ویڈیو جاری کرتے ہوئے راہل نے لکھا کہ ’’مہیلا، پترکار اور ایماندار، بی جے پی راج میں تینوں اپرادھ‘‘
EPAPER
Updated: October 06, 2026, 12:03 PM IST | Agency | New Delhi
ویڈیو جاری کرتے ہوئے راہل نے لکھا کہ ’’مہیلا، پترکار اور ایماندار، بی جے پی راج میں تینوں اپرادھ‘‘
خاتون صحافی شاہین اور نفیسہ کے ساتھ دہلی پولیس کی زیادتی کئی دنوں تک سرخیوں میں رہی۔ لوک سبھا میںاپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے گزشتہ دنوں شاہین اور نفیسہ سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد انہوں نے دہلی پولیس اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اب انہوں نے اس ملاقات کا ویڈیو ’ایکس‘ پر جاری کیا ہے۔ ویڈیو میں شاہین اور نفیسہ روتے ہوئے دہلی پولیس کے مظالم کی داستان سنا رہی ہیں۔ خاص طور سے نفیسہ پولیس کی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کئی بار رو پڑیں۔
یہ بھی پڑھئے: نیدرلینڈز: حکومت اسکولوں میں موبائل فون پر پابندی عائد کرنے کے اقدام پر غور کر رہی ہے
شاہین اور نفیسہ سے ہوئی ملاقات کا ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’دہلی میں اس وقت جو ہو رہا ہے، اس کا ایک ہی پیٹرن ہے۔ جو عورت سوال پوچھے، اسے خاموش کراؤ۔ جنتر منتر پر سیکڑوں لوگ حراست میں لئے گئے۔ خاتون مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ مرد پولیس اہلکاروں نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔ خاتون صحافیوں کے کیمرے چھینے گئے، انھیں گھسیٹا گیا۔ ایک صحافی کی شکایت پر ایف آئی آر تک درج نہیں ہوئی۔‘‘ انہوں نے مزید لکا کہ ’’کچھ ہفتوں قبل شاہین اور نفیسہ نے ساکیت تھانہ کے اندر اپنے ساتھ ہوئے تشدد اور بدسلوکی سے متعلق داستان سنائی ہے۔ سوچئے، ظلم تھانے کے اندر ہوا... وہ جگہ جہاں خواتین شکایت لے کر جاتی ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:’’بنگال میں۹۰؍ لاکھ نام حذف ہوگئے مگرسپریم کورٹ نے روک لگانے کی ضرورت نہیں محسوس کی‘‘
راہل گاندھی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’جن پر خواتین کی حفاظت کی ذمہ داری ہے، وہی آج ان کیلئے خطرہ بن رہے ہیں۔ اور دہلی پولیس کس کے ماتحت ہے، یہ پورا ملک جانتا ہے۔‘‘ انھوں نے آگے لکھا ہے کہ ’’ساکیت تھانے کا پورا سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر لایا جائے۔ قصوروار پولیس اہلکاروں پر فوراً کارروائی ہو۔ شاہین، نفیسہ اور جن کے ساتھ بھی دہلی پولیس نے تشدد و بدتمیزی کی ہے، ان کو انصاف ملے۔‘‘ آخر میں وہ تلخ انداز اختیار کرتے سوال کرتے ہیں کہ ’’امیت شاہ جی... آپ اور آپ کی پولیس خواتین سے ڈرتی کیوں ہے؟‘‘ راہل گاندھی نے یہ بھی لکھا کہ ’’مہیلا، پترکار اور ایماندار،بی جے پی راج میں تینوں اپرادھ۔‘‘
تقریباً۱۰؍ منٹ کے اس ویڈیو میں شاہین اور نفیسہ نے اپنےساتھ ہوئے سلوک کی داستان اس درد و کرب کے ساتھ سنائی ہے کہ عام لوگوں کی آنکھوں میں بھی آنسو آ جائے۔