• Wed, 21 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سنیتا ولیمز ناسا سےسبکدوش؛ دہلی میں کلپنا چاؤلہ کی والدہ سےملاقات، انہیں ”اپنے خاندان جیسا“ قرار دیا

Updated: January 21, 2026, 9:02 PM IST | New Delhi

سنیتا ولیمز نے نئی دہلی میں کلپنا چاؤلہ کی والدہ سنیوگیتا چاؤلہ سے ملاقات کی، جس سے خلائی شٹل کولمبیا کے حادثے کے بعد چاؤلہ خاندان کے ساتھ ان کے تعلق کی یادیں تازہ ہوگئیں۔

Sunita Williams and Kalpana Chawla. Photo: INN
سنیتا ولیمز اور کلپنا چاؤلہ۔ تصویر: آئی این این

امریکی خلائی ایجنسی ناسا سے گزشتہ ماہ سبکدوش ہونے والی ہند نژاد خلاء باز سنیتا ولیمز نے اس ہفتے ہندوستان میں امریکی خلائی مشن کی ہند نژاد آنجہانی کلپنا چاؤلہ کی ۹۰ سالہ والدہ اور ان کے خاندان سے دوبارہ ملاقات کی۔ ولیمز نے نئی دہلی میں کلپنا چاؤلہ کی والدہ سنیوگیتا چاؤلہ اور کلپنا کی بہن دیپا چاؤلہ سے ملاقات کی، جس سے خلائی شٹل کولمبیا کے حادثے کے بعد چاؤلہ خاندان کے ساتھ ان کے تعلق کی یادیں تازہ ہوگئیں۔ 

ایک تقریب میں ’پی ٹی آئی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سنیوگیتا چاولہ نے ولیمز کو ”اپنے خاندان کے ایک فرد کی طرح“ قرار دیا اور یاد کیا کہ کلپنا کی موت کے بعد مشکل دور میں وہ تین ماہ تک ان کے خاندان کے ساتھ رہیں۔ پی ٹی آئی کے مطابق سنیوگیتا نے ولیمز کی حمایت اور مشکل دور میں ”صبح سے رات تک“ ان کی موجودگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ”وہ تین ماہ تک ہمارے گھر آتی رہیں۔“ رپورٹس کے مطابق، ولیمز نے ہندوستان سے روانگی سے قبل چاؤلہ خاندان سے کہا کہ وہ ان کے ساتھ رابطے میں رہنا چاہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: داؤس میں ہندوستانی ریاستوں کی ہندوستانی کمپنیوں کےساتھ معاہددوں پرشدید تنقید

سنیتا ولیمز کا ہندوستان دورہ: آئی آئی ٹی دہلی میں لیکچر، امریکن سینٹر میں گفتگو اور کیرالا فیسٹیول

سنیتا ولیمز نے نئی دہلی میں امریکن سینٹر میں ’ریپبلک ورلڈ‘ کے زیرِ اہتمام ایک پروگرام میں حصہ لیا۔ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ خلاء سے زمین کو دیکھنے کے تجربے نے کس طرح ان کی شناخت اور اتحاد کے احساس کو بدلا۔ انہوں نے اپنی ذاتی جڑوں جیسے امریکی ریاست میساچوسٹس میں پرورش، ہندوستانی والد اور سلووینین والدہ، کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ”جب آپ خلاء میں جاتے ہیں تو سب سے پہلا کام جو آپ کرتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم سب اپنے گھر کو تلاش کرنا چاہتے ہیں۔“

ولیمز نے ۲۰ جنوری کو آئی آئی ٹی دہلی میں امریکی سفارت خانے کے تعاون سے منعقدہ ”پروفیسر این وزیرانی انسٹی ٹیوٹ لیکچر سیریز“ میں ”خلاباز بننے کا سفر: سنیتا ولیمز کی کہانی“ کے عنوان سے افتتاحی خطاب پیش کیا جس میں انہوں نے اپنی زندگی کی کہانی پر روشنی ڈالی اور اپنے تجربات کو شیئر کیا۔ وہ ۲۲ جنوری سے شروع ہونے والے نویں کیرالہ لٹریچر فیسٹیول میں بھی شرکت کریں گی۔ واضح رہے کہ ولیمز تقریباً ایک دہائی کے عرصے بعد ہندوستان آئی ہیں۔ اس سے قبل، وہ ۲۰۱۳ء میں ہندوستان آئی تھیں۔

یہ بھی پڑھئے: دہلی کے نظم و نسق پر ریاست کی اپوزیشن لیڈر آتشی کا اظہار تشویش

ولیمز ناسا سے سبکدوش

سنیتا ولیمز کا ہندوستان دورہ، ناسا سے ان کی باضابطہ سبکدوشی کے فوراً بعد سامنے آیا ہے۔ ۲۰ جنوری کو ناسا نے ایک نیوز ریلیز میں تصدیق کی کہ ولیمز نے ناسا کے ساتھ اپنے ۲۷ سالہ کیریئر کا خاتمہ کرتے ہوئے ۲۹ دسمبر ۲۰۲۵ء کو ریٹائرمنٹ لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ اپنے آخری مشن میں وہ جون ۲۰۲۴ء میں ایک ہفتے کے سفر کے مقصد سے اپنے ساتھی بیری ولمور کے ساتھ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کیلئے روانہ ہوئی تھیں۔ لیکن بوئنگ کے اسٹار لائنر میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے انہیں ۹ ماہ تک خلاء میں ہی رکنا پڑا تھا اور بالآخر مارچ ۲۰۲۵ء میں اسپیس ایکس کے ڈریگن کیپسول کے ذریعے زمین پر ان کی واپسی ہوئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK