Updated: April 23, 2026, 9:04 PM IST
| Ankara
ترکی نے بچوں کے آن لائن تحفظ کیلئے سخت سوشل میڈیا ضوابط متعارف کرا دیے ہیں، جن کے تحت ۱۵؍ سال سے کم عمر افراد کی رجسٹریشن پر پابندی ہوگی۔ پلیٹ فارمز کو عمر کی تصدیق، والدین کے کنٹرول اور نقصان دہ مواد کے فوری خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا، ورنہ سخت سزائیں دی جائیں گی۔
ترکی نے گزشتہ دن سوشل میڈیا کے حوالے سے ایک جامع اور سخت قانونی فریم ورک متعارف کرایا ہے، جس کا بنیادی مقصد بچوں اور نوجوان صارفین کو ڈجیٹل خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔ یہ اقدام آسٹریلیا، فرانس، یونان اور پرتگال جیسے ممالک کے نقشِ قدم پر اٹھایا گیا ہے، جہاں پہلے ہی اسی نوعیت کے قوانین زیرِ عمل ہیں۔ نئے ضوابط کے مطابق، ۱۵؍ سال سے کم عمر افراد کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹ بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کمپنیوں کو لازمی طور پر مؤثر عمر کی تصدیق کے نظام نافذ کرنا ہوں گے تاکہ اس پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھئے: این بی سی پول: امریکی جین زی میں فلسطینیوں کے لیے زبردست ہمدردی
اس کے ساتھ ساتھ، پلیٹ فارمز کو مختلف عمر کے گروپس کیلئے الگ اور محفوظ ڈجیٹل ماحول فراہم کرنا ہوگا، خصوصاً ۱۵؍ سال یا اس سے زیادہ عمر کے صارفین کیلئے مخصوص سروسز تیار کرنا لازم ہوگا۔ والدین کیلئے بھی نئے اختیارات متعارف کرائے گئے ہیں، جن کے تحت وہ اپنے بچوں کے اکاؤنٹس کو کنٹرول کر سکیں گے، اسکرین ٹائم محدود کر سکیں گے اور ایپ کے اندر ہونے والی خریداریوں کی نگرانی یا منظوری دے سکیں گے۔ قوانین کے مطابق، سوشل میڈیا کمپنیاں نقصان دہ مواد، جعلی اشتہارات اور آن لائن دھوکہ دہی کے خلاف فوری کارروائی کی پابند ہوں گی۔ قومی سلامتی یا عوامی تحفظ سے متعلق حساس معاملات میں، پلیٹ فارمز کو ایک گھنٹے کے اندر مواد ہٹانے یا اس تک رسائی روکنے کا حکم ماننا ہوگا۔
خاص طور پر وہ پلیٹ فارمز جن کے ترکی میں ۱۰؍ ملین سے زائد یومیہ صارفین ہیں، ان پر مزید سخت ذمہ داریاں عائد ہوں گی۔ ان میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے غیر قانونی مواد کو دوبارہ اپ لوڈ ہونے سے روکنا بھی شامل ہے۔ مزید برآں، کمپنیوں کو حکام کی جانب سے طلب کئے گئے ڈیٹا کو زیادہ سے زیادہ ۱۵؍ دن کے اندر فراہم کرنا ہوگا اور اپنی سروسز کے سماجی اثرات کا باقاعدہ تجزیہ بھی کرنا ہوگا۔ عدم تعمیل کی صورت میں مرحلہ وار سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔ ابتدائی طور پر جرمانے اور اشتہارات پر پابندی لگائی جائے گی، جبکہ مسلسل خلاف ورزی پر عدالت کے حکم سے پلیٹ فارم کی بینڈوتھ ۵۰؍ فیصد سے کم کر کے ۹۰؍ فیصد تک محدود کی جا سکتی ہے، جس سے عملی طور پر اس کی رسائی ختم ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: حج کے دوران ہزاروں پروازیں اور عازمین کو سہولیات میسر
گیمنگ پلیٹ فارمز کیلئے بھی سخت قواعد متعارف کرائے گئے ہیں۔ بغیر عمر کی درجہ بندی کے گیمز کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ غیر ملکی پلیٹ فارمز کو مقامی نمائندہ مقرر کرنا اور قوانین کی مکمل پابندی کرنا لازم ہوگا۔ یہ ضوابط سرکاری گزٹ میں اشاعت کے چھ ماہ بعد نافذ العمل ہوں گے، اور حکام کے مطابق ان کا مقصد ایک محفوظ، شفاف اور ذمہ دار ڈجیٹل ماحول تشکیل دینا ہے۔