• Wed, 08 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ: شٹ ڈاؤن کا چھٹا دن، ٹرمپ طبی نظام پر ڈیموکریٹس سے گفتگو کیلئے راضی

Updated: October 07, 2025, 7:01 PM IST | Washington

ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان معاہدہ ہونے تک امریکہ میں شٹ ڈاؤن جاری رہے گا جس کے نتیجے میں پورے ملک میں وفاقی کارکنان اور حکومتی خدمات متاثر رہیں گی۔

Photo: X
تصویر: ایکس

پیر کو امریکی سینیٹ نے وفاقی کارروائیوں کو دوبارہ شروع کرنے کے مقصد سے ایوان سے منظور شدہ ریپبلکن اسٹاپ گیپ فنڈنگ بل کو مسترد کر دیا جس کے بعد حکومت کا شٹ ڈاؤن چھٹے دن بھی جاری رہا۔ سینیٹ میں پیش کیا گیا عارضی فنڈنگ کا بل ۵۲–۴۲ ووٹوں سے پاس نہیں ہوا۔ سینیٹرز میں ڈیموکریٹس کیتھرین کورٹیز میسٹو اور جان فیٹر مین اور آزاد رکن اینگس کنگ نے اس بل کی حمایت کی تاہم ریپبلکن لیڈر رینڈ پال نے اس اقدام کی مخالفت کی۔ اس سے پہلے، فنڈنگ میں توسیع کیلئے پیش کیا گیا ڈیموکریٹک بل بھی ۴۵–۵۰ ووٹوں سے ناکام رہا تھا۔

واضح رہے کہ یکم اکتوبر سے جاری شٹ ڈاؤن کی وجہ سے غیر ضروری سمجھے جانے والے وفاقی ملازمین کو چھٹی دے دی گئی ہے یا انہیں بغیر تنخواہ کے کام کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ شٹ ڈاؤن کے چلتے، عوام کو ضروری خدمات سے استفادہ کرنے میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں جس کے بعد صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایران نے جوہری پروگرام دوبارہ شروع کیا تو فوری کارروائی کریں گے: ڈونالڈ ٹرمپ

اس درمیان، ٹرمپ نے شٹ ڈاؤن کو ختم کرنے کیلئے حفظانِ صحت کی اصلاحات پر ڈیموکریٹس کے ساتھ گفتگو کیلئے آمادگی کا اشارہ دیا ہے جن میں میڈی کیڈ کی فنڈنگ میں کمی کو واپس لینا اور ’افورڈ ایبل کیئر ایکٹ‘ کی سبسڈی میں توسیع شامل ہے۔ ٹرمپ نے اس شٹ ڈاؤن کو ”غیر ضروری“ قرار دیا اور کہا کہ ڈیموکریٹس کو پہلے حکومت کو دوبارہ کھولنا چاہئے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ ”انہیں ہماری حکومت کو آج رات ہی کھول دینا چاہئے!“ انہوں نے مزید کہا کہ اس شٹ ڈاؤن کی وجہ سے ضروری خدمات تک رسائی میں بھی رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔ 

دوسری طرف، ڈیموکریٹ لیڈران نے شٹ ڈاؤن ختم کرنے کیلئے وہائٹ ہاؤس کے ساتھ کسی بھی حالیہ بات چیت کی تردید کی۔ ایوان میں اقلیتی لیڈر حکیم جیفریز نے کہا کہ کسی بھی ڈیموکریٹ نے ٹرمپ کے ساتھ کوئی معاہدے پر بات نہیں کی ہے۔ سینیٹ کے اقلیتی لیڈر چک شومر نے پارٹی کی جانب سے امریکیوں کیلئے ”کم اخراجات اور بہتر حفظانِ صحت “ کیلئے مذاکرات کرنے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ نے ٹک ٹاک معاہدہ کا کریڈٹ لیا، جین زی سے کہا آپ میرے مقروض ہیں

رپورٹس کے مطابق، سینیٹ جلد ہی حکومت کو ۲۱ نومبر تک فنڈ دینے کیلئے ریپبلکنز کے حمایت یافتہ ایک منصوبے پر غور کر سکتی ہے۔ لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ڈیموکریٹس اس کی حمایت کریں گے۔ ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان معاہدہ ہونے تک امریکہ میں شٹ ڈاؤن جاری رہے گا جس کے نتیجے میں پورے ملک میں وفاقی کارکنان اور حکومتی خدمات متاثر رہیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK