Updated: May 22, 2026, 4:11 PM IST
| Austin
راہگیروں کے ذریعے ریکارڈ کردہ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سائبر ٹرک ایک پتھریلے ساحل سے نیچے اترتا ہوا پانی میں داخل ہوتا ہے اور پھر وہیں پھنس جاتا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ڈرائیور نے گاڑی کے آف روڈ ڈرائیونگ فیچر ویڈ موڈ کو ٹیسٹ کرنے کیلئے جان بوجھ کر سائبر ٹرک کو جھیل میں اتارا تھا۔
امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک شخص کو اپنے ٹیسلا سائبر ٹرک (Tesla Cybertruck) کے ”ویڈ موڈ“ (Wade Mode) کو ٹیسٹ کرنے کیلئے اسے جھیل میں اتارنے پر پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ مذکورہ شخص نے جان بوجھ کر یہ حرکت کی اور شمالی ٹیکساس کی ’گریپ وائن جھیل‘ (Grapevine Lake) میں سائبر ٹرک کو اتار دیا جس کے بعد الیکٹرک ٹرک پانی میں پھنس کر رہ گیا۔
گریپ وائن پولیس ڈپارٹمنٹ کے مطابق، یہ واقعہ رات تقریباً ۸ بجے پیش آیا جب ہنگامی امدادی ٹیموں کو جھیل میں ایک گاڑی کے ڈوبنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ پولیس نے ڈرائیور کی شناخت جیمی جیک میک ڈینیئل (Jimmy Jack McDaniel) کے طور پر کی ہے۔ حکام نے بتایا کہ میک ڈینیئل نے گاڑی کے آف روڈ ڈرائیونگ فیچرز میں سے ایک کو ٹیسٹ کرنے کیلئے جان بوجھ کر سائبر ٹرک کو جھیل میں اتارا تھا۔
راہگیروں کے ذریعے ریکارڈ کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سائبر ٹرک ایک پتھریلے ساحل سے نیچے اترتا ہوا پانی میں داخل ہوتا ہے اور پھر وہیں پھنس جاتا ہے۔ ایک ویڈیو کلپ میں، ایک شخص کو مذاقیہ تبصرہ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، ”ہیلو سر، آپ وہاں پارک نہیں کرسکتے۔“
پولیس نے بتایا کہ گاڑی جھیل میں کچھ ہی فاصلے پر گئی تھی کہ پانی کے اندر ایک چٹان سے ٹکرا گئی اور ناکارہ ہوگئی۔ اس کے بعد گاڑی کے اندر پانی بھرنا شروع ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق، میک ڈینیئل کو کار کی کھڑکی سے باہر نکلنا پڑا اور وہ جھیل کے پانی سے گزرتے ہوئے قریبی گھاٹ کی طرف آئے۔ اس کے بعد، گریپ وائن فائر ڈپارٹمنٹ کی واٹر ریسکیو ٹیم پولیس افسران کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچی۔ بعد میں پانی سے بھرے سائبر ٹرک کو جھیل سے باہر نکالنے کیلئے ایک ہیوی ڈیوٹی کرین کا استعمال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: نارویجین صحافی ہیلے لینگ کا دعویٰ؛ مودی سے سوالات کرنےکے بعد فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس معطل ہوگئے
حکام نے میک ڈینیئل پر پارک یا جھیل کے بند حصے میں گاڑی چلانے، درست بوٹ رجسٹریشن کے بغیر کشتی رانی کرنے اور پانی کی حفاظت کے آلات کی متعدد خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کئے ہیں۔ پولیس نے زور دیا کہ بوٹ ریمپ (کشتیوں کے اتارنے کے راستے) صرف مجاز بحری جہازوں اور کشتیوں کیلئے ہوتے ہیں۔ محکمہ نے ڈرائیوروں کو اس طرح کے کرتب دکھانے سے باز رہنے کی وارننگ دی ہے۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ نے مزید کہا کہ ”ہم ڈرائیوروں کو یاددہانی کرانا چاہتے ہیں کہ اگرچہ کوئی گاڑی جسمانی طور پر میٹھے پانی کے کم گہرے علاقوں میں داخل ہونے کی صلاحیت رکھتی ہو، لیکن ایسا کرنا ٹیکساس کے قانون کے تحت قانونی اور حفاظتی مسائل پیدا کرسکتا ہے۔“
ٹیسلا کے اونرز مینوئل (مالک کی معلوماتی کتابچہ) کے مطابق، سائبر ٹرک کا ”ویڈ موڈ“ میٹھے پانی کے کم گہرے راستوں، جیسے ندیوں یا نہروں کو پار کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اسے استعمال سے پہلے دستی طور پر فعال کرنا ضروری ہے۔ مینوئل میں بتایا گیا ہے کہ پانی کی زیادہ سے زیادہ تجویز کردہ گہرائی ۳۲ انچ ہے۔ میک ڈینیئل نے بعد میں میڈیا ہاؤسیز کو بتایا کہ وہ اس سے پہلے بھی سائبر ٹرک کو بحر اوقیانوس اور گہرے پانی میں چلا چکے ہیں اور انہیں کبھی کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھئے: تھائی لینڈ:غیر ملکی جرائم کے خلاف کارروائی،۹۰؍ ممالک کے ویزا فری قیام میں کمی
واضح رہے کہ سائبر ٹرک میں چار آف روڈ ڈرائیونگ فیچرز شامل ہوتے ہیں، جن میں `ویڈ موڈ` خاص طور پر کم گہرے پانی کو پار کرنے کے دوران گاڑی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے بنایا گیا ہے۔