• Thu, 04 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان کے ساتھ امریکہ کے تجارتی تعلقات ”مکمل طور پر یکطرفہ“ ہیں

Updated: September 02, 2025, 4:54 PM IST | Washington

امریکی صدر نے ہندوستان پر ”اپنے زیادہ تر تیل اور فوجی مصنوعات روس سے، اور امریکہ سے بہت کم“ خریدنے کا الزام لگایا۔

US President Donald Trump. Photo: X
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: ایکس

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو ہند۔امریکی تجارتی تعلقات پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ”مکمل طور پر یک طرفہ“ قرار دیا اور الزام لگایا کہ امریکی مصنوعات پر نئی دہلی کے بھاری ٹیکس نے طویل عرصے سے امریکی کاروبار کو نقصان پہنچایا ہے۔ ٹرمپ کا یہ بیان امریکہ میں داخل ہونے والی ہندوستانی مصنوعات پر ۵۰ فیصد کی نئی ٹیرف شرح کے نفاذ کے ۵ دن بعد سامنے آیا ہے۔ ان کی انتظامیہ نے ۶ اگست کو موجودہ ۲۵ فیصد کے باہمی ٹیرف کو دوگنا کرتے ہوئے اس اضافے کا اعلان کیا تھا۔ اس اقدام کو روس-یوکرین جنگ کے دوران ہندوستان کی رعایتی داموں پر روسی تیل کی مسلسل خریداری کے جواب کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ٹرمپ نے لکھا: ”بہت کم لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ہم ہندوستان کے ساتھ بہت کم کاروبار کرتے ہیں، لیکن وہ ہمارے ساتھ بے انتہا کاروبار کرتے ہیں۔ دوسرے الفاظ میں، وہ ہمیں بڑے پیمانے پر سامان فروخت کرتے ہیں، ہم ان کے سب سے بڑے کلائنٹ ہیں، لیکن ہم انہیں بہت کم سامان فروخت کرتے ہیں۔ اب تک، یہ ایک مکمل طور پر یک طرفہ تعلق تھا اور یہ کئی دہائیوں سے ہے۔“ 

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کا دعویٰ: ہندوستان نے درآمداتی ڈیوٹی کو نہ ہونےکے برابرکم کرنے کی پیشکش کی

صدر نے ہندوستان پر ”اپنے زیادہ تر تیل اور فوجی مصنوعات روس سے، اور امریکہ سے بہت کم“ خریدنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے چینی شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کی ملاقات کو بیجنگ اور ماسکو کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات کی نشان دہی کے طور پر پیش کیا۔ ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ ہندوستان نے حال ہی میں ٹیرف کو ”صفر“ تک کم کرنے کی پیشکش کی ہے لیکن دلیل دی کہ ایسا اقدام ”بہت دیر سے آیا ہے۔“

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK