Updated: July 31, 2026, 4:33 PM IST
| Ankara
ترکی کے سرکاری ادارے ترک شماریاتی انسٹی ٹیوٹ (TurkStat) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں پیدائش کے وقت اوسط متوقع عمر بڑھ کر ۵ء۷۸؍ سال ہو گئی ہے، جو گزشتہ رپورٹ میں ۱ء۷۸؍ سال تھی۔ خواتین کی متوقع عمر ۱ء۸۱؍ سال جبکہ مردوں کی ۹ء۷۵؍ سال ریکارڈ کی گئی، یعنی خواتین کی اوسطاً ۲ء۵؍ سال زیادہ زندہ رہنے کی توقع ہے۔
ترکی میں اوسط متوقع عمر میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ترک شماریاتی انسٹی ٹیوٹ (TurkStat) کی جانب سے جاری کردہ ۲۰۲۳۔۲۰۲۵ء لائف ٹیبلز کے مطابق ملک میں پیدائش کے وقت اوسط متوقع عمر ۵ء۷۸؍ سال ہو گئی ہے، جو گزشتہ۲۰۲۲۔۲۰۲۴ء مدت میں ۱ء۷۸؍ سال تھی۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق خواتین بدستور مردوں کے مقابلے میں زیادہ عرصہ زندہ رہنے کی توقع رکھتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مردوں کی متوقع عمر ۹ء۷۵؍ سال جبکہ خواتین کی ۱ء۸۱؍ سال ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس طرح خواتین کی اوسط متوقع عمر مردوں سے ۲ء۵؍ سال زیادہ ہے، جو گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی نمایاں صنفی فرق کی نشاندہی کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کسی مضبوط سیاسی عمل کے بغیر غزہ کی تعمیرنو کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا
اعداد و شمار سے معلوم ہوا کہ عمر بڑھنے کے مختلف مراحل پر بھی خواتین کی متوقع عمر مردوں سے زیادہ رہتی ہے۔ ۱۵؍ سال کی عمر کا ایک فرد اوسطاً مزید ۷ء۶۴؍ سال زندہ رہنے کی توقع رکھتا ہے، جن میں مردوں کے لیے یہ مدت ۱ء۶۲؍ سال جبکہ خواتین کے لیے ۳ء۶۷؍ سال ہے۔ اسی طرح ۳۰؍ سال کی عمر میں ایک شخص کی باقی متوقع زندگی اوسطاً ۳ء۵۰؍ سال ہے۔ مرد اس عمر کے بعد اوسطاً ۸ء۴۷؍ سال جبکہ خواتین ۷ء۵۲؍ سال مزید زندہ رہنے کی توقع رکھتی ہیں۔ اس عمر میں بھی دونوں کے درمیان تقریباً ۹ء۴؍ سال کا فرق برقرار رہتا ہے۔ رپورٹ میں ۵۰؍ سال کی عمر کے افراد کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان کی اوسط باقی متوقع زندگی ۳ء۳۱؍ سال ہے، جبکہ ۶۵؍ سال کی عمر کا ایک فرد اوسطاً مزید ۴ء۱۸؍ سال زندہ رہ سکتا ہے۔ اس عمر میں بھی خواتین مردوں کے مقابلے میں اوسطاً ۳ء۳؍ سال زیادہ عمر پانے کی توقع رکھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: جاپان: زلزلے کے بعد شاپنگ مال میں خوفناک دھماکہ، سیکڑوں افراد دب گئے
رپورٹ کی ایک اہم دریافت یہ بھی ہے کہ تعلیم کا معیار اور متوقع عمر ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے افراد نسبتاً زیادہ عمر پاتے ہیں۔ ۳۰؍ سال کی عمر میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور کم تعلیم یافتہ افراد کی باقی متوقع عمر کے درمیان مردوں میں ۱ء۵؍ سال اور خواتین میں ۶ء۴؍ سال کا فرق ریکارڈ کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تعلیمی سطح میں اضافے کے ساتھ متوقع عمر بھی بڑھتی ہے۔ ترک شماریاتی انسٹی ٹیوٹ نے صحت مند متوقع عمر (Healthy Life Expectancy) کے اعداد و شمار بھی جاری کیے، جس سے مراد وہ مدت ہے جس کے دوران ایک شخص روزمرہ سرگرمیوں میں رکاوٹ بننے والی بیماری یا معذوری کے بغیر زندگی گزارنے کی توقع رکھتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ترکی میں صحت مند زندگی کی اوسط مدت ۵۸؍ سال ہے۔ مردوں کے لیے یہ مدت ۱ء۵۹؍ سال جبکہ خواتین کے لیے ۹ء۵۶؍ سال ریکارڈ کی گئی، یعنی مجموعی عمر کم ہونے کے باوجود مرد اوسطاً ۲ء۲؍ سال زیادہ عرصہ بہتر صحت کے ساتھ گزارتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ اور سعودی عرب کا عراق پرمشترکہ حملہ
حالیہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ترکی میں مجموعی صحت عامہ اور طبی سہولتوں میں بہتری کے باعث اوسط عمر میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم رپورٹ یہ بھی واضح کرتی ہے کہ بہتر تعلیم اور صحت مند طرزِ زندگی اب بھی طویل اور معیاری زندگی کے اہم عوامل ہیں۔