ایوان کے اسپیکر مائیک جانسن نے ڈیموکریٹس پر اس بحران کو طول دینے کا الزام لگایا اور اسے ”شرمناک“ قرار دیا۔
EPAPER
Updated: October 23, 2025, 1:04 PM IST | Washington
ایوان کے اسپیکر مائیک جانسن نے ڈیموکریٹس پر اس بحران کو طول دینے کا الزام لگایا اور اسے ”شرمناک“ قرار دیا۔
امریکہ میں وفاقی اخراجات کی ترجیحات پر ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان اختلافات کی وجہ سے ڈیموکریٹس نے انتظامیہ کیلئے کانگریس میں عارضی فنڈنگ بل کی حمایت کرنے سے انکار کردیا ہے جس کی وجہ سے شٹ ڈاؤن طول پکڑتا جارہا ہے۔ بدھ کو امریکی انتظامیہ کے شٹ ڈاؤن کو ۲۲ دن مکمل ہوگئے جس کے بعد یہ ’قومی تاریخ کا دوسرا سب سے طویل شٹ ڈاؤن‘ بن گیا ہے۔
ایوان کے اسپیکر مائیک جانسن نے ڈیموکریٹس پر اس بحران کو طول دینے کا الزام لگایا اور اسے ”شرمناک“ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریپبلکنز، انتظامیہ کو دوبارہ شروع کرنے کیلئے ایک ”غیر جانبدارانہ قرارداد“ کے ذریعے دباؤ ڈال رہے ہیں جو عارضی طور پر حکومتی کام کاج کو فنڈ فراہم کرے گی۔ تاہم، سینیٹ نے پیر کو ۱۱ ویں مرتبہ اسٹاپ گیپ فنڈنگ بل کو روک دیا اور ۲۱ نومبر تک فنڈنگ میں توسیع کرنے والے بل کو آگے بڑھانے میں ناکام رہی۔
یہ بھی پڑھئے: جنوری سے اب تک ۵؍ لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو حراست میں لیا گیا: امریکی محکمہ
جیفریز کی ٹرمپ پر تنقید
ایوان میں اقلیتی لیڈر حکیم جیفریز نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ریپبلکن قانون سازوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے جاری شٹ ڈاؤن کیلئے ریپبلکنز اور ٹرمپ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اسے ”ٹرمپ-ریپبلکن شٹ ڈاؤن “ قرار دیا۔ جیفریز نے کہا کہ اس تعطل کی وجہ سے لاکھوں امریکیوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شٹ ڈاؤن کی وجہ سے ہزاروں وفاقی کارکن جبری چھٹی پر ہیں یا انہیں تنخواہ کے بغیر کام کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر شٹ ڈاؤن جاری رہا تو خوراک کی امداد اور دیگر سماجی پروگرام بھی جلد ہی متاثر ہو سکتے ہیں۔
جیفریز نے مزید کہا کہ ”یہ شٹ ڈاؤن ملک بھر کے خاندانوں کو متاثر کر رہا ہے۔ لوگ شاید وہ غذائی امداد بھی کھو سکتے ہیں جس پر وہ اپنے بچوں کو کھلانے کیلئے انحصار کرتے ہیں۔“ واضح رہے کہ یکم اکتوبر سے جاری شٹ ڈاؤن کی وجہ سے پہلے ہی وفاقی ایجنسیوں کے کام کاج میں وسیع پیمانے پر رکاوٹیں آرہی ہیں، جس کے نتیجے میں کئی ضروری خدمات کو معطل کرنا پڑا ہے اور حکومتی پروگراموں میں تاخیر ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ٹرمپ کا ڈیموکریٹس سے ملاقات سے انکار، حکومتی شٹ ڈاؤن برقرار
دریں اثنا، ٹرمپ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ شٹ ڈاؤن ختم ہونے کے بعد ہی مذاکرات کیلئے اعلیٰ ڈیموکریٹ لیڈران سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ”میں ان سے تب ہی ملوں گا جب وہ ملک کو کھولنے دیں گے۔“ چونکہ دونوں پارٹیاں سمجھوتے سے انکار کر رہی ہیں، اس بندش کے جلد ختم ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔