Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹٹوالا:غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دینے والا افسر بے نقاب

Updated: June 03, 2026, 6:09 PM IST | Ejaz Abduilghani | Titwala

محکمہ جاتی انکوائری ، تادیبی کارروائی اورزمین مافیا کے خوف سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی تیاری۔

Illegal Schemes Were Busted In The Past Few Days.Photo:INN
گزشتہ دنوں غیر قانونی چالیاں توڑی گئی تھیں۔ تصویر:آئی این این
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) انتظامیہ کے تجاوزات مخالف اسکواڈ نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بنیلی، امبھارنی اور دھرم شیل میدان کے علاقوں میں۵۰۰ ؍سے زائد غیر قانونی چالیوں کو غیر قانونی قرار دے کر زمین بوس کردیا تھا۔( تفصیلی خبر انقلاب میں شائع ہوچکی ہے) اس اچانک کارروائی کے بعد بیشتر زمین مافیا مشتعل ہو گئے ہیں اور انہوں نے متعلقہ میونسپل افسر کو دھمکی دی ہے کہ چالیوں کے عوض لئے گئے پیسے واپس کرو،ورنہ....... زمین مافیا کی ان دھمکیوں کے بعد مذکورہ افسر کے ہوش اڑ گئے ہیں اور وہ شدید خوف زدہ ہے۔
 
 
ذرائع کے مطابق کے ڈی ایم سی کے ’اے‘وارڈ کے ایک بااثر میونسپل افسر اور اس کے قریبی ساتھی نے زمین مافیا کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کی غیر قانونی تعمیرات پر کبھی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ اس ضمانت کے عوض مذکورہ میونسپل افسر نے فی کمرہ ۲۲؍ ہزار روپے رشوت وصول کی اور ساتھ ہی ہر چال میں ایک کمرہ یا دکان اپنے نام مختص کروائی۔اس مبینہ ڈیل کے تحت افسر نے مجموعی طور پر ڈیڑھ سے ۲؍ کروڑ روپے کی ناجائز رقم جمع کی تھی۔ تاہم کے ڈی ایم سی کے اعلیٰ حکام نے جب اچانک چھاپہ مارا تو رشوت خور افسر کی تمام یقین دہانیاں دھری کی دھری رہ گئیں اور  زمین مافیا کا پورا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔
 
 
املاک مسمار ہونے کے بعد ٹٹوالا، بنیلی اور امبھارنی کے زمین مافیا کا غصہ ساتویں آسمان پر پہنچ چکا ہے۔ غیظ و غضب میں مبتلا زمین مافیا کے کارندوں نے اب روزانہ کی بنیاد پر کارپوریشن کے ’اے‘وارڈ کے دفتر کے باہر ڈیرے ڈال دئیے ہیں۔ وہ سرعام گروہ کی شکل میں افسر کا گھیراؤ کر کے اپنی رقم کی واپسی کا تقاضا کر رہے ہیں۔زمین مافیا کا مؤقف ہے کہ جب تحفظ فراہم نہیں کرسکے تو ہماری رقم فوری واپس کی جائے۔اس دباؤ کے باعث مذکورہ افسر کی حالت غیر ہو چکی ہے اور اس نے ان کے فون کالز اٹھانا بھی بند کر دئیے ہیں جس کے بعد زمین مافیا نے اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔خود کو اس دلدل سے نکالنے کے لئے اب یہ افسر کارپوریشن کی ملازمت سے قبل از وقت رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لینے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہا ہے تاکہ کسی طرح عزت بچا کر فرار ہو سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK