مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں پر ایران کے حملے جاری، کویت کے ساتھ ساتھ بحرین میں موجودامریکی بحریہ کے’ ففتھ فلیٹ ‘پر ڈرون اور میزائل برسائے۔
EPAPER
Updated: July 15, 2026, 11:35 AM IST | Washington/Tehran
مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں پر ایران کے حملے جاری، کویت کے ساتھ ساتھ بحرین میں موجودامریکی بحریہ کے’ ففتھ فلیٹ ‘پر ڈرون اور میزائل برسائے۔
ایک طرف امریکہ کی جانب سے ایران پر مسلسل تیسرے روز بھی حملے کئے گئے،ساتھ ہی ہرمز کی ناکہ بندی کا اعلان کیا گیا۔ وہیں دوسری جانب اسے یہ بھی امید ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ طے پاجائے گا۔ دریں اثناء ایران کی جانب سے بھی جوابی حملے کئے جارہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایران نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ساتھ ہی آبنائے ہرمز میں بھی نگرانی سخت کردی ہے۔
ٹرمپ کاموقف: پل میں تولہ پل میں ماشہ
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لئے معاہدہ اب بھی ممکن ہے، حالانکہ امریکہ نے ایران پر نئے حملے کئے ہیں اور ایرانی بندرگاہوں پر دوبارہ بحری محاصرہ نافذ کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’’ہاں، میرے خیال میں معاہدہ ممکن ہے، مجھے اس پر مکمل یقین ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا: ہم نے دو روز قبل ان کے ساتھ ایک معاہدہ طے کر لیا تھا، لیکن پھر انہوں نے کہا کہ ہم یہ معاہدہ نہیں کر سکتے، اسلئےاس پر مزید مذاکرات جاری رکھنا ہوں گے۔ ہندوستانی وقت کے مطابق پیر کورات گئے انہوں نے یہ بھی تھا کہا کہ’’ واشنگٹن آج رات ایران کے خلاف ایک اور بڑے حملے کی کارروائی کرے گا۔ ہم ایران کی جارحانہ عسکری صلاحیتوں کو ختم کر رہے ہیں۔‘‘ٹرمپ نے مزید کہا کہ فوجی کارروائیاں دو سے تین ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: عباس عراغچی کا آبنائے ہرمز پرامریکی ٹول کا تمسخر، کہا ایران کا ٹول معقول ہے
امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے مسلسل تیسری رات بھی ایران کے خلاف حملوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ حملے ایرانی افواج کو بھاری نقصان پہنچاتے رہیں گے اور بے گناہ شہریوں اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر حملے کرنے کی ان کی صلاحیت کو کمزور کر دیں گے۔ بیان کے مطابق یہ فضائی کارروائیاں مقامی وقت کے مطابق شام۴؍ بج کر۴۵؍ منٹ(۴۵:۸؍ گرینچ وقت) پر شروع کی گئیں۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت ایک امتحان تھی، مگر انہوں نے اس کا احترام نہیں کیا۔
’’ہم بی کاکس ماؤنٹین کو تباہ کر دیں گے‘‘
ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے دعویٰ کیا: اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو وہ ایک ہی دن میں انہیں استعمال کر دیتا۔ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ امریکہ ایران کے بی کاکس ماؤنٹین نامی جوہری مقام کو نشانہ بنائے گا۔ ایرانیوں سے کہہ دیں کہ وہ تیار رہیں۔ انہوں نے مزید کہا: ہم بی کاکس ماؤنٹین پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہمیں وہاں کوئی سرگرمی نظر نہیں آ رہی۔ ان کا جوہری پروگرام اچھی حالت میں نہیں ہے۔
کروز میزائلوں سے امریکی بحری جہاز کو نشانہ بنایا، ایرانی میڈیا
ایران نے کروز میزائلوں سے امریکی بحری جہاز کو نشانہ بنایا۔ایرانی میڈیا کے مطابق ڈرونز کے ذریعے کویت میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔یہ بھی بتایا گیا کہ آبنائے ہرمز میں مبینہ خلاف ورزیوں کے نتیجے میں کئی جہازوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: لندن میں ہلدی رام کی پہلی شاخ، افتتاح پر ہندوستانی کمیونٹی کا زبردست جوش و خروش
بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ اور فوجی تنصیبات پرحملے
پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے بحرین میں تعینات امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق بحرین میں امریکی اڈے پر حملوں کے دوران ایندھن کے ذخائر کو آگ لگا دی گئی۔ جاری بیان میں کہا گیاکہ حملوں میں پیٹریاٹ ریڈار، فضائی کنٹرول ریڈار، سی ریم ابتدائی انتباہی ریڈار نظام کو نشانہ بنایا گیا جبکہ بغیر عملے والی سطحی کشتیوں کے کنٹرول اور مانیٹرنگ سینٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔پاسدارانِ انقلاب کے مطابق آپریشن نصر۲؍ کی دوسری لہر میں بحرین میں امریکی فوجیوں کے رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے آپریشن نصر۲؍ میں اسلحے کے متعدد گوداموں اور سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔