Inquilab Logo

مالیگائوں میونسپل کارپوریشن میں ٹینڈرگھوٹالا، جعلی دستاویز کی بنا پر ٹھیکہ حاصل کیا گیا

Updated: December 06, 2023, 11:54 AM IST | Inquilab News Network | Malegaon

سابق رکن اسمبلی کی شکایت پر جانچ کی گئی تو معلوم ہوا کہ جس کمپنی کو زمین دوز گٹر پروجیکٹ کا ٹھیکہ دیا گیا ہے اس نے پہلے کبھی یہ کام کیا ہی نہیں ہے۔

Malegaon Municipal Corporation. Photo: INN
مالیگائوں میونسپل کارپوریشن۔ تصویر : آئی این این

گزشتہ دنوں سابق رکن اسمبلی اور مالیگائوں این سی پی کے صدر آصف شیخ نے شکایت درج کروائی تھی کہ مالیگائوں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے زمین دوز گٹر پروجیکٹ کیلئے دیئے گئے ٹینڈر میں گھوٹالا ہواہے۔ انہوں نے اس معاملے میں متعلقہ محکموں کو خط لکھنے کے ساتھ ہی پولیس میں بھی شکایت درج کروائی تھی۔ تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ آصف شیخ کے الزامات کافی حد تک درست تھے۔ کیونکہ جس کمپنی کو یہ ٹینڈر دیا گیا ہے اس نے اس کام کے سابقہ تجربے کے ثبوت کے طور پر جو دستاویز جمع کروائے ہیں وہ جعلی ہیں۔
 اطلاع کے مطابق مالیگائوں میونسپل کارپوریشن نے مرکزی حکومت کی امرت۔۲؍ مہم کے تحت گٹر بنانے کیلئے ناگپور کی انڈو انجینئرنگ پروجیکٹ کار پوریشن لیمیٹیڈ نامی کمپنی کو ٹینڈر دیا تھا۔ ۴۹۹؍ کروڑ کا یہ پراجیکٹ کیلئے ۶۱۰؍ کروڑ ررپے میں دیا گیا تھا یعنی ٹینڈر کی رقم میں ۲۲؍ فیصد کا اضافہ کیا گیا تھا۔ کمپنی نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ۲۰۱۹ء میں امپھال میونسپل کارپوریشن (منی پور) کیلئے اس طرح کا کام کیا ہے۔ سابق رکن اسمبلی آصف شیخ شروع سے کارپوریشن کی جانب سے جاری کئے گئے ٹینڈر پر اعتراض ظاہر کیا تھا اور بدعنوانی کا الزام لگایا تھا۔ ۱۳؍ نومبر کو آصف شیخ نے مالیگائوں کے قلعہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی کہ ناگپور کی انڈو انجینئرنگ کمپنی نے ٹینڈر کیلئے جو دستاویز جمع کئے ہیں وہ جعلی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اس معاملے میں میونسپل کارپوریشن کو بھی نوٹس بھیجا تھا۔ مالیگائوں میونسپل کارپوریشن نے معاملے کی جانچ کیلئے امپھال میونسپل کارپوریشن کیساتھ اس معاملے میں خط وکتابت کی ۔ ساتھ ہی آصف شیخ نے منی پور جا کر امپھال میونسپل کاپوریشن سے اس معاملے میں جلد از جلد جواب بھجوانے کی گزارش کی۔ اطلاع کے مطابق ۲۹؍ نومبر کو امپھال میونسپل کارپوریشن نے مالیگائوں میونسپل کارپوریشن کو خط لکھ کر مطلع کیا کہ انڈو انجینئرنگ کمپنی نے ان کے یہاں اس طرح کا کوئی کام نہیں کیا ہے۔ ایک رو ز قبل آصف شیخ نے اس خط کی اطلاع میڈیا کو دی اور اس پورے معاملے کی اربن ڈیولپمنٹ کے سیکریٹری سے جانچ کروانےکا مطالبہ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK