Inquilab Logo Happiest Places to Work

لبنان معاملے پر ٹرمپ، نیتن یاہو پر برس پڑے، کہا مَیں نے تمہیں جیل جانے سے بچا رکھا ہے

Updated: June 02, 2026, 4:32 PM IST | Washington/Tel Aviv

امریکہ کو خدشہ ہے کہ لبنان میں اسرائیلی حملے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کو پٹری سے اتار سکتے ہیں۔ رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ٹرمپ خاص طور پر لبنان میں شہری ہلاکتوں سے پریشان تھے۔ انہوں نے گنجان آباد علاقوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملوں پر اعتراض کیا۔

Trump and Netanyahu. Photo: X
ٹرمپ اور نیتن یاہو۔ تصویر: ایکس

ایکسیوس کی ایک رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے لبنان میں اسرائیل کی در اندازی اور فوجی حملوں کے درمیان، اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ ایک تلخ فون کال کے دوران بنجامن نیتن یاہو پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ امریکی حکام اور اس گفتگو سے واقف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ نے نیتن یاہو پر سفارتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا الزام لگایا اور خبردار کیا کہ بیروت پر بمباری کی دھمکیاں، عالمی سطح پر اسرائیل کو مزید تنہا کردے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: سیٹیلائٹ تصاویر نے غزہ کی ہولناک تباہی دنیا کے سامنے رکھ دی

ایکسیوس کی جانب سے نقل کئے گئے ایک امریکی عہدیدار کے مطابق، ٹرمپ نے نیتن یاہو سے کہا: ”تم بالکل پاگل ہو چکے ہو۔ اگر میں نہ ہوتا تو تم جیل میں ہوتے۔ میں تمہاری جان بچا رہا ہوں۔ اس (جنگ) کی وجہ سے اب ہر کوئی تم سے نفرت کرتا ہے۔ ہر کوئی اس وجہ سے اسرائیل سے نفرت کر رہا ہے۔“ اس کال سے باخبر ایک اور ذریعے نے بتایا کہ ٹرمپ ”شدید غصے“ میں تھے اور ایک موقع پر انہوں نے چلا کر پوچھا: ”تم آخر کر کیا رہے ہو؟“

واضح رہے کہ لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائی، امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے درمیان سامنے آئی ہے۔ امریکہ کو خدشہ ہے کہ لبنان میں اسرائیلی حملے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کو پٹری سے اتار سکتے ہیں۔ رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ٹرمپ خاص طور پر لبنان میں شہری ہلاکتوں سے پریشان تھے۔ انہوں نے گنجان آباد علاقوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملوں پر اعتراض کیا۔ ایکسیوس کے مطابق، ٹرمپ نے بیروت پر اسرائیلی حملوں کے منصوبے کو روکنے کیلئے بھی مداخلت کی۔ 

یہ بھی پڑھئے: چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف کی ’قیمت چکانے‘کی دھمکی

بعد میں ایک اسرائیلی عہدیدار نے میڈیا ادارے کو بتایا کہ اسرائیل اب لبنانی دارالحکومت میں حزب اللہ کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی نہیں کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ اور نیتن یاہو کی کال، ایران کی اس دھمکی کے بعد سامنے آئی کہ اگر اسرائیل نے لبنان میں فوجی کارروائیاں جاری رکھیں تو وہ واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات سے پیچھے ہٹ جائے گا۔

ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ

عوامی سطح پر ٹرمپ نے اس کال کا خوشگوار احوال پیش کیا۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ”بی بی نیتن یاہو“ کے ساتھ گفتگو کی ہے اور ان سے درخواست کی ہے کہ وہ بیروت میں کوئی بڑا آپریشن شروع نہ کریں۔ ٹرمپ نے لکھا، ”آج میری بی بی نیتن یاہو سے گفتگو ہوئی، جس میں میں نے ان سے کہا کہ وہ بیروت، لبنان پر کوئی بڑا حملہ نہ کریں۔ انہوں نے اپنے فوجی دستے واپس موڑ لئے ہیں۔ شکریہ بی بی!“ انہوں نے حزب اللہ سے وابستہ نمائندوں سے بھی بات چیت کا دعویٰ کیا اور کہا کہ دونوں فریقین حملے روکنے پر متفق ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا: ”دیکھتے ہیں یہ کب تک برقرار رہتا ہے، امید ہے کہ یہ ہمیشہ کیلئے رہے گا!“

یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۵ء میں تنازعات سے جڑے جنسی تشدد کے تقریباً ۱۰ ہزار معاملات؛ اسرائیل، روس یو این بلیک لسٹ میں شامل

اسرائیل نے لبنان سے آنے والے میزائلوں کو فضا میں تباہ کیا

ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ہونے والی اس تلخ کال کی رپورٹ سامنے آنے کے چند گھنٹے بعد، اسرائیل نے بیان دیا کہ اس نے لبنان سے داغے گئے دو میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق رات کے تقریباً ۱:۳۵ بجے شمالی علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بج اٹھے، جس کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے آنے والے میزائلوں کو روک کر تباہ کر دیا۔ فوج نے سرحد کے قریب ایک ”مشکوک فضائی ہدف“ کا پتا لگانے کی بھی اطلاع دی جو بعد میں اسرائیلی علاقے کے اندر گرا۔ اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK