• Wed, 12 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ شٹ ڈاؤن: سینیٹ نے حکومت کو دوبارہ کھولنے کی قرارداد منظور کی، فنڈنگ بل ایوان کو بھیجا گیا

Updated: November 11, 2025, 5:23 PM IST | Washington

ایوان میں اس ہفتے کے آخر میں اس قانون پر بحث ہونے کی توقع ہے، جس کا مطلب ہے کہ محدود حکومتی خدمات اور اقتصادی دباؤ کا سلسلہ ابھی کئی دن مزید جاری رہے گا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

امریکی سینٹ نے گزشتہ ۴۰ دنوں سے جاری شٹ ڈاؤن کو ختم کرنے کیلئے ایک اخراجاتی بل منظور کر لیا ہے۔ اس اقدام سے وفاقی کارروائیوں کو مکمل طور پر بحال کرنے کی کوششوں میں پیش رفت ہوئی ہے۔ اس بل نے منظوری کیلئے درکار کم از کم ۶۰ ووٹ حاصل کئے اور زیادہ تر رپبلکن سینیٹرز کے علاوہ ۸ ڈیموکریٹس نے بھی اس کی حمایت کی۔ اب اس بل کو ایوان نمائندگان میں پیش کیا جائے گا جہاں سے منظوری ملنے کے بعد صدر ڈونالڈ ٹرمپ اس پر دستخط کریں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہر امریکی شہری کو ٹیرف کی آمدنی سے ۲؍ ہزار ڈالر ملیں گے: ٹرمپ

واضح رہے کہ یکم اکتوبر سے جاری شٹ ڈاؤن نے لاکھوں امریکیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ شٹ ڈاؤن کے چلتے، ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی کمی کی وجہ سے ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔ فنڈنگ کی کمی سے خوراک کی امداد کے پروگرام اسنیپ کے فوائد کو روک دیا گیا جبکہ قومی پارکس اور تحقیقی ادارے بند ہوگئے ہیں۔ ایوان میں اس ہفتے کے آخر میں اس قانون پر بحث ہونے کی توقع ہے، جس کا مطلب ہے کہ محدود حکومتی خدمات اور اقتصادی دباؤ کا سلسلہ ابھی کئی دن مزید جاری رہے گا۔

بل کی اہم دفعات

اگر یہ فنڈنگ بل ایوان نمائندگان میں منظور ہوجاتا ہے تو اس کے تحت انتظامیہ کو ۳۰ جنوری تک فنڈز فراہم کئے جائیں گے جبکہ زراعت، سابق فوجیوں کے امور اور فوجی تعمیرات جیسے مخصوص محکموں کو پورے سال کی فنڈنگ دی جائے گی۔ بل میں عارضی طور پر صدر کے وفاقی ملازمین کو برطرف کرنے کے اختیار کو بھی محدود کردیا گیا ہے۔ اس کے بدلے، ریپبلکنز دسمبر میں ’افورڈیبل کیئر ایکٹ‘ کی سبسڈی میں توسیع پر ووٹ دینے کی اجازت دینے پر متفق ہوئے، جو مذاکرات کے دوران ڈیموکریٹس کی ترجیح تھی۔ یہ معاہدہ سینیٹرز میگی حسن، جین شاہین اور اینگس کنگ نے کرایا حالانکہ سینیٹ میں اقلیتی لیڈر چک شومر نے اس کی مخالفت کی۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ شٹ ڈاؤن: فضائی آمد و رفت شدید متاثر، ۱۰؍ ہزار سے زائد تاخیر

اس فنڈنگ بل میں کئی اہم دفعات شامل ہیں، جیسے جبری چھٹی پر بھیجے گئے اور بغیر تنخواہ کے کام کرنے والے ملازمین کو مکمل بقایا تنخواہ دی جائے گی جبکہ شٹ ڈاؤن کے دوران برطرف کئے گئے افراد کو بحال کیا جائے گا۔ اسنیپ کے تحت، خوراک کی امداد کو دسمبر ۲۰۲۶ء تک مکمل طور پر فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK