• Sun, 08 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناریل واڑی قبرستان انتظامیہ کووقف بورڈ کا نوٹس

Updated: February 08, 2026, 4:37 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

نوٹس جاری کئے جانے کے ۸؍دن کے اندر ۲۰؍برس کا حساب کتاب جمع کرانے کی ہدایت ،بصورت دیگر وقف ضابطے کے تحت ۶؍ماہ قید اورایک لاکھ روپے تک جرمانہ کا انتباہ۔ ٹرسٹیان نےوضاحت کی، نوٹس پر سوالات قائم کئے اوروقف آفیسر اورایڈوکیٹ سے جلد ملاقات کرنے کا حوالہ دیا۔

People are seen at the gate of Nariyalwadi Cemetery. Photo: INN
ناریل واڑی قبرستان کے گیٹ پر لوگ نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

بائیکلہ: وقف بورڈ نے ناریل واڑی قبرستان ٹرسٹ کو مسجد اور قبرستان کےحساب کتاب کے تعلق سے نوٹس جاری کیا ہے اور ۲۰۰۵ء سے ۲۰۲۵ء تک کے حساب کتاب کی ایک ہفتے میں تفصیلات مانگی ہیں، بصورت دیگر حکم عدولی پروقف ایکٹ کی دفعہ۴۶؍ کے تحت ۶؍ماہ کی قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کا بھی انتباہ دیاگیاہے۔ 

ڈسٹرکٹ وقف آفیسر(ممبئی) فیاض پٹھان کی دستخط سے جاری کردہ نوٹس میںلکھا گیا ہے کہ ناریل واڑی قبرستان ٹرسٹ (مسجد وقبرستان )ایک وقف ادارہ ہے جو مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ میں رجسٹرڈ ہے، ہم (وقف بورڈ )مذکورہ وقف ادارے کا انتظام دیکھ رہے ہیں۔ اُمید ایکٹ  ۱۹۹۵ کے سیکشن ۴۶؍ میں شق درج ہے کہ اوقاف کی املاک کے حسابات جمع کروانا ہے اور ہر متولی باقاعدہ حساب کتاب رکھے گااور ہر سال یکم اکتوبر سے پہلےبورڈ کو اکاؤنٹس کا مکمل اور صحیح گوشوارہ پیش کرے گا۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: میئر انتخاب سے قبل بی جے پی میں پھوٹ!

اس میں ایسی تفصیلات بھی شامل ہوں گی کہ مرکزی حکومت کی طرف سے کوئی رقم دی گئی ہویا وصول کی گئی ہو۔ ضابطے کے مطابق مندرجہ بالا دفعات کے تحت ہر مالی سال کی تفصیلات یکم اکتوبر سے پہلے وقف بورڈ کے دفتر میں جمع کرانا لازمی ہےمگر ریکارڈ سے یہ واضح ہوتا ہے کہ آپ (ٹرسٹ)  نے  ۲۰۰۵ء سے ۲۰۲۵ء تک جمع وخرچ کی تفصیلات وقف بورڈمیں پیش نہیں کی ہیں۔اس لئے وقف کے ضابطے کے تحت آپ کوسزا اورجرمانے کےتعلق سے یاد دہانی کروائی جارہی ہے کہ اگر کوئی متولی ضابطے کے مطابق عمل نہیںکرتا ہے تواسے ۶؍ماہ کی قید اور جرمانہ بھی دینا ہو گا جو ۲۰؍ ہزار روپے سے ایک لاکھ روپے تک ہو سکتا ہے۔یہ تمام تفصیلات نوٹس ملنے کے بعد ۸؍ دن کے اندر جمع کرائی جائیں۔ مقررہ مدت کے بعد موصول ہونے والی کسی بھی وضاحت پر غور نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ نوٹس میں یہ بھی لکھا گیا ہےکہ آپ کی طرف سے کوئی جواب نہ آنے کی صورت میں یہ سمجھا جائے گا کہ آپ نے اعتراف کیا ہے کہ آپ نے مندرجہ بالا دفعات کی خلاف ورزی کی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: مودی حکومت کے خلاف کانگریس کا احتجاجی مورچہ ، پولیس کا ہلکا لاٹھی چارج

نوٹس پرٹرسٹ کی جانب سے کئی سوالات قائم کئے گئے 

ناریل واڑی قبرستان کےٹرسٹی سلیم خان سے وقف بورڈ کی جانب سے نوٹس بھیجنے کے تعلق سے پوچھنے پر انہوں نے کئی سوالات قائم کئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ ناریل واڑی قبرستان ٹرسٹ ۱۹۵۴ءسے چیئریٹی کمیشن میںرجسٹرڈ ہے، ہرسال پابندی سے حساب کتاب جمع کرایا جاتا ہے۔اتنا ہی نہیںناریل واڑی قبرستا ن ٹرسٹ کی جانب سے تو ۲؍ فیصدپراپرٹی  ٹیکس بھی دیاجاتا تھا،  ۲۰۱۴۔۱۵ء میںسپریم کورٹ کی ہدایت پر ٹیکس ادا کرنا بند کیا گیاہے ۔‘‘ سلیم خا ن کایہ بھی کہنا تھا کہ ’’ ایک سال قبل ہی وقف بورڈ میںرجسٹریشن کرایا گیا ہےاوراُمید پورٹل پردستاویزات اَپ لوڈ کئے گئے ہیں،پھر ۲۰؍برس کے حساب کتاب جمع کرانے کے لئے وقف بورڈ کی جانب سے نوٹس بھیجنے اورجرمانہ و سزا کا حوالہ دیناکتنادرست ہے اوراس کا کیاجواز ہے؟‘‘ 

انہوں نے مزیدکہاکہ ’’ نوٹس جاری کیا گیا ہے تو ہم وقف آفیسر فیاض پٹھان سے ملاقات کریں گے اور اپنے وکیل سے بھی صلاح ومشورہ کریں گے۔‘‘ان کےمطابق ’’جہاں تک حساب کتاب کی تفصیلات کا معاملہ ہے تووقف بورڈ خود ہی چیئریٹی کمشنر کے دفتر سے حاصل کرسکتا ہے۔ اس لئے ہم یہ بھی واضح کردینا چاہتے ہیںکہ ٹرسٹ کی جانب سے کسی بھی طرح کی ضابطہ شکنی نہیںکی گئی ہے، تمام کام ضابطے اوراصول کے عین مطابق کئےگئے ہیں ، کسی قسم کی کوئی کمی بیشی نہیںہوئی ہے ۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: آج ممبرا میں متل گراؤنڈ پرسنّی اجتماع، علماء اہم عناوین پرخطاب کریں گے

وقف بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے تعلق سے وقف بورڈ کے چیئرمین سمیر قاضی سےبھی انقلاب نے بات چیت کی ۔انہوں نے نوٹس کی کاپی مانگی ،اسے بذریعہ وہاٹس ایپ ان کوفراہم کرادی گئی ۔ اس پر ا نہوںنےکہاکہ میں بھی دیکھتا ہوں اورفیاض پٹھان سے بھی کہتا ہوں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK