گیانیش کمار کے استعفیٰ تک اپوزیشن چین سے بیٹھنے کو تیار نہیں، گاندھی کی سمادھی پر مودی سرکار اور الیکشن کمشنر کیلئے ’سد بُدھی‘ کی پرارتھنا کی۔
EPAPER
Updated: October 09, 2026, 10:43 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi
گیانیش کمار کے استعفیٰ تک اپوزیشن چین سے بیٹھنے کو تیار نہیں، گاندھی کی سمادھی پر مودی سرکار اور الیکشن کمشنر کیلئے ’سد بُدھی‘ کی پرارتھنا کی۔
’’ووٹ چوری‘‘ کے خلاف منگل کو الیکشن کمیشن کے دفتر کی طرف مارچ اور بدھ کو احتجاج کیلئے جنتر منتر کی طرف کوچ کرنے کے بعد راہل گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن کے اراکین جمعرات کو لگاتار تیسرے دن احتجاج جاری رکھتے ہوئے راج گھاٹ پہنچے جہاں انہوں نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد دھرنا دیا اور مودی سرکار کو ’’عقل آنے ‘‘ کی پرارتھنا کی۔ راہل گاندھی کی قیادت میں جمعہ کو اپوزیشن کا ایک ۱۰؍ رکنی وفد صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کرکے ووٹ چوری روکنے کیلئے مداخلت کی اپیل کرےگا۔
اپوزیشن کا لنچ اور مودی سرکار کا اندیشہ
بدھ کو ریسٹورنٹ پرکانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی جانب سے اپوزیشن کے اراکین پارلیمان کیلئے منعقد کئے گئے ظہرانہ کے بعدہی جنتر منتر کی طرف مارچ کیاگیاتھا ،اس لئے جمعرات کو جب اپوزیشن کے اراکین کناٹ پلیس کے ’موئٹس‘ ریسٹورنٹ میں دوپہر کا کھانا کھانے کیلئے پہنچے تو ایوان ِ اقتدار میں ہلچل مچ گئی۔ اس اندیشے کے پیش نظرکہ اب اپوزیشن نہ جانے کس طرح احتجاج کا منصوبہ بناتا ہے اور کس طرف کوچ کرتا ہے، ہوٹل اور آس پاس کے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا۔ تاہم اپوزیشن اراکین پارلیمان ہوٹل سے نکل کر بسوں کے ذریعے راج گھاٹ کیلئے روانہ ہوگئے۔ ان بسوں کو پارٹی کارکنوں اور پولیس کی بڑی تعداد نے گھیر رکھاتھا۔
یہ بھی پڑھئے: عمر خالد نے بین الاقوامی انسانی حقوق ایوارڈ جیتا
راج گھاٹ پر پُرامن احتجاج، سماجوادی بھی شامل
جمعرات کو راج گھاٹ پر احتجاج نسبتاً پُرامن رہا۔ اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ بسوں کے ذریعے تقریباً ساڑھے چار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے راج گھاٹ پہنچے اور وہاں لان میں بیٹھ کر خاموش احتجاج کیا۔ چند گھنٹوں بعد وہ پولیس کی مداخلت کے بغیر دوبارہ بسوں میں سوار ہوکر وہاں سے روانہ ہوگئے۔کانگریس نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، راہل گاندھی اور لوک سبھا و راجیہ سبھا کے دیگر ارکان نے راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا اور ”مودی حکومت کے عقل آنے “ کی پرارتھنا کی۔ کانگریس نےیہ الزام دہرایا کہ نریندر مودی، امیت شاہ اور گیانیش کمار مل کر ”ووٹ چوری“ کر رہے ہیں۔