Updated: October 29, 2025, 9:23 PM IST
| Abu Dhabi
یو اے ای میں ہندوستانی شخص انیل کمار بولا نے ۲۴۰؍ کروڑ کی لاٹری جیتی،انہوں نےاپنی والدہ کی تاریخ پیدائش والی لاٹری کا ٹکٹ منتخب کیا تھا، اپنی جیت پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کو متحدہ عرب امارات کی سیر کرائیں۔
انیل کمار اپنی جیت کا جشن مناتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
ابوظہبی میں مقیم۲۹؍ سالہ ہندوستانی شخص انیل کمار بولا متحدہ عرب امارات کی لاٹری کا تاریخی ۱۰؍ کروڑ درہم ( ۲۴۰؍کروڑ روپے سے زائد) کا جیک پاٹ جیت گئے۔۱۸؍ اکتوبر کو ہونے والی’’ لکی ڈے ڈرا‘‘ کے۲۳؍ ویں ایڈیشن کے دوران ان کی زندگی یکسر بدل گئی۔ یو اے ای لاٹری کے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری کیے گئے ایک ویڈیو میں انیل کمار کو گولڈن کنفیٹی کے درمیان ایک علامتی چیک تھامتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ لاٹری کی پوسٹ میں لکھا تھا، ’’انتظار سے جشن تک، یہ وہ لمحہ تھا جس نے سب کچھ بدل دیا۔ انیل کمار بولا۱۰؍ کروڑ درہم لے گئے، ایک ایسا خوش قسمت دن جو ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: بہار میں ۱۷؍فیصد والا وزیر اعلیٰ کیوں نہیں بن سکتا: اسدالدین اویسی
اپنے خوش قسمت ٹکٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انیل کمار نے کہا کہ اس کا انتخاب بہت آسان تھا’’ ایک ایزی پک‘‘۔ انہوں نے کہا، ’’آخری نمبر میرے لیے خاص تھا کیونکہ یہ میری والدہ کی سالگرہ ہے۔‘‘ اپنی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ایک سپر کار خریدنے اور کسی لگژری ریزورٹ یا سات ستارہ ہوٹل میں وقت گزارنے کی خواہش ظاہر کی، ساتھ ہی اپنے خاندان کے ساتھ معیاری وقت گزارنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا، ’’میں اپنے خاندان کو یہاں متحدہ عرب امارات لانا چاہتا ہوں اور اکٹھے زندگی کا لطف اٹھانا چاہتا ہوں۔انیل کمارنے سوجھ بوجھ سے سرمایہ کاری بھی کرنے کی بات کہی، ساتھ میں یہ بھی کہا کہ وہ اس رقم کو احتیاط سے خرچ کرناچاہیں گے۔ اس کے علاوہ، وہ اپنی جیت کا کچھ حصہ امداد بھی کرنے کا ارادہ کیا، اور لاٹری کھیلنے والے دیگر امیدواروں کے لیے پرامید الفاظ بھی کہے۔ انہوں نے یو اے ای لاٹری کا ایک زبردست موقع دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بات ختم کی اور امید ظاہر کی کہ لاٹری آئندہ برسوں میں دوسروں کے لیے بھی خوشیاں لاتی رہے گی۔
یہ بھی پڑھئے: چیٹ جی پی ٹی گو کا پریمیم سبسکرپشن اب ہندوستان میں صارفین کو مفت دستیاب ہوگا
واضح رہے کہ اس سے قبل، ستمبر میں، ایک اور ہندوستانی سندیپ کمار پرساد نے ابوظہبی بگ ٹکٹ سیریز ۲۷۸؍میںڈیڑھ کروڑ درہم کی انعامی رقم جیتی تھی، جس سے متحدہ عرب امارات میں ہندوستان کے خوش قسمت فاتحین کی تعداد بڑھ گئی ہے۔