متحدہ عرب امارات کے صدر مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان نے ’’قومی دن ‘‘ سے قبل تقریباً ۳؍ ہزار قیدیوں کو معافی دی، انہوں نے قیدیوں پر عائد کردہ مالی جرمانہ ادا کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔
EPAPER
Updated: November 28, 2025, 4:41 PM IST | Dubai
متحدہ عرب امارات کے صدر مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان نے ’’قومی دن ‘‘ سے قبل تقریباً ۳؍ ہزار قیدیوں کو معافی دی، انہوں نے قیدیوں پر عائد کردہ مالی جرمانہ ادا کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان نے ’’قومی دن ‘‘ سے قبل تقریباً ۳؍ ہزار قیدیوں کو معافی دے دی، اور متحدہ عرب امارات کے اصلاحی اداروں سے۲۹۳۷؍ قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے قیدیوں پر عائد کردہ مالی جرمانہ ادا کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ ’’قومی دن ‘‘ کی تقریبات کے موقع پر، یہ اقدام قیدیوں کو زندگی میں نئے سرے سے آغاز کرنے، ان کے خاندانوں کے بوجھ کو کم کرنے اور ان کے پیاروں کو خوشی فراہم کرنے کے کی کوشش کا ایک حصہ ہے۔اس کے علاوہ یہ اقدام معاشرتی استحکام، سماجی ہم آہنگی اور بحالی کے مواقع کو فروغ دینے کی کوششوں کا بھی حصہ ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کا ’’قومی دن ‘‘، جسے’’ عید الاتحاد‘‘ یا ’’ یونین ڈے‘‘ بھی کہا جاتا ہے، ہر سال۲؍ دسمبر کو منایا جاتا ہے۔ یہ اس تاریخی دن کی یاد میں منایا جاتا ہے جب۱۹۷۱ء میں چھ امارات (ابوظہبی، دبئی، عجمان، فجیرہ، شارجہ اور ام القوین) نے مل کر ایک وفاقی ریاست قائم کی تھی۔ بعد ازاں، راس الخیمہ بھی فروری۱۹۷۲ءء میں اس وفاق میں شامل ہو گیا۔اس دن کو ’’الاتحاد‘‘ (یونین) کا نام دیا گیا ہے جو ملک کی متحدہ شناخت، مشترکہ طاقت اور اس کے ورثے کی علامت ہے۔اس قومی تہوار پر پورے متحدہ عرب امارات میں بڑے پیمانے پر جشن منائے جاتے ہیں۔دبئی اور ابوظہبی سمیت مختلف امارات میں شاندار آتش بازی کے مظاہرے کیے جاتے ہیں۔ فضائیہ کا ایئر شو ’’الفرسان‘‘ حب الوطنی کے جذبے کو مزید بھر دیتا ہے۔۲؍ دسمبر کو ملک بھر میں سرکاری چھٹی ہوتی ہے، جس کے ساتھ بعض اوقات۳؍ دسمبر کو بھی چھٹی ہوتی ہے، جس سے ملک کے باشندے لمبے ویک اینڈ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔