تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میںواقع آرمور کے ایک اسکول میں ہندو طلبہ کو اردو پڑھانے کے الزام میں ٹیچر کے خلاف پولیس نے فرقہ وارانہ منافرت کو فروغ دینے کی ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
EPAPER
Updated: June 29, 2026, 11:49 AM IST | Hyderabad
تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میںواقع آرمور کے ایک اسکول میں ہندو طلبہ کو اردو پڑھانے کے الزام میں ٹیچر کے خلاف پولیس نے فرقہ وارانہ منافرت کو فروغ دینے کی ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میںواقع آرمور کے ایک اسکول میں ہندو طلبہ کو اردو پڑھانے کے الزام میں ٹیچر کے خلاف پولیس نے فرقہ وارانہ منافرت کو فروغ دینے کی ایف آئی آر درج کرلی ہے۔اس سے قبل بی جےپی کارکنوں نے اسکول پر دھاوا بولا اور پولیس کی موجودگی میں عامر خان پر حملہ کیا جو اسکول کے پرنسپل بھی ہیں۔ پولیس نے بی جےپی کے مذکورہ کارکنوں کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کر لی ہے۔اطلاعات کے مطابق اردو پڑھانے پر ٹیچر پر حملہ اور اس کے خلاف ایف آئی آر پر بطور احتجاج پیر کو نظام آباد بند کا نعرہ دیا گیا ہے۔ یہ معاملہ آرمور منڈل کے پرکٹ گاؤں میں واقع بھرت چندرا ہائی اسکول، جو بھویشیہ درشنی اسکول کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’پربھنی میں کبھی کوئی غدار کامیاب نہیں ہوا اور نہ آئندہ ہوسکے گا‘‘
الزام ہے کہ پرائمری طلبہ کو بغیر اجازت اردو پڑھانے کے تنازع کے بعد سنیچر کو اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب بی جےپی کارکنوں نے اسکول پر دھاوا بول دیا۔ پہلی ایف آئی آر میں بی جے پی آرمور ٹاؤن کے صدر منڈولا بالو اور ان کے ساتھیوں کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ دوسری ایف آئی آر اسکول کے پرنسپل عامر خان اور ٹیچر ہما ہانیہ کے خلاف درج کی گئی ہے۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ابھی کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے کیونکہ ایجوکیشن آفیسر کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق، نظام آباد کے ایڈیشنل کلکٹر اور آرمور کے سب کلکٹر کی ہدایت پر ایک انکوائری کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نوآبادیاتی دور کے جیل نظام کا خاتمہ، ریاستی حکومت نے تمام ۱۱۶؍ ذیلی جیلوں کو بند کیا
ایجوکیشن آفیسر اور مقامی پولیس پر مشتمل ٹیم نے طلبہ، تدریسی و غیر تدریسی عملے، پرنسپل، اسکول انتظامیہ اور والدین سے پوچھ گچھ کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ہما ہانیہ، جنہیں حال ہی میں جماعت اول تا پنجم کیلئے ہندی ٹیچر مقرر کیا گیا تھا، حکام کی اجازت کے بغیر ہندی کے مقررہ نصاب کے بجائے پرائمری طلبہ کو اردو پڑھا رہی تھیں۔پولیس کے مطابق کئی طلبہ نے بھی تصدیق کی کہ ہندی کی کلاسوں کے دوران اردو پڑھائی جاتی تھی۔ افسر نے بتایا کہ پرنسپل اور اسکول انتظامیہ نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ والدین کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد متعلقہ ٹیچر کو اردو پڑھانا بند کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔