Inquilab Logo Happiest Places to Work

تلوجہ: بے قابو کار کی ٹکر سے ایک شخص کی موت، ۵؍افراد زخمی، ڈرائیورفرار

Updated: July 08, 2026, 10:10 AM IST | Waseem Patel | Navi Mumbai

ملزم ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کے دوران کئی گاڑیوں کو بھی ٹکرماردی۔ زخمی خاتون کی حالت نازک۔ متوفی ندیم خان کے اہل خانہ صدمہ سے نڈھال۔

The Damaged Car That Caused The Tragic Accident(Inset) Deceased Nadeem Khan. Photo: INN
تباہ شدہ کار جس سے اندوہناک حادثہ ہوا۔ (انسیٹ) متوفی ندیم خان- تصویر:آئی این این
  نوی ممبئی کے اس علاقے کے فیز- وَن میں منگل کی دوپہر ایک دلخراش سڑک حادثہ ہوا جس میں ایک تیز رفتار بے قابو کار کی ٹکر لگنے سے ایک شخص کی موت جبکہ دیگر تقریباً ۵؍ لوگ شدید زخمی ہوگئے۔   اس حادثہ میں متعدد گاڑیوں کو   نقصان  بھی پہنچا ہے۔
 
 
اطلاع کے مطابق یہ حادثہ تلوجہ کے علاقے  فیز- ون کے سیکٹر ۱۰؍ میںاس طرح پیش آیا کہ فیز ۲؍ سے ایک الیکٹرک کار انتہائی تیز رفتار سے فیز ون کے سیکٹر ۱۰؍ پر پہنچی۔ تیز رفتار ہونے کی وجہ سے کاربے قابو ہوگئی اور اس  نے سب سے پہلے   پیدل جارہی ایک خاتون سمیت ۲؍ افراد کو ٹکر مار دی۔ اس حادثہ کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ دیکھنے سے پتہ چلا  ہے کہ خاتون کار کی مخالف سمت سے پیدل آرہی تھی اور جب کار انتہائی تیز رفتار سے اس کے بہت قریب پہنچ گئی تب اسے لگا کہ اسے ٹکر لگ سکتی ہے اور اس نے کنارے ہٹنے کی کوشش کی لیکن تب تک کار نے اسے ٹکر ماردی ۔ اسی جگہ ایک  اور شخص بھی پیدل چل رہا تھا جسے پیچھے سے ٹکر لگی اور وہ دونوں شدید ٹکر کی وجہ سے اُچھل کر دور جاگرے۔ اس حادثہ میںزخمی ہونے والی راہ گیر خاتون کی حالت تشویشناک ہے۔
ایسا اندازہ لگایا جارہا ہے کہ انہیں ٹکر مارنے کے بعد کار کا ڈرائیور گھبرا گیا اور کار لے کر وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا لیکن بوکھلاہٹ میں ایک رکشا، ٹیمپو، اسکوٹر اور دیگر کئی گاڑیوں کو ٹکر ماردی۔ اس وقت جائے حادثہ سے تھوڑی دوری پر واقع دیو اشیش بلڈنگ میں رہنے والے ۳۵؍ سالہ ندیم خان ’جم‘سے واپس آ رہے تھے اور گھر جانے کیلئے اپنے اسکوٹر کے پاس پہنچے تھے تبھی کار نے انہیں بھی ٹکر ماردی جس کی وجہ سے جائے حادثہ پر ہی ان کی موت ہوگئی۔  منگل ہی کی شب    سیکٹر ۵،  فیز وَن قبرستان میں ان کی تدفین ہوئی۔ ندیم کے پسماندگان میں   والدین، بیوہ اور دو بیٹے ہیں ۔ اس حادثہ کی وجہ سے اہل خانہ کا رو رو کر بُرا حال ہے۔
 
 
اس کار نے وڑا پائو کی ایک ہاتھ گاڑی کو بھی ٹکر ماری تھی جس کی وجہ سے گاڑی پر رکھا کھولتا  تیل وہاں کھڑے ایک واچ مین پر گر گیا جس سے وہ شدید جھلس گیا۔ وڑا پائو فروخت کرنے والا شخص اس حادثہ میں محفوظ رہا۔ اگرچہ اس کی بیوی بھی اس کام میں اس کا ہاتھ بٹاتی ہے لیکن خوش قسمتی سے حادثہ کے وقت وہ اس جگہ پر موجود نہیں تھی۔
جب کار لے کر فرار ہونے کی کوشش میں  دیگر گاڑیوں کو بھی ٹکرلگ گئی تو ملزم ڈرائیور  گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
مقامی افراد نے زخمیوں کو فوری طور پر کلمبولی میں واقع ایم جی ایم اسپتال پہنچایا جہاں ان کا علاج جاری ہےاور ان میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ربالے ایم آئی ڈی سی پولیس نے اس سلسلے میں لاپروائی سے گاڑی چلاتے ہوئے کسی کی موت کا سبب بننے کا کیس درج کرلیا ہے اور ملزم ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔ حادثہ کا سبب بننے والی کار پر وکیل کے نشان کا اسٹیکر چسپاں تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK