• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ جنگ نے ۷۷؍ سال کی انسانی ترقی کو تباہ کر دیا ہے: اقوامِ متحدہ کا انتباہ

Updated: November 24, 2026, 10:04 PM IST | Geneva

اقوامِ متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ محمد نے خبردار کیا ہے کہ غزہ جنگ نے ۷۷؍ سال کی انسانی ترقی کو تباہ کر دیا ہے، جس کی بحالی صرف تعمیرِ نو سے ممکن نہیں بلکہ اس کیلئے سماجی تانے بانے کی مرمت بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے غزہ میں بلا روک ٹوک امداد کی فراہمی، انروا (یو این آر ڈبلیو اے) کی معاونت اور ۱۹۶۷ء کی سرحدوں کے مطابق دو ریاستی حل کو ہی امن کا واحد راستہ قرار دیا۔

UN Deputy Secretary General Amina Mohammed during her speech. Photo: UN.
اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ محمد خطاب کے دوران۔ تصویر: یو این۔

فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے بین الاقوامی دن، جو آئندہ اتوار کو منایا جانا ہے، سے قبل اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے خطاب کرتے ہوئے، ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ محمد نے فلسطینیوں کے ’’وقار، انصاف اور حقِ خودارادیت‘‘ پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو حماس کی جانب سے کئے گئے دہشت گردانہ حملوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کوئی بھی چیز ان کارروائیوں کا جواز پیش نہیں کر سکتی اور اسی طرح کوئی بھی چیز فلسطینی عوام کو اجتماعی سزا دینے کا جواز نہیں بن سکتی۔‘‘ انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ میں دسیوں ہزار افراد مارے جا چکے ہیں، جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے (ویسٹ بینک) میں یہودی آبادکاروں کے تشدد کے باعث ریکارڈ تعداد میں خاندان اپنے گھروں سے بے دخل ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھے: جنگ زدہ غزہ کے ۹۹ فیصد سے زائد حصے میں ماحولیاتی آلودگی کے آثار موجود ہیں: آکسفیم رپورٹ

آمنہ محمد نے غزہ تک بلا روک ٹوک انسانی امداد کی رسائی اور امدادی کارکنوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا، ’’امداد میں کبھی بھی رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہئے، نہ ہی اس کا رخ موڑا جانا چاہئے اور نہ ہی اسے سودے بازی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جانا چاہئے۔‘‘ انہوں نے فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے  اقوامِ متحدہ کے ادارے `انروا‘ (یو این آر ڈبلیو اے) کی سیاسی اور مالی معاونت کی بھی اپیل کی، جو بنیادی خدمات، تحفظ اور ہنگامی امداد فراہم کرتا ہے۔ فلسطینیوں کی بحالی پر بات کرتے ہوئے آمنہ محمد نے اس بات پر زور دیا کہ اس عمل کی قیادت خود فلسطینیوں کے ہاتھ میں ہونی چاہئے جس میں اس بات کو یقینی بنانا بھی شامل ہے کہ خواتین اور نوجوان اس عمل میں ’’بامعنی کردار‘‘ ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحالی کا عمل محض گھروں، بنیادی ڈھانچے، صاف پانی، صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی کی تعمیرِ نو تک محدود نہیں رہنا چاہئے۔ اقوامِ متحدہ کی نائب سربراہ نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی بینک کے ایک مشترکہ جائزے کے مطابق، غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ نے ۷۷؍ سال کی انسانی ترقی کو ختم کر دیا ہے اور بحالی کیلئے زخموں پر مرہم رکھنے اور برادریوں کو سنبھالنے کے ساتھ ساتھ ’’سماجی تانے بانے‘‘ کی مرمت بھی ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایران کا امریکی بحری ناکہ بندی کو ”تمام دستیاب ذرائع کے ساتھ“ چیلنج کرنے کا عزم

تاہم، انہوں نے اس اہم نکتے پر زور دیا کہ تعمیرِ نو کسی سیاسی حل کا متبادل نہیں ہو سکتی، ’’مقبوضہ فلسطینی علاقہ سیاسی، اقتصادی اور جغرافیائی طور پر مربوط رہنا چاہئے اور ایک واحد، جائز، خودمختار اور جمہوری فلسطینی حکومت کے تحت متحد ہونا چاہئے۔‘‘ انہوں نے ۱۹۶۷ء سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق شانہ بشانہ رہنے والی دو آزاد اور خودمختار ریاستوں اسرائیل اور فلسطین کیلئے اقوامِ متحدہ کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسے ’’آگے بڑھنے کا واحد ناگزیر راستہ‘‘ قرار دیا۔ آخر میں انہوں نے کہا، ’’ضائع کرنے کیلئے  وقت نہیں ہے، بے عملی کا کوئی بہانہ نہیں چلے گا اور کسی کو بھی احتساب سے استثنیٰ حاصل نہیں ہونا چاہئے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK