• Fri, 26 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نائکی میں ٹم کک کی بڑی سرمایہ کاری، اسٹاک میں تیزی، سی ای او پر اعتماد کا اظہار

Updated: December 25, 2025, 10:03 PM IST | California

نائکی کے بورڈ ممبر ٹم کک کی جانب سے تقریباً ۳۰؍ لاکھ ڈالر کے شیئرز کی خریداری نے کمپنی کے اسٹاک کو سہارا دیا اور سی ای او ایلیٹ ہل پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اگرچہ نائکی کو چین میں فروخت میں کمی اور ٹیرف جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، مگر انتظامیہ کی نئی حکمت عملی اور اندرونی سرمایہ کاری نے مارکیٹ میں مثبت اشارہ دیا ہے۔

Tim Cook, director of global sportswear company Nike. Photo: INN
اسپورٹس ویئر کی عالمی کمپنی نائکی کے ڈائریکٹر ٹم کک۔ تصویر: آئی این این

اسپورٹس ویئر کی عالمی کمپنی نائکی کو کرسمس سے قبل ایک مثبت اشارہ اس وقت ملا جب اس کے بورڈ کے سینئر رکن اور لیڈ انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹر ٹم کک نے کمپنی کے شیئرز میں بھاری سرمایہ کاری کی۔ ایک سرکاری فائلنگ کے مطابق، کک نے نائکی کے تقریباً ۳۰؍ لاکھ ڈالر کے شیئرز خریدے۔ اس خریداری کے تحت کک نے ۵۰؍ ہزار حصص حاصل کیے، جس کے بعد نائکی میں ان کی مجموعی ہولڈنگ تقریباً دوگنی ہو کر ایک لاکھ ۵۰؍ ہزار حصص تک پہنچ گئی، جن کی مالیت لگ بھگ ۶۰؍  لاکھ ڈالر بنتی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد بدھ کو کاروبار کے اختتام پر نائکی کے شیئرز میں ۶۴ء۴؍ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق، یہ سرمایہ کاری نائکی کے موجودہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلیٹ ہل کیلئےایک مضبوط اعتماد کا پیغام ہے، جو اس وقت کمپنی کی بحالی اور سمت کی اصلاح کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ گگن ہیم کے ایکویٹی ریسرچ کے تجزیہ کار سیمون سیگل نے سی این بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ ’’جب کوئی اپنی ذاتی دولت سے حصص خریدتا ہے تو وہ دراصل یہ پیغام دیتا ہے کہ وہ کمپنی پر حقیقی یقین رکھتا ہے۔ چاہے یہ سرمایہ کاری کے طور پر ہو یا ایک علامتی اشارہ، پیغام واضح ہے۔‘‘ کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ بورڈ کے ایک اور رکن اور آڈٹ کمیٹی کے چیئرمین رابرٹ سوان نے بھی اسی ہفتے تقریباً ۵؍ لاکھ ڈالر کے نائکی شیئرز خریدے۔

یہ بھی پڑھئے: ہم ہندوستان کے سب سے بڑے مفرور ہیں: للت مودی کی پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین برہم

ایلیٹ ہل کے تحت نائکی کی بحالی کا چیلنج
ایلیٹ ہل نے گزشتہ سال اکتوبر میں نائکی کے سی ای او کے طور پر دوبارہ ذمہ داری سنبھالی۔ انہیں ایک ایسی کمپنی ملی جو چھوٹے مگر تیز رفتار حریفوں کے دباؤ میں تھی اور جس کی براہِ راست صارفین تک فروخت (Direct-to-Consumer) کی حکمت عملی توقعات پر پوری نہیں اتری تھی۔ خود ہل کے مطابق، نائکی اس دوران ’’ضرورت سے زیادہ پروموشنل‘‘ بھی ہو چکی تھی۔ ہل کی Win Now حکمتِ عملی پانچ بنیادی ستونوں پر مبنی ہے: ثقافت، مصنوعات، مارکیٹنگ، مارکیٹ پلیس، اور ذاتی رابطہ۔اس منصوبے کے تحت کمپنی نے دوبارہ کھیلوں پر توجہ مرکوز کی ہے، جن میں دوڑ، باسکٹ بال، فٹ بال اور ٹریننگ شامل ہیں۔ اسی کے ساتھ انتظامی ٹیم میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور کئی سینئر لیڈروںکو ترقی دی گئی ہے۔
تاہم، نائکی کیلئے مشکلات ابھی ختم نہیں ہوئیں۔ حالیہ سہ ماہی نتائج کے دوران کمپنی نے چین میں فروخت میں نمایاں کمی کی اطلاع دی، جس کے بعد شیئرز دباؤ کا شکار ہوئے۔ اس کے علاوہ، ٹیرف کے باعث منافع بھی متاثر ہوا ہے، جس کی تلافی کیلئے کمپنی امریکہ میں صارفین کیلئے قیمتیں بڑھانے پر غور کر رہی ہے۔ سال بہ تاریخ نائکی کا اسٹاک تقریباً ۵ء۱۸؍ فیصد نیچے ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سویگی پر بریانی کی بادشاہت برقرار ،سال بھر میں۹؍ کروڑ آرڈرس

ٹم کک اور نائکی کا دیرینہ تعلق
ٹم کک ۲۰۰۵ء سے نائکی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن ہیں۔ ایپل اور نائکی کے درمیان کئی برسوں سے مختلف مصنوعات پر تعاون جاری ہے، جن میں فٹنس ایپس اور ایپل واچ کے نائکی ایڈیشن شامل ہیں۔ کک صرف سرمایہ کاری تک محدود نہیں رہے بلکہ عملی طور پر بھی نائکی کی حمایت کرتے نظر آئے ہیں۔ رواں سال کے آغاز میں ٹوکیو میں ایپل اسٹور کے دوبارہ افتتاح کے موقع پر انہیں خصوصی Nike Vomero Plus جوتے پہنے دیکھا گیا۔ یہ جوتے جاپانی برانڈ کوون کے دستکار شعبے ساشیکو گال نے تیار کئے تھے۔ اسی طرح ۲۰۲۴ء میں ایک ایپل ایونٹ کے دوران نئے آئی پیڈ لائن اپ کے اجرا پر بھی کک نے نائکی کے ایک منفرد ڈیزائن کے جوتے پہنے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK