• Fri, 26 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شام نے نئی کرنسی کا اعلان کیا، لین دین کا آغاز یکم جنوری سے ہوگا

Updated: December 26, 2025, 4:00 PM IST | Damascus

شام یکم جنوری۲۰۲۶ء سے پرانے کرنسی نوٹوں کو نئی قومی کرنسی سے تبدیل کرنے جا رہا ہے، جسے حکومت نے ملکی معیشت میں نئے دور کے آغاز کے طور پر پیش کیا ہے۔ مرکزی بینک اس عمل کی تفصیلات عوام کے سامنے شفاف طریقے سے پیش کرے گا۔

No image of any ruler will appear on Syrian currency anymore. Photo: INN
اب شام کی کرنسی پر کسی بھی حکمراں کی تصویر نہیں ہوگی۔ تصویر: آئی این این

شام نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ یکم جنوری سے پرانے کرنسی نوٹوں کو ایک نئی قومی کرنسی سے تبدیل کرنے کا عمل شروع کرے گا۔ اس اقدام کو’’ایک نئے معاشی اور مالی مرحلے کا آغاز‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ مرکزی بینک کے گورنر عبدالقادر الحصریہ نے کہا کہ نئی کرنسی کے اجرا کی اجازت دینے والا صدارتی فرمان نافذ ہو چکا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا، ’’یہ ایک اہم قومی سنگِ میل ہے جو ایک نئے معاشی اور مالی مرحلے کے آغاز کی عکاسی کرتا ہے۔ ‘‘ الحصریہ کے مطابق، فرمان نمبر۲۹۳؍ برائے۲۰۲۵ء مرکزی بینک کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ پرانے نوٹوں کو نئی کرنسی سے تبدیل کرنے کیلئے آخری تاریخیں اور مقامات مقرر کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمل یکم جنوری۲۰۲۶ء سے شروع ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے: پوتن، بش کو پاکستان کے جوہری ہتھیاروں پر شدید تشویش تھی، ٹرانسکرپٹس کا انکشاف

ایک علاحدہ پوسٹ میں الحصریہ نے بتایا کہ مرکزی بینک اتوار کو ایک خصوصی پریس کانفرنس منعقد کرے گا جس میں کرنسی کے تبادلے کے مکمل طریقۂ کار کی تفصیلات پیش کی جائیں گی جن میں ٹائم لائن، منظور شدہ مراکز اور عملی اقدامات شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں براہِ راست سوال و جواب کا موقع فراہم کیا جائے گا اور مکمل شفافیت کے ساتھ عوام کو آگاہ کیا جائے گا، اور انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس اہم قومی تقریب پر توجہ دیں۔ اکتوبر میں الحصریہ نے کہا تھا کہ شام کی نئی کرنسی چھ مختلف مالیتوں میں جاری کی جائے گی اور اس پر کوئی تصاویر یا علامتیں نہیں ہوں گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش مسلمانوں، ہندوؤں، بدھسٹوں اور عیسائیوں کا ہے: طارق رحمان

شامی عوام اب بھی پرانی کاغذی کرنسی استعمال کر رہے ہیں، جس پر سابق حکومت سے وابستہ تصاویر موجود ہیں جن میں ۲؍ ہزار پاؤنڈ کے نوٹ پر معزول صدر بشار الاسد اور ایک ہزار پاؤنڈ کے نوٹ پر ان کے والد حافظ الاسد کی تصویر شامل ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ سیریائی پاؤنڈ کی قدر میں شدید کمی واقع ہوئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ اخراجات پورے کرنے کیلئے نقد رقم کے بڑے گٹھے ساتھ لے کر چلنا پڑتے ہیں۔ ۸؍ دسمبر۲۰۲۴ء کو اسد کی برطرفی کے بعد، شام کی نئی انتظامیہ نے ملک میں حالات بہتر بنانے کیلئے معاشی اور سیاسی اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔ اسد، جو تقریباً۲۵؍ برس تک شام کے حکمران رہے، روس فرار ہو گئے، جس کے ساتھ ہی بعث پارٹی کی حکومت کا خاتمہ ہوا جو۱۹۶۳ء سے اقتدار میں تھی۔ جنوری میں صدر احمد الشرع کی قیادت میں ایک نئی عبوری حکومت قائم کی گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK