• Thu, 18 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اقوام متحدہ کے بجٹ میں ۲۰؍فیصد کٹوتی کی تجویز، ۷؍ ہزار ملازمتیں خطرے میں: انٹرنل میمو

Updated: May 31, 2025, 5:00 PM IST | Inquilab News Network | New York

اپریل میں، یو این کے دفتر رابطہ برائے انسانی ہمدردی (اوچا) کے سربراہ ٹام فلیچر نے عملے کو مطلع کیا تھا کہ امریکی بجٹ کٹوتیوں کی وجہ سے ایجنسی کو ۵۸ ملین ڈالر کی کمی کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے عملے میں ۲۰ فیصد کٹوتی کرنی پڑے گی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے اقوام متحدہ (یو این) کے ایک انٹرنل میمو کے حوالے سے بتایا کہ بین الاقوامی تنظیم کا سیکریٹریٹ، اپنے ۷ء۳ ارب ڈالر کے بجٹ میں ۲۰ فیصد کٹوتی اور تقریباً ۶ ہزار ۹۰۰ ملازمتوں کو ختم کرنے کی تیاری کررہا ہے۔ میمو میں عملے سے ۱۳ جون تک کٹوتیوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہے۔ امریکہ کی طرف سے پیدا ہونے والے مالیاتی بحران کی وجہ سے یو این نے اپنے بجٹ میں کٹوتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ یو این کے کل بجٹ کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ امریکہ فراہم کرتا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے غیر ملکی امداد میں وسیع کٹوتیاں کی گئی ہیں جنہوں نے یو این کی امدادی ایجنسیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔

یو این کے کنٹرولر چندرمولی رامانتھن، جنہوں نے مذکورہ میمو جاری کیا ہے، نے براہِ راست امریکی کٹوتیوں کا حوالہ نہیں دیا بلکہ اسے مارچ میں شروع کئے گئے ایک وسیع تر جائزے کا حصہ قرار دیا، جسے "یو این ۸۰" کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اسے "ایک پرجوش کوشش" بتایا جو ادارے کو ۲۱ ویں صدی کے کثیرالجہتی نظام کی حمایت، انسانی مصائب کو کم کرنے اور سب کیلئے بہتر زندگی اور مستقبل کی تعمیر کیلئے موزوں بنائے گا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ میں اس اجتماعی کوشش کیلئے آپ کے تعاون پر بھروسہ کرتا ہوں جس کی جارحانہ ٹائم لائنز کو تسلیم کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ تجویز کردہ کٹوتیاں یکم جنوری سے نئے بجٹ سائیکل کے آغاز پر نافذ ہوں گی۔

یہ بھی پڑھئے: ڈبلیو ایچ او سربراہ غزہ میں بچوں کی حالت زار بیان کرتے ہوئے رو پڑے، اسرائیل سے رحم کی اپیل کی

امدادی خدمات ٹھپ پڑنے کا اندیشہ

حال ہی میں یو این کے سفارت کاروں کو دیئے گئے بیان میں، ادارے کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے کہا کہ وہ وسیع تر اصلاحات پر غور کر رہے ہیں جو بڑے محکموں کو ضم کرے گی، عالمی سطح پر وسائل کو منتقل کرے گی اور اوورلیپنگ آپریشنز کو کم کرے گی۔ اس کے تحت، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کو یکجا کرنے، عملے کو زیادہ سستے شہروں میں منتقل کرنے اور بیوروکریسی میں کمی لانے کے امکان ظاہر کئے جارہے ہیں۔ اپریل میں، یو این کے دفتر رابطہ برائے انسانی ہمدردی (اوچا) کے سربراہ ٹام فلیچر نے عملے کو مطلع کیا تھا کہ امریکی بجٹ کٹوتیوں کی وجہ سے ایجنسی کو ۵۸ ملین ڈالر کی کمی کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے عملے میں ۲۰ فیصد کٹوتی کرنی پڑے گی۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ: بھوک کے بحران کے درمیان اقوام متحدہ کے امدادی گودام پر ہجوم امڈ پڑا، دو جاں بحق

امریکہ کی جانب سے واجبات کی ادائیگی میں ناکامی کے بعد یو این، مالیاتی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ، چین اپنے واجبات کی ادائیگی میں بار بار تاخیر کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ دونوں ممالک مجموعی طور پر اقوام متحدہ کی بنیادی فنڈنگ میں ۴۰ فیصد سے زیادہ حصہ فراہم کرتے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ نے سینکڑوں ملین ڈالر کی صوابدیدی امداد یو این سے واپس لے لی ہیں، جس سے ادارے کے متعدد انسانی ہمدردی پروگراموں کو اچانک معطل کرنا پڑا ہے۔ یو این نے خبردار کیا ہے کہ ان کٹوتیوں سے جانی نقصان ہوگا۔ آئندہ سال کیلئے پیش کردہ امریکی بجٹ میں، جو کانگریس کی منظوری کا منتظر ہے، اقوام متحدہ کے امن بحالی سمیت کئی افعال کیلئے فنڈنگ کو ختم یا نہایت کم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK