Inquilab Logo Happiest Places to Work

یکم جولائی سے بغیر ’ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹ‘ کی گاڑیوں پر جرمانہ عائد ہوگا

Updated: June 29, 2026, 10:15 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

۳۰؍ جون نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کی آخری تاریخ ہے، اس کے بعدآر ٹی او خصوصی مہم چلائے گا۔ جرمانہ کی ابتدائی رقم ایک ہزار روپے ہوگی۔

اب نئی نمبر پلیٹ لگوانے کیلئے مزید مہلت نہیں دی جائے گی۔  تصویر: آئی این این
اب نئی نمبر پلیٹ لگوانے کیلئے مزید مہلت نہیں دی جائے گی۔ تصویر: آئی این این

حکومت مہاراشٹر نے یکم اپریل ۲۰۱۹ء سے قبل رجسٹر کرائی گئی تمام گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کو ’ایچ ایس آر پی‘ (ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن پلیٹ) میں تبدیل کروانا لازمی قرار دے دیا ہے۔ پرانی نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کی آخری تاریخ ۳۰؍ جون ۲۰۲۶ء ہے جس کے دوسرے دن یعنی یکم جولائی سے بغیر ایچ ایس آر پی والی گاڑیوں پر جرمانہ عائد کرنے کی کارروائی شروع کردی جائے گی۔

جو افراد ۳۰؍ جون تک نمبر پلیٹ تبدیل نہیں کرواسکے لیکن اس تاریخ تک اگر انہوں نے اپنی رجسٹریشن پلیٹ تبدیل کروانے کیلئے ’اپائنٹمنٹ‘ لے لیا ہے اور اس کی رسید ان کے پاس ہے تو وہ بھی جرمانہ سے بچ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ایس آئی آر: کل سے ’بی ایل او‘ گھر گھر جاکر سروے کریں گے

موٹر گاڑیوں پر ایچ ایس آر پی نصب کروانے کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا ہے اور جدید نمبر پلیٹ لگانے کی آخری تاریخ پہلے ۲۰۲۵ء میں طے کی گئی تھی اور پھر وقفہ وقفہ سے کئی مرتبہ اس میں توسیع کی گئی۔ تاہم اس سال مئی میں وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے اعلان کردیا کہ اب نئی نمبر پلیٹ لگوانے کیلئے مزید مہلت نہیں دی جائے گی اور ۳۰؍ جون اس کام کی آخری تاریخ ہوگی۔ جو افراد اس تاریخ تک نمبر پلیٹ تبدیل نہیں کروائیں گے ان پر دوسرے دن سے جرمانہ عائد کرنے کی کارروائی شروع کردی جائے گی اور اس کام کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔

حکومت کے مطابق ایچ ایس آر پی لگوانے سے گاڑی کی سیکوریٹی میں اضافہ ہوگا اور چوری وغیرہ کی صورت میں اسے تلاش کرنا آسان ہو جائے گا اور اگر کسی گاڑی کو کسی جرم میں استعمال کیا جاتا ہے تو اسے پکڑنا بھی آسان ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: لوکل ٹرین قتل کیس کا ملزم چاقو سے متعلق بار بار بیان بدل رہا ہے

ایچ ایس آر پی کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس سے سڑکوں پر حفاظتی انتظامات بہتر ہوں گے اور گاڑیوں کو جرائم میں استعمال کرنا مشکل ہوجائے گا۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ جدید نمبر پلیٹ میں چھیڑ چھاڑ کرنا ممکن نہیں ہوگا اور نقلی نمبر پلیٹ بنانے کی روک تھام ہوسکے گی۔ 

ایچ ایس آر پی کو مرکزی حکومت کی گائیڈلائن کے مطابق تمام گاڑیوں کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے۔ان رجسٹریشن پلیٹ کو لگوانے کیلئے ٹریکٹر اور دو پہیہ گاڑیوں کیلئے ۵۳۱؍ روپے، رکشا جیسی ۳؍ پہیہ گاڑیوں کیلئے ۵۹۰؍ روپے اور چار پہیہ اور اس سے بڑی گاڑیوں کیلئے ۸۷۹ ؍ روپے ادا کرنے ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK