امریکی فٹبال ٹیم کی شکست کے بعد، بہت سے امریکی مداحوں نے اس کا ذمہ دار ٹرمپ کو ٹھہرایا۔ اس جیت کا جشن بیلجیم کے کھلاڑیوں نے مخصوص انداز میں منایا۔ کھلاڑیوں نے ٹرمپ کے مشہور ڈانس اسٹیپس کی نقل اتارتے ہوئے رقص کیا۔
EPAPER
Updated: July 07, 2026, 9:07 PM IST | Washington
امریکی فٹبال ٹیم کی شکست کے بعد، بہت سے امریکی مداحوں نے اس کا ذمہ دار ٹرمپ کو ٹھہرایا۔ اس جیت کا جشن بیلجیم کے کھلاڑیوں نے مخصوص انداز میں منایا۔ کھلاڑیوں نے ٹرمپ کے مشہور ڈانس اسٹیپس کی نقل اتارتے ہوئے رقص کیا۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فیفا ورلڈکپ ۲۰۲۶ء میں امریکی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی فولارین بالوگن (Folarin Balogun) کو ملنے والے ریڈ کارڈ کے بارے میں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کے ساتھ ہونے والی اپنی گفتگو کی تفصیل جاری کر دی ہے۔ بوسنیا ہرزیگووینا کے خلاف امریکہ کی جیت کے دوران ایک فاؤل پر بالوگن پر ایک میچ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ لیکن ٹرمپ کی کال کے بعد فیفا نے اس پابندی کو معطل کر دیا اور بالوگن نے پیر، ۶ جولائی کو بیلجیم کے خلاف راؤنڈ آف ۱۶ کے میچ میں حصہ لیا۔
ٹرمپ نے بتایا کہ ”میں نے (فیفا صدر کے ساتھ گفتگو کے دوران ان سے) صرف نظرِ ثانی (ریویو) کیلئے کہا تھا۔ میں نے یہ نہیں کہا تھا کہ آپ کو ایسا ہی کرنا پڑے گا۔“ انہوں نے کہا کہ وہ فاؤل محض ”پوری رفتار سے دوڑتے ہوئے دو لڑکے“ تھے جو ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حتمی فیصلہ ایک آزاد کمیٹی نے کیا۔
انفینٹینو نے بھی اس کال کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اکثر ورلڈ کپ کے حوالے سے عالمی لیڈران سے بات کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی اپنے فیصلے خود کرتی ہے، وہ ہمیشہ ان سے متفق نہیں ہوتے۔ بالوگن کے کھیلنے کے باوجود، امریکہ بیلجیم سے ۴-۱ سے ہار گیا۔ امریکہ اب ورلڈ کپ سے باہر ہو چکا ہے۔ورلڈکپ کے شریک میزبان کنیڈا اور میکسیکو بھی باہر ہو چکے ہیں۔ کنیڈا کو مراکش سے اور میکسیکو کو انگلینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھئے: انقرہ، نیٹو اجلاس: ٹرمپ کے متوقع ہوٹل کے سامنے فلسطینی پرچم آویزاں کیا گیا
’ٹرمپ کی نحوست‘: امریکی مداحوں نے ٹیم کی شکست کیلئے صدر کو قصوروار ٹھہرایا
امریکی فٹبال ٹیم کی شکست کے بعد، بہت سے امریکی مداحوں نے اس کا ذمہ دار ٹرمپ کو ٹھہرایا۔ انہوں نے اسے ”ٹرمپ کی نحوست“ (The Trump Curse) قرار دیا۔ میچ سے پہلے، ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر امریکہ ہار گیا تو وہ اس نتیجے کو ”دھاندلی زدہ“ کہیں گے، بالکل اسی طرح جیسے انہوں نے ۲۰۲۰ء کے انتخابات کو دھاندلی زدہ کہا تھا۔
سوشل میڈیا پر مداحوں نے کھیلوں کے ان دیگر مقابلوں کی طرف اشارہ کیا جن میں ٹرمپ نے شرکت کی تھی اور امریکی ٹیم ہار گئی تھی، جیسے سپر باؤل، این بی اے فائنلز کا میچ، رائڈر کپ۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ بالوگن کے فیصلے میں ٹرمپ کی مداخلت بیلجیم کے ساتھ ناانصافی تھی۔ تاہم، کچھ حامیوں نے ٹرمپ کا دفاع کیا اور ماضی کی ہاروں کا ذمہ دار دیگر عوامی شخصیات کو ٹھہرایا۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کا نیا سوشل میڈیا پوسٹ، جارجیا میلونی کے ساتھ کشیدگی پھر بڑھ گئی
جیت کے بعد بیلجیم کے کھلاڑیوں نے ٹرمپ کے ڈانس کا مذاق اڑایا
امریکہ کے خلاف اپنی جیت کا جشن بیلجیم کے کھلاڑیوں نے مخصوص انداز میں منایا۔ رومیلہ لوکاکو کی جانب سے بیلجیم کا چوتھا گول اسکور کرنے کے بعد، کھلاڑیوں نے ٹرمپ کے مشہور ڈانس اسٹیپس کی نقل اتارتے ہوئے رقص کیا۔ بیلجیم کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے بھی ایک تصویر پوسٹ کی جس کا کیپشن تھا، ”اسے الٹ کر دکھاؤ“ (Overturn this)۔ اس کیپشن کے ذریعے بیلجیم نے فیفا کے فیصلے کا مذاق اڑایا گیا تھا جو مبینہ طور پر ٹرمپ کی دخل اندازی کی وجہ سے لیا گیا تھا۔
بیلجیم نے بالوگن کے کھیلنے کی مخالفت کی تھی اور میچ سے پہلے ان کی اہلیت کو چیلنج کیا تھا، لیکن فیفا نے ان کی اپیل مسترد کر دی۔ میدان پر، بیلجیم نے جاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ چارلس ڈی کیٹیلیئر نے دو گول اسکور کئے، ہانس واناکن نے گول کیپر کی غلطی کے بعد ایک گول کا اضافہ کیا اور لوکاکو نے میچ کے آخری لمحات میں گول کیا۔ ملک ٹلمین نے امریکہ کی طرف سے واحد گول کیا۔ بیلجیم اب کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔