Inquilab Logo Happiest Places to Work

اتوار کو کئی بی ایل او کی غیر حاضری سے عوام میں مایوسی

Updated: July 13, 2026, 9:20 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

چھٹی کی وجہ سے گھر پر موجود افراد کو امید تھی کہ ان کا ایس آئی آر کا کام مکمل ہوجائے گا جو عام دنوں میں روزگار کیلئے چلے جانے کی وجہ سے نہیں ہوپاتا۔

Blos In Malvani Are Seen Busy With Work.Photo:INN
مالونی میں بی ایل اوکام میں مصروف نظر آرہےہیں۔تصویر:آئی این این
 اتوار کو چھٹی کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ گھروں پر موجود تھے اور اپنا ایس آئی آر کا کام مکمل کروانا چاہتے تھے لیکن اکثر علاقوں میں کئی بی ایل او نے اس روز چھٹی کرلی جس کی وجہ سے عوام کو مایوسی ہوئی۔ چونکہ عام دنوں میں بی ایل او اپنی معمول کی ڈیوٹی انجام دینے کے بعد دوپہر تک ایس آئی آر کا کام شروع کرتے ہیں اور اس وقت تک گھر کے مرد روزگار کیلئے جاچکے ہوتے ہیں، اس لئے انہیں اتوار کے دن ایس آئی آر کا کام ہوجانے کی امید تھی۔
 
 
یہ حال شہر و مضافات کے مختلف علاقوں میں دیکھنے کو ملا جہاں عوام کے مطالبہ کو دیکھتے ہوئے مقامی سماجی رضاکاروں اور میونسپل کارپوریٹروں نے متعلقہ بی ایل او سے رابطہ قائم کرکے اتوار کو کام کرنے کی درخواست کی جس کے نتیجہ میں کچھ بی ایل او متعلقہ علاقوں میں پہنچ گئے تو کئی افراد نے طبیعت ناساز ہونے یا دیگر کوئی عذر پیش کرکے آنے سے انکار کردیا۔
اگرچہ عام دنوں میں گھر کی خواتین یا دیگر افراد ایس آئی آر کے فارم حاصل کرلیتے ہیں اور مردوں کے پاس بعد میں ان فارم کو پُر کرنے کا موقع ہوتا ہے لیکن میپنگ میں رائے دہندگان کے نام، پتوں، رشتوں، تاریخ پیدائش جیسی چیزوں میں بہت بڑے پیمانے پر غلطیاں پائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے لوگ چاہتے ہیں کہ بذات خود بی ایل او سے ملاقات کرکے اس تعلق سے دریافت کرلیں مگر بہت سے افراد کیلئے یہ ممکن نہ ہوسکا۔واضح رہےکہ ووٹروں کے سرکاری ریکارڈ میں کئی فاش غلطیاں پائی جارہی ہیں مثلاً مسلما ن ووٹر کے والد کا نام ہندو درج ہے تو کہیں غیر شادی شدہ لڑکی کو شادی شدہ لکھ کر اس کے دادا کا نام شوہر کے کالم میں درج کردیا گیا ہے۔ ناموںکے املے میں بے تحاشہ غلطیاں پائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ بہت سے افراد رہنمائی سے محروم ہیں اور انہیں یہی کہا جارہا ہے کہ فی الحال غلطی کے ساتھ فارم جمع کردیجئے بعد میں تصحیح کراتے رہنا۔
اگرچہ کئی مقامات پر سماجی رضاکار اور مقامی کارپوریٹروں نے فارم بھرنے کیلئے بہتر انتظامات اور رہنمائی کا انتظام کیا ہے لیکن سب کو یہ سہولت دستیاب نہیں ہے۔
چیتا کیمپ میں وارڈ نمبر ۱۴۳؍ کی کارپوریٹر شبانہ محمد فارق قاضی کے مطابق اتوار کو کئی بی ایل او سے رابطہ قائم کرکےدرخواست کرکے آزاد نگر اسکول سیکٹر ۲؍ اے، خانقہ، ایف سیکٹر پر واقع مراکز پر  انہیں بلایا گیا جس سے کئی لوگ اپنا فارم پُر کرسکے۔ انہوں نے اپنے دفتر پر ہی مقامی افراد کیلئے رہنمائی کا انتظام کررکھا ہے۔اسی طرح مدنپورہ کے کارپوریٹر وقار خان نے بھی عوام کی رہنمائی اور ایس آئی آر فارم پُر کرانے کے بہتر انتظامات کئے ہیں۔
 
 
چیتا کیمپ کے سماجی رضاکار رفیق شیخ نے بتایا کہ چیتا کیمپ سی سیکٹر کمیونٹی ہال میں ۸؍ میں سے صرف ۲؍ ہی بی ایل او پہنچے، اسی طرح آئیڈیل اسکول اینڈ جونیئر کالج میں بھی بی ایل او کم تعداد میں موجود تھے۔مدنپورہ، بھنڈی بازار، محمد علی روڈ، کرافورڈ مارکیٹ، کماٹی پورہ، فارس روڈ، پلے ہائوس، بائیکلہ اورمجگائوں جیسے علاقوں میں بھی تقریباً ایسا ہی حال تھا کہ بی ایل او سے رابطہ کرکے انہیں بلایا گیا تو چند پہنچ گئے اور کئی نہیں پہنچے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK