ہندوستانی میڈیا میں دعوے کئے جارہے تھے کہ خلیجی ملک کا گولڈن ویزا، جو امارات میں طویل مدتی رہائش کی اجازت دیتا ہے، کو نامزدگی کے عمل کے ذریعے ۳ء۲۳ لاکھ روپے میں خریدا جا سکتا ہے۔
EPAPER
Updated: July 09, 2025, 8:04 PM IST | Abu Dhabi
ہندوستانی میڈیا میں دعوے کئے جارہے تھے کہ خلیجی ملک کا گولڈن ویزا، جو امارات میں طویل مدتی رہائش کی اجازت دیتا ہے، کو نامزدگی کے عمل کے ذریعے ۳ء۲۳ لاکھ روپے میں خریدا جا سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے حکام نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ خلیجی ملک کا گولڈن ویزا منتخب قومیتوں کے شہری، جن میں ہندوستانی بھی شامل ہیں، ایک بار فیس ادا کرکے خرید سکتے ہیں۔ یہ اطلاع منگل کو امارات نیوز ایجنسی نے دی۔ حکام کی یہ وضاحت، ہندوستانی میڈیا میں ان دعوؤں کے بعد سامنے آئی ہے کہ گولڈن ویزا، جو امارات میں طویل مدتی رہائش کی اجازت دیتا ہے، کو نامزدگی کے عمل کے ذریعے ۳ء۲۳ لاکھ روپے میں خریدا جا سکتا ہے۔ ان خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یو اے ای کی نئی ویزا اسکیم کا مبینہ مقصد ہندوستانی شہریوں کو اپنی طرف راغب کرنا ہے۔
فی الحال، ایک غیر ملکی شہری کو یو اے ای کے ۱۰ سالہ ویزے کیلئے اہل ہونے کیلئے خلیجی ملک میں کم از کم ۶ء۴ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنا ضروری ہے جو عام طور پر ریئل اسٹیٹ میں یا وہاں ایک کمپنی قائم کرکے کی جاسکتی ہے۔ ڈاکٹروں اور سائنسدانوں جیسے ہنر مند پیشہ ور افراد مالی سرمایہ کاری کئے بغیر بھی گولڈن ویزا کیلئے اہل ہو سکتے ہیں اگر وہ منتخب شعبوں میں ملازمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: خلیجی ممالک مشترکہ سیاحتی ویزا متعارف کرائیں گے
ابوظہبی کے دی نیشنل اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق، فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈینٹی، سٹیزن شپ، کسٹمز اینڈ پورٹ سیکوریٹی نے کہا کہ مقامی اور بین الاقوامی میڈیا میں آنے والی خبریں ”جھوٹی افواہیں“ تھیں۔ یہ بات نے رپورٹ کی۔ امیگریشن ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ ان دعوؤں کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے اور یہ ”متعلقہ حکام سے رجوع کئے بغیر پھیلائے گئے تھے۔“
ڈپارٹمنٹ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ ان ”فریقوں، ویب سائٹس اور اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا جنہوں نے متحدہ عرب امارات میں رہائش اختیار کرنے کے خواہش مند افراد سے غیر قانونی طور پر رقم حاصل کرنے کیلئے ان افواہوں کو شائع کیا تھا تاکہ ایک محفوظ اور پرامن ملک میں بہتر زندگی کے ان کے خوابوں اور خواہشات کا استحصال کیا جا سکے۔“
یہ بھی پڑھئے: چین: سیاحت کو فروغ کیلئے ۷۰؍ سے زائد ممالک کیلئے ویزا فری داخلہ
اتھارٹی نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے اور رہائش اختیار کرنے کے خواہش مند افراد پر زور دیا کہ وہ ”افواہوں، جھوٹی خبروں کا جواب نہ دیں اور کبھی بھی کسی فریق، دفتر یا ایجنسی کو رقم ادا نہ کریں یا ذاتی دستاویزات فراہم نہ کریں جو گولڈن ویزا سروس فراہم کرنے کا دعویٰ کرتا ہے۔“