یکم نومبر سے ۱۳۰ سے زائد ’ہیڈ اسٹارٹ‘ پری اسکول پروگرام کی فنڈنگ بند ہوسکتی ہے جس سے ۶۵ ہزار سے زائد بچوں کے ابتدائی تعلیم اور دیکھ بھال سے محروم ہونے کا خطرہ ہے۔
EPAPER
Updated: October 28, 2025, 8:00 PM IST | Washington
یکم نومبر سے ۱۳۰ سے زائد ’ہیڈ اسٹارٹ‘ پری اسکول پروگرام کی فنڈنگ بند ہوسکتی ہے جس سے ۶۵ ہزار سے زائد بچوں کے ابتدائی تعلیم اور دیکھ بھال سے محروم ہونے کا خطرہ ہے۔
امریکہ میں یکم اکتوبر سے جاری شٹ ڈاؤن کی وجہ سے لاکھوں امریکیوں کو خوراک اور پری اسکول کی امداد سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، کم آمدنی والے خاندانوں، بچوں اور ماؤں کو مدد فراہم کرنے والے اہم وفاقی پروگرامز کی فنڈنگ اب ختم ہو رہی ہے، جس سے بحران کے مزید گہرا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، ’سپلیمنٹل نیوٹریشن اسسٹنس پروگرام‘ (ایس این اے پی) کی فنڈنگ سنیچر تک ختم ہو جائے گی جس سے اس کی خدمات بڑے پیمانے پر متاثر ہوگی۔ واضح رہے کہ اسنیپ کے تحت، پر ۸ میں سے ایک امریکی کو گروسری خریدنے کیلئے امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے تحت، پر شخص کو اوسطاً ۱۸۷ ڈالر کی امداد دی جاتی ہے۔ تاہم، پروگرام کے فنڈز ختم ہونے کے قریب پہنچ گئے ہیں اور غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے کہ آیا استفادہ کنندگان یکم نومبر کے بعد بھی بیلنس کارڈز پر غیر استعمال شدہ رقم کا استعمال کرپائیں گے۔ آرکنساس اور میزوری سمیت کچھ ریاستوں نے رہائشیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جلد ہی اپنی باقی ماندہ رقم خرچ کر لیں۔
صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکی انتظامیہ نے اسنیپ کو جاری رکھنے کیلئے ۵ ارب ڈالر کے ہنگامی فنڈز استعمال کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے دلیل دی کہ یہ فنڈز آفات سے نمٹنے کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ ڈیموکریٹس اور ایڈوکیسی گروپوں نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات جاری رہنے تک جزوی فوائد جاری کرے۔
ریاستیں مدد کیلئے آگے آئیں
کئی ریاستیں فنڈز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہیں۔ لوزیانا، ورمونٹ اور ورجینیا نے خوراک کی امداد کو جاری رکھنے کیلئے ریاستی فنڈز استعمال کرنے کا عہد کیا ہے، جبکہ کیلیفورنیا اور نیویارک نے فوڈ بینکوں کی حمایت کیلئے لاکھوں ڈالر کی امداد جاری کی ہیں۔ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزم نے امدادی کوششوں میں مدد کرنے کیلئے نیشنل گارڈز کو بھی تعینات کر دیا ہے۔
بچپن کی ابتدائی تعلیم اور ماؤں کو ملنے والی امداد بھی متاثر
یکم نومبر سے ۱۳۰ سے زائد ’ہیڈ اسٹارٹ‘ پری اسکول پروگرام کی فنڈنگ بند ہوسکتی ہے جس سے ۶۵ ہزار سے زائد بچوں کے ابتدائی تعلیم اور دیکھ بھال سے محروم ہونے کا خطرہ ہے۔ دریں اثنا، ۶۰ لاکھ سے زائد ماؤں اور چھوٹے بچوں کیلئے خوراک کی امداد فراہم کرنے والے ڈبلیو آئی سی پروگرام کی عارضی فنڈنگ ۸ نومبر تک ختم ہونے کی توقع ہے۔