ٹرمپ نے ماشاڈو کی قیادت میں عبوری انتظامیہ کے قیام کے خیال کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ”وینزویلا پر مؤثر طریقے سے حکومت کرنے کیلئے درکار حمایت یا احترام انہیں حاصل نہیں ہے۔“
EPAPER
Updated: January 09, 2026, 8:05 PM IST | Washington
ٹرمپ نے ماشاڈو کی قیادت میں عبوری انتظامیہ کے قیام کے خیال کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ”وینزویلا پر مؤثر طریقے سے حکومت کرنے کیلئے درکار حمایت یا احترام انہیں حاصل نہیں ہے۔“
صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو تصدیق کی کہ وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا ماشاڈو اگلے ہفتے واشنگٹن کا دورہ کرنے والی ہیں۔ یہ اعلیٰ سطح کی دعوت، کراکس میں حالیہ امریکی فوجی آپریشن ”آپریشن ایبسولیوٹ ریزولو“ (Operation Absolute Resolve) کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں سابق صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو گرفتار کرلیا گیا اور ان پر مقدمہ چلانے کیلئے امریکہ منتقل کردیا گیا ہے۔
فاکس نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے ۲۰۲۵ء کے امن کے نوبیل انعام کی فاتح سے ملاقات کرنے کے ارادے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”مجھے معلوم ہوا ہے کہ وہ اگلے ہفتے کسی وقت یہاں آ رہی ہیں۔ میں ان سے ملنے کا منتظر ہوں۔“ اگرچہ وہائٹ ہاؤس نے ابھی تک کوئی باضابطہ شیڈول جاری نہیں کیا ہے، لیکن اکتوبر میں ماشاڈو کو نوبیل انعام ملنے کے بعد یہ ان دونوں لیڈران کے درمیان پہلا براہِ راست رابطہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: یوکرین جنگ طول پکڑنے پر کم جونگ اُن کاپوتن کو ’’غیر مشروط حمایت‘‘ کا اعلان
اس دعوت کے باوجود، ٹرمپ نے مادورو کے بعد بننے والی حکومت میں ماشاڈو کے مستقبل کے کردار کے حوالے سے اہم تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے وینزویلین اپوزیشن لیڈر کی قیادت میں عبوری انتظامیہ کے قیام کے خیال کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ”ماشاڈو کو مؤثر طریقے سے حکومت کرنے کیلئے ملک کے اندر وہ حمایت یا احترام حاصل نہیں ہے۔“
امریکی صدر نے زور دیا کہ امریکہ کسی بھی نئے انتخابات کے انعقاد سے پہلے وینزویلا کی بحالی کی نگرانی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس کی وجہ انہوں نے ملک کے جمہوری نظام کی مکمل تباہی کو قرار دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ ”ہمیں وینزویلا کی دوبارہ تعمیر کرنی ہے۔ انہیں تو ابھی یہ بھی نہیں معلوم ہوگا کہ الیکشن کیسے منعقد کرائے جاتے ہیں۔“
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ نے ۲۰۲۷ء میں دفاعی بجٹ ۵ء۱؍ ٹریلین ڈالر مقرر کرنے کی تجویز پیش کی
واضح رہے کہ اس وقت نائب صدر ڈیلسی روڈریگز کی قیادت میں عبوری انتظامیہ وینزویلا کی قیادت کر رہی ہے۔ روڈریگز کو سپریم کورٹ کی جانب سے اس عہدے کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ وینزویلا کے حالات کو دیکھتے ہوئے ٹرمپ اور ماشاڈو کی ملاقات کو ملک کے سیاسی رخ اور اس کی تعمیرِ نو میں امریکی مداخلت کی حد کا تعین کرنے کی سمت میں ایک اہم، مگر کشیدہ قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔