Updated: August 06, 2026, 10:03 PM IST
| Las Vegas
ٹرمپ نے امریکی ایجنسی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے ذریعے کی گئی حالیہ گرفتاریوں پر روشنی ڈالی، جن میں لاس ویگاس میں اپنے دو ساتھیوں کو چاقو مارنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ایک غیر قانونی تارکِ وطن اور لیون کاؤنٹی میں بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کا مجرم قرار دیا گیا ایک اور فرد شامل ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز اپنی انتظامیہ کی قیادت میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کریک ڈاؤن کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس نے چند ہفتوں میں غیر قانونی ہجرت کو روک دیا ہے۔ انہوں نے جرائم کا ارتکاب کرنے والے بغیر دستاویزات کے تارکینِ وطن کی ملک بدری جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
ٹرمپ نے لاس ویگاس، نیواڈا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”۳۰ دنوں میں، میں نے لاکھوں افراد کو ہمارے ملک پر حملہ کرنے سے روکا۔ ذرا سوچئے: ہمارے ملک پر حملہ کیا جا رہا تھا، ڈھائی کروڑ افراد ہماری جنوبی سرحد کے ذریعے گھس آئے۔“ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ”گزشتہ ۱۵ مہینوں میں... ایک بھی شخص کو غیر قانونی طور پر ہمارے ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ ہم ان سب کو نکال رہے ہیں۔ وہ تمام لوگ بہت تیزی سے باہر نکالے جا رہے ہیں۔“
یہ بھی پڑھئے: مشی گن سینیٹ پرائمری میں عبدل السید کی کامیابی، اے آئی پیک کی مہم کو بڑا دھچکا
صدر نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ امریکی برادریوں سے ”تارکینِ وطن کے جرائم کی لعنت“ کو ختم کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے حالیہ نفاذی اقدامات اور اسپین میں تارکینِ وطن سے متعلق ہونے والی بدامنی کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ”آپ نے دیکھا کہ گزشتہ ہفتے اسپین میں کیا ہوا۔۔۔ جہاں ۶۰ ہزار تارکینِ وطن نے سرحد پر بھگدڑ مچائی، قصبے پر حملہ کرکے اس پر قبضہ کرلیا، بے گناہ شہریوں پر حملہ کیا اور سڑکوں پر فساد برپا کیا۔۔۔ اور کمیونسٹ امریکہ کیلئے یہی کچھ چاہتے ہیں۔“
ٹرمپ نے امریکی ایجنسی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے ذریعے کی گئی حالیہ گرفتاریوں پر روشنی ڈالی، جن میں لاس ویگاس میں اپنے دو ساتھیوں کو چاقو مارنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ایک غیر قانونی تارکِ وطن اور لیون کاؤنٹی میں بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کا مجرم قرار دیا گیا ایک اور فرد شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”اسی لئے، ٹرمپ انتظامیہ کے تحت، ہم ہمیشہ آئی سی ای، بارڈر پیٹرول اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ہم ہمیشہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔“
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل بچوں کو شوقیہ قتل کرتا ہے، مسئلہ پورا اسرائیلی معاشرہ ہے: نارمن فنکلسٹین
آئی سی ای کے ذریعے گرفتاری کا سلسلہ جاری
محکمہ ہوم لینڈ سیکوریٹی کے سیکریٹری مارک وین ملن نے ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ آئی سی ای کے اہلکار سنگین جرائم کے ملزمین یا مجرمین کی گرفتاری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملن نے ایکس پر لکھا کہ ”صرف کل ہی، آئی سی ای نے قاتلوں، پیڈوفائلز، جنسی درندوں، ڈرگ ٹریفکرز اور عوامی سلامتی کیلئے دیگر خطرات کو گرفتار کیا۔“ انہوں نے مزید کہا کہ آئس اہلکار روزانہ بغیر دستاویزات والے تارکینِ وطن کو گرفتار کر کے ملک سے نکال رہے ہیں۔