بین الاقوامی قانون اور فوجداری انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

ایک سوڈانی انسانی حقوق کی تنظیم نے منگل کو نیم فوجی دستےریپڈ  سپورٹ فورسیز (آر ایس ایف) پر شمالی دارفور کے شہر الفاشر سے سیکڑوں شہریوں اور گرفتار فوجیوں کو جنوبی دارفور کے دارالحکومت نیالہ کی جیلوں میں منتقل کرنے کا الزام لگایا۔ غیر سرکاری گروپ ،ایمرجنسی وکلاءنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ آر ایس ایف نے شہر پر قبضہ کرنے کے بعد سیکڑوں شہریوں اور فوجی قیدیوں کو الفاشر سے (نیالہ) کی حراستی مراکز میں منتقل کیا ہے، جو بین الاقوامی قانون اور فوجداری انصاف کے اصولوں  کے منافی ہے۔‘‘ گروپ نے کہا کہ جیلوں میں درجنوں قیدی صحت کے مسائل اور انسانیت سوز حالات کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے بہت سےیرغمالوں کی حالت مزید بگڑ گئی ہے اور دیگر بھوک، تشدد اور طبی دیکھ بھال کی کمی کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: سوڈان میں تقریباً ۱۱ ملین خواتین شدید غذائی عدم تحفظ کا سامنا کر رہی ہیں: یو این ویمن کا انتباہ

دریں اثناء بیان میں زور دے کر کہا گیا کہ ’’شہریوں کو فوجی قیدیوں سے الگ کرنا ضروری ہے، کیونکہ دوں کے مختلف حقوق ہیں۔ شہریوں کو کسی بھی اجتماعی سزا سے محفوظ رکھا جانا چاہیے، جبکہ فوجی قیدیوں کے ساتھ انسانی سلوک، طبی دیکھ بھال اور تیسری جنیوا کنونشن کے تحت دی گئی ضمانتوں کے تحت معاملہ کیا جانا چاہئے۔‘‘بعد ازاں تنظیم نے شہریوں کو فوری رہا کرنے اور کسی بھی مقدمے کو مسترد کرنےکا مطالبہ کیا، اور بین الاقوامی کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) پر زور دیا کہ وہ حراستی مراکز کا دورہ کرنے، قیدیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے، بین الاقوامی انسانیاتی قانون کے احترام کو برقرار رکھنے، اور ضروری قانونی و انسانی امداد فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔جبکہ سوڈانی حکام یا آر ایس ایف کی طرف سے اس بیان پر فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھئے: آر ایس ایف کے مظالم کی مذمت،۲۰؍ سے زائد ممالک کا مشترکہ بیان

واضح رہے کہ ۲۶؍ اکتوبر کو، آر ایس ایف نے شمالی دارفور کے دارالحکومت الفاشر پر قبضہ کر لیا تھا اور مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں کے مطابق قتل عام کیا۔الفاشرکے ساتھ، آر ایس ایف نے سوڈان کی۱۸؍ ریاستوں میں سے مغرب میں واقع دارفور کی تمام پانچ ریاستوں پر کنٹرول حاصل کر لیا، جبکہ فوج جنوب، شمال، مشرق اور مرکز میں باقی۱۳؍ ریاستوں کے بیشتر علاقوں پر قابض ہے، جس میں دارالحکومت خرطوم بھی شامل ہے۔دراصل دارفور سوڈان کے تقریباً پانچویں حصے پر محیط ہے، لیکن ملک کے۵۰؍ ملین لوگوں میں سے اکثر فوج کے کنٹرول والے علاقوں میں رہتے ہیں۔۱۵؍ اپریل ۲۰۲۳ء سے، سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان جاری جنگ جاری ہے۔ اور قومی اور بین الاقوامی ثالثوں کی کوشش کے باوجود اس تصادم کو ختم نہیں کیا جا سکا۔ اس مسلح تصادم میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK