• Fri, 23 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکی بحری بیڑے ایران کی جانب گامزن، خامنہ ای کا انتباہ فوج کی انگلی ٹریگر پرہے

Updated: January 23, 2026, 5:15 PM IST | Washington

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے بحری بیڑے ایران کی جانب گامزن ہیں، ساتھ ہی کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ کچھ نہ ہو، جبکہ ایران کے سپریم لیڈر نے دھمکی دی کہ امریکہ کوئی غلط قدم نہ اٹھائے، ہماری فوج کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔

American warship. Photo: INN
امریکی جنگی جہاز۔ تصویر: آئی این این

 ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ ایک’’ بڑا بحری بیڑا‘‘ اس کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی دباؤ کے باعث پرتشدد احتجاج کے دوران تہران نے پھانسیاں روک دی ہیں اور کہا کہ واشنگٹن کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔اس سے قبل ایران میں ہزاروں افراد کی ہلاکت  کا سبب بننے والےپرتشدد احتجاج کے دوران ایران میں سینکڑوں پھانسی کو روکنے کا سہرا اپنے سر باندھتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، ’’ہماری ایک بڑی فوج ایران کی طرف جا رہی ہے۔ میری خواہش ہے کہ کچھ نہ ہو، لیکن ہم ان پر بہت گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ میں نے جمعرات کو۸۳۷؍ پھانسیوں کو روکا۔ وہ سب مر چکے ہوتے۔ سب کو پھانسی دے دی جاتی۔ یہ تو گویا ہزار سال پہلے کا زمانہ ہے۔‘‘
واضح رہے کہ بدھ  ۲۱؍جنوری کو، ایران نے احتجاج کے دوران ہلاکتوں کی اپنی پہلی سرکاری تعداد جاری کی، جس میں کہا گیا کہ۳۱۱۷؍ افراد ہلاک ہوئے۔ جبکہ حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ جبکہ ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو نشانہ بناتے ہوئے حکومت پر مظاہرین کے خلاف  تشدد کرنے کا الزام لگایا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران پر ممکنہ امریکی حملوں سے اسرائیل خوف زدہ، الرٹ جاری

دریں اثناء منگل ۲۰؍ جنوری کی، نیو یارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، یو ایس ایس ابراہم لنکن، جو حال ہی میں جنوبی چین سمندر میں تعینات تھا، مشرق وسطیٰ کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ امریکی بحریہ کے ایک اہلکار نے ایسوسی ایٹڈ پریس کی تصدیق کی کہ ایئرکرافٹ کیریئر، تین ڈسٹرائرز کے ساتھ، مغرب کی طرف جا رہا ہے۔یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش، جو پہلے بحر اوقیانوس میں یورپ کی طرف جا رہا تھا، بھی گزشتہ ہفتے ورجینیا کے نیول اسٹیشن نارفوک سے روانہ ہوا۔ جہاز کے سرکاری سوشل میڈیا ہینڈل پر ایک پوسٹ کے مطابق، ایئرکرافٹ کیریئر لائیو فائر مشقیں اور دیگر تربیتی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایران میں مظاہرین نے صرف تہران میں ۳۰؍ کھرب ریال سے زیادہ کا نقصان پہنچایا

بعد ازاں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکہ اور اسرائیل کو غلطیوں سے بچنے کا انتباہ دیاہے، ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ ان کی فوج ٹریگر پر انگلیاں رکھے ہوئے ہے۔ جنرل محمد پاک پور کا کہنا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے احکامات پر عملدرآمد کے لیے تیار ہیں۔ایک اور جنرل نے انتباہ دیا ہے کہ اگر امریکہ نے حملہ کیا تو تمام امریکی مفادات، اڈوں اور اثر و رسوخ کے مراکز کو ’’جائز نشانہ‘‘ سمجھا جائے گا۔ایرانی ریولوشنری گارڈز کے کمانڈر محمد پاک پور نے جمعرات کو اسرائیل اور امریکہ کو خبردار کیا کہ’’تاریخی تجربات اور۱۲؍ روزہ جنگ سے سیکھ کر کسی بھی غلطی سے بچیں، تاکہ انہیں زیادہ تکلیف دہ اور افسوسناک انجام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘انہوں نے علی خامنہ ای کے حوالے سے کہا، ’’اسلامی ریولوشنری گارڈ کی انگلی ٹریگر پر ہے، پہلے سے زیادہ تیار، سپریم کمانڈر انچیف کے احکامات اور اقدامات پر عملدرآمد کے لیے منتظر ،وہ رہنما جو ان کی اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔‘‘
بعد ازاں تہران کے خلاف فوری امریکی کارروائی کے امکانات کم نظر آتے ہیں،جبکہ دونوں جانب سے سفارتکاری کو موقع دینے پر اصرار کیا جارہا ہے، حالانکہ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ اب بھی اختیارات کا جائزہ لے رہے ہیں۔اس کے علاوہ ٹرمپ نے منگل کو ایران کے لیڈروں کو خبر دار کیا کہ’’ اگر خامنہ ای پر امریکی حملے کے جواب میں ان کی جان کو کوئی خطرہ ہوا تو امریکہ انہیں صفحہ ہستی سے مٹادے گا۔‘‘اس سے قبل ایرانی صدر پیزشکیان نے ایک تقریر میں امریکہ اور اسرائیل پر ایران کے پرتشدد احتجاج کو بھڑکانے کا الزام لگاتے ہوئے اسے ۱۲؍ روزہ جنگ کی شکست کا بزدلانہ انتقام قرار دیا تھا۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ احتجاج شہریوں کا فطری حق ہے،لیکن احتجاج  کرنے والوں کے اور جن کے ہاتھ معصوم لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، درمیان فرق کرنا ہوگا ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK