Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنگ بندی پر خطرات کے بادل، آج اسلام آباد میں مذاکرات

Updated: April 10, 2026, 9:29 AM IST | Tehran

اگر اسرائیل کے حملے جاری رہے تو جنگ بندی کا کوئی مطلب نہیں رہ جائیگا، آبنائے ہرمز پر کسی بھی طرح پیچھے نہیں ہٹیں گے: ایران کا دوٹوک موقف۔

Iranian Foreign Minister Abbas Araghchi. Photo: INN
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی۔ تصویر: آئی این این

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جنگ بندی اور اسرائیل کے ذریعے جاری حملوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے کیونکہ دونوں پالیسیوں کو بیک وقت جاری رکھنا ممکن نہیں۔ انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’’ایران امریکہ جنگ بندی کی شرائط واضح ہیں، امریکہ کو اسرائیل کے ذریعے جنگ بندی یا جنگ جاری رکھنے کا انتخاب کرنا ہو گا۔ اس میں دونوں نہیں ہو سکتے۔‘‘ عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ’’دنیا لبنان میں قتل عام دیکھ رہی ہے۔ گیند امریکی کورٹ میں ہے اور دنیا دیکھ رہی ہے کہ آیا وہ اپنے وعدوں پر عمل کرے گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: یورپ میں کٹ کیٹ چوری کے بعد کنیڈا میں سیکوریٹی قافلہ، ویڈیو وائرل

ان کے اس بیان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔اس سے قبل ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ اگر اسرائیل لبنان پر اپنے حملے جاری رکھتا ہے تو تہران امریکہ کے ساتھ طے پانے والی جنگ بندی سے دستبردار ہو سکتا ہے۔یاد رہے کہ جنگ بندی کو حتمی بنانے کے لئے آج اسلام آباد میں پاکستان کی ثالثی میں مذاکرات ہونے جارہے ہیں۔ امریکی کے ڈھلمل رویہ اور اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے اس پر خطرات کے بادل منڈلانے لگےہیں۔ ایران نے واضح کردیا ہے کہ وہ اسرائیل کے حملوں کو قطعی برداشت نہیں کرے گا ۔ اگر اسرائیل لبنان پر حملے جاری رکھتا ہے تو ایران بھی جنگ بندی ختم کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: جرمنی: عوامی قرض بڑھ کر ۶۶ء۲؍ ٹریلین یورو، دفاعی اخراجات بڑی وجہ

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کو ایران کے ساتھ دو ہفتوں کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا اور کہا کہ تہران کی جانب سے مذاکرات کے لئے ۱۰؍ نکاتی تجویز پیش کی گئی ہے جسے قبول کرلیا گیا ہے۔ اس کے باوجود اسرائیل ہٹ دھرمی پر آمادہ ہے اور اب وہ اپنے آقا امریکہ کی بھی نہیں سن رہا ہے۔موجودہ صورتحال میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہےجبکہ لبنان میں جاری کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کے لئے ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہیں۔ امکان ہے کہ عباس عراقچی جنگ بندی پر گفتگو کے لئے اسلام آباد جائیں گے ۔ امریکہ کی طرف سے اس گفتگو کے لئے کون شامل ہوتا ہے یہ دیکھنے والی بات ہو گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK