Inquilab Logo

مالیگاؤں کے یہ میاں بیوی، دونوں حافظ ہیں،انہوں نےخواتین میں فروغِ حفظ ِقرآن کیلئےمدرسہ قائم کیا ہے

Updated: April 01, 2024, 9:50 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

حافظ ہلال احمد ابن مولوی نہال احمد ملّی گزشتہ ۲۳؍سال سے نمازِ تراویح میں کلام پاک کی تلاوت کررہے ہیں۔ اس سال مالیگائوں کے عمرآباد میں واقع مسجد عمر فاروق میں چند رکعتیں امامت کے بعد پوری تراویح میں بطورِ سامع شامل رہتے ہیں۔

Hafiz Hilal Ahmad reciting while his wife Hafiza Ayesha Parveen and children can also be seen in close proximity. Photo: INN
حافظ ہلال احمد تلاوت کرتے ہوئے جبکہ قریب ہی اُن کی اہلیہ حافظہ عائشہ پروین اور بچوں کو بھی ہمہ تن گوش دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

حافظ ہلال احمد ابن مولوی نہال احمد ملّی گزشتہ ۲۳؍سال سے نمازِ تراویح میں کلام پاک کی تلاوت کررہے ہیں۔ اس سال مالیگائوں کے عمرآباد میں واقع مسجد عمر فاروق میں چند رکعتیں امامت کے بعد پوری تراویح میں بطورِ سامع شامل رہتے ہیں۔ اُن کی اہلیہ حافظہ عائشہ پروین بنت نور الہدیٰ نے۲۰۰۸ء میں حفظ پورا کیا۔ اس کے بعد ۱۰؍ سال تک مستورات کو نماز تراویح میں کلام پاک سناتی رہیں۔ امسال انفرادی تلاوت کر رہی ہیں۔ ان کے بڑے بیٹے حافظ محمد حسان نے ۴؍سال میں حفظ پورا کیا۔ فی الحال نیو ایرا انگلش اسکول، دسویں جماعت میں زیرتعلیم ہے اور چھوٹا بیٹا احمد حمدان ۵؍ویں میں متعلم اور ۷؍ پارے حفظ کرچکا ہے۔ اس طرح یہ پورا گھرانہ کلام پاک کی برکتیں سمیٹ رہا ہے۔ میاں بیوی ایک نشست میں کلام پاک زبانی سنانے کا شرف بھی رکھتے ہیں۔ 
 حافظ ہلال احمد نے ابتدا میں ۵؍ سال قاضی مسجد پربھنی، ۵؍سال جامع مسجد دھامن گائوں بلڈانہ، ۵؍سال مسجد بلال جنتور، ۲؍سال پونے اور ۲؍سال احمد نگر میں تراویح سُنائی۔ اس کے بعد مالیگائوں میں نماز تراویح کی امامت کا سلسلہ دراز ہے۔ عصری تعلیم کے اعتبار سے بی اے(عربی)، بی ایڈ ہیں مگر اس کے ساتھ ندوۃ العلماء لکھنؤ سے عالمیت (تخصص فی الادب ) اور دیوبند سے تعلیم پائی۔ اُن کے والد مولانا نہال احمد ملّی (مرحوم ) مالیگائوں کے مدرسہ معہد ملّت میں معلم تھے۔ انہوں نے ۴۳؍سال تک وہاں تدریسی فرائض انجام دیئے۔ حافظ ہلال احمد کی دینی تعلیم کی ابتدا معہد ملّت سے ہوئی تھی۔ ۱۹۹۶ء میں حفظ پورا کرنے کے بعدندوۃ اور دیوبند کا رُخ کیا۔ اُن کا کہنا ہے کہ کلام پاک کی برکت سے معاشی آسودگی حاصل ہوئی، ۲۰۱۱ءمیں اپنے مکان (واقع اسلام آباد) میں ہی مدرسہ اُم حبیبہؓ جاری کیا جہاں فی الوقت ۳۰؍ طالبات اورخواتین کلام مجید حفظ کیلئے آتی ہیں۔ ان میں دسویں، بارہویں جماعتوں کی زیرتعلیم طالبات زیادہ ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:اعتکاف کرنے والوں میں نوجوانوں کا بڑا طبقہ شامل

حافظہ عائشہ پروین نے کہا کہ ۲۰۰۷ء میں میری شادی ہوئی۔ سسرال والوں نے حفظ مکمل کرنے کی ترغیب دی۔ جامعتہ الصالحات سے ۲۰۰۸ء میں حفظ پورا کیا۔ بی اے ڈی ایڈ تک عصری تعلیم پوری کی۔ گزشتہ ۱۷؍برسوں سے مالیگائوں میونسپل کارپوریشن کی اُردواسکول میں تدریسی فرائض اداکررہی ہوں۔ اس دوران ۱۰؍ سال تک پابندی سے مستورات اور لڑکیوں کی نماز تراویح بھی پڑھائی۔ انہوں نے کہا کہ عام طور سے حفظ کیلئے لڑکیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی مگر ہمارے مشاہدے میں یہ بات تھی کہ لڑکیاں کم سنی میں بہت جلد حفظ مکمل کرلیتی ہیں۔ اس کی برکت سے اُن کا مستقبل روشن ہوجاتا ہے، مزاج میں صالحیت اور پاکی بڑھ جاتی ہے، رشتے طے ہونے میں بھی آسانیاں ہوتی ہیں۔ 
 حافظہ عائشہ کی چھوٹی بہن مشیرہ بنت نورالہدیٰ بھی حافظہ ہیں۔ اُنہوں نے مدرسہ ریاض القانتات سے حفظ مکمل کیا اور قلعہ (غالب نگر) میں تراویح پڑھاتی ہیں۔ 
 واضح رہے کہ حفظ کے سلسلے میں حافظ ہلال احمد اور حافظہ عائشہ پروین کی خدمات کسی ہدیہ کے بغیر، فی سبیل اللہ ہیں۔ ہلال احمد کسب معاش کیلئے حکمت وطب کے شعبے میں مہارت رکھتے ہیں۔ فارغ اوقات میں مدرسہ اُم حبیبہؓ کیلئے انتظامی امور کی نگرانی کرتے ہیں۔ حافظہ عائشہ عصری درسگاہ میں پڑھانے کے بعد مدرسہ اُم حبیبہؓ میں بھی پورا وقت دیتی ہیں۔ 
  ان دونوں نے بتایا کہ کلام پاک حفظ کی سعادت ملنے کے ساتھ ہم نے یہ عزم کیاتھا کہ معاشرے میں خاص طور سے خواتین ولڑکیوں میں حفظ قرآن کے رجحان کو فروغ دیں گے۔ اس کیلئے زبانی نہیں عملی طور سے کام کریں گے۔ ہمارا مکان بہت کشادہ نہیں لیکن جب سے خواتین اور لڑکیوں کی حفظ جماعت شروع کی تب سے گھر میں وسعت بھی ہوگئی ہے۔ ہمارے نزدیک ’ہرفردہے ملّت کے مقدر کا ستارہ ‘ زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ ملّت میں افرادسازی پر عملی پیش قدمی سے ہمیں جوروحانی مسرتیں اور خوشیاں ملی ہیں اُس کا بیان الفاظ میں ممکن نہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK