Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ اور اسرائیل، ایران کے خلاف اپنے مقاصد میں ناکام رہے: ایرانی کمانڈر

Updated: August 09, 2026, 9:59 PM IST | Tehran

ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسن زادہ نے ایک بیا ن میں کہا کہ امریکہ اور اسرائیل ، ایران کے خلاف اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے ، یہ بیان انہوں نے۲۷؍ ویں محمد رسول اللہ ڈویژن کی اپ گریڈ شدہ فضائی دفاعی بٹالین کا دورہ کرتے ہوئے جنگی تیاریوں کا جائزہ لینے کے موقع پر دیا۔

A picture of the proliferation of drones in Iran. Photo: X
ایران میں ڈرون کی تیادی کی ایک تصویر۔ تصویر: ایکس

 ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسن زادہ، جو تہران میں محمد رسول اللہ کورس کی قیادت کر رہے ہیں، نے واضح کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اپنے اسٹریٹجک مقاصد حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔ ایرانی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، یہ بیان انہوں نے۲۷؍ویں محمد رسول اللہ ڈویژن کی اپ گریڈ شدہ فضائی دفاعی بٹالین کا دورہ کرتے ہوئے جنگی تیاریوں کا جائزہ لینے کے موقع پر دیا۔ اس دورے کا خاص مقصد جدید میزائل دفاعی نظام  اور ریڈار ٹیکنالوجی میں ہونے والی جدیدکاری کا معائنہ کرنا تھا، تاکہ ممکنہ خارجی حملوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔جنرل زادہ نے اس موقع پر کہا کہ’’ ایران کی عوامی طاقت اور بسيج فورسز کی جامع تیاری‘‘ نے ملک کو نہ صرف خطے کی بلکہ عالمی سطح کی ایک بڑی طاقت میں تبدیل کر دیا ہے۔
بعد ازاں انہوں نے بسيج رضاکاروں کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام اور فوج کے درمیان یہ مضبوط اتحاد دشمنوں کے لیے ایک ناقابلِ تسخیر رکاوٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جو صلاحیتیں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں، وہ۲۷؍ویں ڈویژن کی مجموعی دفاعی صلاحیتوں کا محض ایک معمولی حصہ ہیں، اور ایران کے پاس بہت کچھ اور ہے جو تاحال پوشیدہ رکھا گیا ہے۔ایرانی کمانڈر کا مزید کہنا تھا کہ امریکی اور اسرائیلی لیڈر اپنی مسلسل ناکامیوں کے باعث اب عوامی رائے، دانشور طبقے اور اپنی ہی عوام کے سامنے کوئی قابلِ قبول جواب پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف دشمنوں کی تمام تر سازشیں، اقتصادی پابندیاں اور فوجی دھمکیاں بے اثر ثابت ہوئی ہیں، اور تہران اپنے دفاعی نظریے پر ثابت قدم ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: پاکستان، سعودی اور ترکی کا دفاعی معاہدہ ایران کیخلاف نہیں ہے: خاقان فیدان

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر ایران کے جوہری پروگرام اور علاقائی گروپوں کو اس کی حمایت پر امریکہ اور اسرائیل کی طرف سے سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ اس کے باوجود، جنرل زادہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کی دفاعی حکمت عملی مکمل طور پر دفاعی اور احتیاطی نوعیت کی حامل ہے، اور کوئی بھی بیرونی طاقت اپنی مرضی اس پر مسلط نہیں کر سکتی۔ مزید برآں رپورٹ کے مطابق، اس فوجی دورے کا مقصد فضائی دفاعی نظاموں کی تجدیداور جدید ترین ہتھیاروں کی تعیناتی کو یقینی بنانا تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران اپنی فوجی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے اور مسلسل بہتر بنانے کے لیےکوشاں ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کے اعلیٰ جنرل ایران جنگ سے نکلنے کے راستے کی تلاش میں؛ وسیع تر جوابی کارروائی کا خطرہ برقرار

علاوہ ازیں جنرل زادہ نے خبردار کیا کہ دشمنوں کو اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرنا چاہیے اور مستقبل میں کسی بھی قسم کی فوجی جارحیت سے گریز کرنا چاہیے، ورنہ ایران کا جواب انتہائی سخت، فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایرانی افواج۲۴؍ گھنٹے مکمل چوکس  ہیں اور کسی بھی قسم کی خطرناک صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK