Inquilab Logo Happiest Places to Work

چلتی لوکل ٹرین میں نوجوان کےقتل کا ملزم۳۰؍ جون تک پولیس تحویل میں

Updated: June 26, 2026, 11:28 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

آلہ قتل اب تک برآمد نہیں ہوسکا۔ مقتول کے بھائی نے ملزم کا انکائونٹر کرنے یا جلد از جلد پھانسی دینے کا مطالبہ کیا، والد نے کہا کہ اسے اس کے والدین کے سامنے مار دیا جائے۔

Accused Roshan Surana. The second picture is from the time of the incident. The last picture shows the deceased Menk Lohar. Photo: INN
ملزم روشن سورنا۔ دوسری تصویر واردات کے وقت کی ہے۔ آخری تصویر میں مقتول مینک لوہار۔ تصویر: آئی این این

لوکل ٹرین بارش کا پانی آنے پر دروازہ بند کرنے کے معاملے  میں ۲۲؍ سالہ مینک لوہار کو  چاقو  سےقتل کرنے والے ملزم کو مقامی عدالت نے جمعرات کو ۳۰؍ جون تک   پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔

ملزم کوکس طرح پکڑا گیا؟

بوریولی ریلوے پولیس نے میرا روڈ کے سائی بابا نگر میں سینٹ جوزف ہال کے بازو میں واقع میگھ دوت ٹاور میں رہنے والے ملزم روشن رمیش سورنا (۳۰) کو واردات کے بعد اپنے آبائی وطن  فرار ہونے سے قبل پنویل ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی  ۔ واردات کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ سے ملزم کی تلاش شروع کی تھی۔ اسٹیشن سے لے کر ملزم کے فرار ہونے کے راستوں کے کیمروں کی ریکارڈنگ دیکھنے کے بعد پولیس اس کے گھر پہنچی جہاں اس کے والد رمیش کو واردات کے ویڈیو سے نکالی گئی تصویر دکھائی گئی تو انہوں نے بتایا کہ یہ ان کا بیٹا روشن ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پنویل سے اپنے گائوں منگلور جانے کیلئے گھر سے نکل چکا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایکناتھ شندے اور ادھو ٹھاکرے کو اب ایک ہوجانا چاہئے: بچو کڑو

اس کے بعد پولیس نے اس کے موبائل فون کی لائیو لوکیشن سے اس پر نظر رکھی اور بدھ کو دوپہر ۳؍ بج کر ۲۰؍ منٹ پر پنویل ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق رات میں ٹرین والی واردات سے قبل دن میں بھی روشن کا ایک رکشا ڈرائیور سے جھگڑا ہوچکا تھا۔گرفتاری کے بعد روشن کو جمعرات کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں پولیس نے اس کا ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے مجسٹریٹ سے کہا کہ آلۂ قتل برآمد نہیں ہوا ہے اور اسے تلاش کرنے کیلئے ملزم کو تحویل میں لے کر پوچھ گچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ مزید یہ کہ ابتدائی تفتیش میں تو یہی معلوم ہوا ہے کہ اس کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے لیکن پولیس یہ معلوم کرنا چاہتی ہے کہ آیا اس کا  ماضی میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ ہے یا نہیں۔ پولیس کے مطابق روشن ایک کمپنی کیلئے ’بار کوڈ‘ بنانے کا کام کرتا ہے۔وہ غیر شادی شدہ ہے اور اپنے والدین کے ہمراہ رہتا ہے۔ 

ملزم کوموت کی سزا دینے کا مطالبہ

مقتول  مینک لوہارکے بھائی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ مطالبہ کیا ہے کہ یا تو اس کے بھائی کے قاتل کو جلد از جلد سزائے موت دی جائے یا پھر اس کا انکائونٹر کردیا جائے جبکہ مینک کے والد رمیش نے مطالبہ کیا کہ روشن کو اس کے والدین کے سامنے مار دیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: ڈومبیولی کے شاردُل سی اے (انٹر) امتحان میں ملک بھر میں اول

بوریولی ریلوے پولیس میں مقتول کے والد رمیش نے جو ایف آئی آر درج کرائی ہے، اس میں واردات کی تفصیلات اس طرح بیان کی ہے کہ شکایت کنندہ پیشہ سے ڈرائیور ہے اور وہ سورم پارک، امرناتھ بلڈنگ، ویرار مشرق میں اپنی بیوی اور چار بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔مینک اندھیری مشرق  میں ویسٹ سائیڈ کے شو روم میں کپڑوں کے سیلز مین کے طور پر ملازمت کرتا تھا۔منگل  ۲۳؍ جون کو وہ حسب معمول دوپہر تقریباً ساڑھے ۱۲؍ بجے گھر سے نکل گیا۔ وہ رات کو تقریباً ساڑھے ۱۲؍ بجے گھر واپس پہنچتا ہے۔  رات ۱۱؍ بجکر ۵۷؍ منٹ پر انہیں پولیس سے فون کال موصول ہوئی جس میں  انہیں بتایا گیا کہ ان کے بیٹے کا کسی سے جھگڑا ہوگیا ہے جس میں وہ زخمی ہوگیا ہے اور اسے علاج کیلئے کاندیولی مغرب  میں شتابدی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

مذکورہ ٹرین کے مسافر نے کیا بتایا؟

اس خبر پر رمیش اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ بوریولی ریلوے پولیس اسٹیشن پہنچے۔ یہاں   مذکورہ ٹرین کے چند مسافروں، جو پولیس اسٹیشن میں موجود تھے، نے انہیں بتایا کہ نالاسوپارہ فاسٹ لوکل ٹرین جب اندھیری اسٹیشن سے آگے بڑھی تب دروازے پر کھڑے ان کے بیٹے کا ایک مسافر کے درمیان بارش کا پانی ٹرین میں آنے اور دروازہ بند کرنے کےمعاملے پر جھگڑا ہوگیا تھا۔ ان کے مطابق ٹرین کا دروازہ بند تھا جو ملزم نے کھول دیا تھا جس سے بارش کا پانی اندر آنے لگا تب ان کے بیٹے نے دروازہ بند کردیا تو اس پر ان دونوں میں تکرار ہوگئی  پھر ان میں ہاتھا پائی ہوگئی۔تاہم دیگر مسافروں نے سمجھا بجھا کر مینک کو کمپارٹمنٹ کے دوسرے دروازے پر بھیج دیا، اس کے باوجود ملزم جھگڑے پر آمادہ تھا اور پھر اس نے گوریگائوں سے ملاڈ کے درمیان تقریباً ۱۰؍ بج کر ۵۰؍ منٹ پر اپنے بیگ سے چاقو نکال کر مینک کے پیٹ اور سینے پر ۳؍ سے ۴؍ وار کردیئے جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوکر دروازے کے قریب ہی گر گیا اور اس کے جسم سے بڑی مقدار میں خون بہنے لگا۔ شکایت کنندہ کے مطابق چند مسافروں نے حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن اس نے چاقو سے دھمکایا  جس سے وہ اسے پکڑ نہیں سکے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: جعلی کال سینٹر کا پردہ فاش، ۸؍ افراد گرفتار

اسی دوران یہ لوکل بوریولی اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ۶؍ پر رکنے کیلئے دھیمی ہوگئی جس کا فائدہ اٹھا کر حملہ آور چلتی ٹرین سے کود کر فرار ہوگیا۔ اس کے بعد جی آر پی اور آر پی ایف نے اسے شتابدی اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے مینک کو داخلے سے قبل ہی مردہ قرار دے دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK