Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکی کمپنی کا جی ٹی اے۶؍ کی ریلیز کے دن چھٹی کا اعلان، کہا عملہ ناقابل رابطہ اور وائس سٹی میں ہوگا

Updated: June 21, 2026, 3:07 PM IST | Washington

برگر موٹر اسپورٹس کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس اعلان نے ایک اور کمپنی کو بھی ایسا ہی کرنے کی ترغیب دی۔ ’کارڈوسیو‘ نامی ایک کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ بھی اپنے عملے کو گیم سے لطف اندوز ہونے دینے کیلئے چند دنوں کی چھٹی دے گی۔

Photo: X
تصویر: ایکس

راک اسٹار گیمز (Rockstar Games) نے تصدیق کی ہے کہ شائقین کے ذریعے بے صبری سے انتظار کئے جانے والے ویڈیو گیم، جی ٹی اے ۶؍ ( گرینڈ تھیفٹ آٹو Grand Theft Auto VI) کے پری آرڈرز ۲۵؍ جون سے پلے اسٹیشن اسٹور اور منتخب ریٹیل آؤٹ لیٹس سمیت ڈجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے شروع ہوں گے۔ اس اعلان کے بعد جی ٹی اے ۶؍ کی ریلیز میں متعدد تاخیر کے بعد برسوں سے جاری انتظار کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ راک اسٹار گیمز نے باضابطہ طور پر ۱۸؍ جون کو جی ٹی اے ۶ کے آفیشل کور آرٹ کی نقاب کشائی کرکے اپنے سمر مارکیٹنگ سیزن کا آغاز کیا۔ یہ گیم ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو ریلیز کیا جائے گا۔

اس گیم کیلئے جوش و خروش اس قدر بڑھ چکا ہے کہ کیلیفورنیا میں قائم آٹوموٹو پرفارمنس پارٹس بنانے والی کمپنی ’برگر موٹر اسپورٹس‘ (Burger Motorsports) نے گیم کی ریلیز کے دن اپنے آپریشنز مکمل طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ انسٹاگرام پر ملازمین، صارفین، ڈیلرز اور پارٹنرز کے نام ایک پوسٹ میں، کمپنی نے ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو ایک دن کیلئے ”کمپنی بھر میں آپریشنل تعطل“ کی تصدیق کی۔

یہ بھی پڑھئے: سڈنی سے لندن دنیا کی طویل ترین فاصلے والی پرواز ۲۰۲۷ء میں اڑان بھرے گی

کمپنی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کئے گئے پیغام میں لکھا کہ”ٹیم کے کئی اراکین نے پہلے ہی منیجمنٹ کو مطلع کردیا ہے کہ وہ اس دن دستیاب نہیں رہیں گے، ان سے رابطہ نہیں ہو سکے گا اور یا وہ ’وائس سٹی‘ میں ہوں گے۔“ واضح رہے کہ وائس سٹی، جی ٹی اے گیم میں ایک شہر کا نام ہے جہاں گیم کی کہانی رونما ہوتی ہے۔ کمپنی نے کہا کہ کسٹمر سپورٹ، آرڈر پروسیسنگ، شپنگ، انجینئرنگ اور سوشل میڈیا سمیت دیگر شعبہ جات، ملازمین کی غیر موجودگی سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ ”امید ہے کہ معمول کی کاروباری سرگرمیاں اس وقت دوبارہ شروع ہو جائیں گی جب ملازمین اپنی ابتدائی تلاش مکمل کرلیں گے، کم از کم ایک مشن ختم کر لیں گے اور حقیقت کی دنیا میں واپس آ جائیں گے۔“

یہ اعلان سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گیا اور بہت سے صارفین نے اسے مضحکہ خیز قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا، ”انہیں اب اس دن کو عام تعطیل قرار دے دینا چاہئے۔“ دوسرے صارف نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ ”شاید کمپنی کے سی ای او خود بھی گیم کھیلنے کیلئے اس دن چھٹی چاہتے تھے۔“ 

یہ بھی پڑھئے: شکاگو، امریکہ: ۸۵۰ ملین ڈالر کے اوبامہ صدارتی مرکز کا افتتاح، ٹرمپ کے سوا کئی اہم شخصیات کی شرکت

برگر موٹر اسپورٹس کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس اعلان نے ایک اور کمپنی کو بھی ایسا ہی کرنے کی ترغیب دی۔ ’کارڈوسیو‘ نامی ایک کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ بھی اپنے عملے کو گیم سے لطف اندوز ہونے دینے کیلئے چند دنوں کی چھٹی دے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK