سینٹرل واٹر کمیشن کی رپورٹ کے مطابق آبی ذخائر کی سطح ۴۰؍ فیصد سے نیچے آگئی ہے ، ۸؍ صوبے سب سے زیادہ متاثر۔
EPAPER
Updated: May 04, 2026, 9:36 AM IST | New Delhi
سینٹرل واٹر کمیشن کی رپورٹ کے مطابق آبی ذخائر کی سطح ۴۰؍ فیصد سے نیچے آگئی ہے ، ۸؍ صوبے سب سے زیادہ متاثر۔
ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صورتحال تیزی سے دباؤ کا شکار ہے اور موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی بحران کے آثار مزید واضح ہو گئے ہیں۔ سینٹرل واٹر کمیشن کے مطابق ملک کے ۱۶۶؍ بڑے آبی ذخائر میں دستیاب پانی کم ہو کر اس کی کل صلاحیت کے ۴۰؍ فیصد سے نیچے آ گیا ہے۔ وہیں کئی بڑے دریائوں میں بھی پانی کی سطح میں کمی درج کی گئی ہے جس سے پانی کے بگڑتے ہوئے علاقائی عدم توازن کے خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ترنمول یا کنول کا پھول؟ آج فیصلہ، سخت سیکوریٹی
سینٹرل واٹر کمیشن کے ہفتہ وار بلیٹن کے مطابق ملک کے ۱۶۶؍ آبی ذخائر میں کل لائیو ذخیرہ کم ہو کر۷۱ء۰۸؍ ارب گھن میٹر (بی سی ایم) رہ گیا ہے، جو ان کی کل صلاحیت۱۸۳؍ بی سی ایم کا صرف ۳۸؍ فیصد ہے۔ ۹؍ اپریل کو یہ سطح ۴۴؍فیصد تھی یعنی ۳؍ ہفتوں میں ہی پانی کے ذخیرہ میں قابل ذکر کمی درج کی گئی ہے۔ یہ۱۶۶؍ آبی ذخائر ملک کی۲؍ لاکھ ۵۷؍ ہزار ۸۱۲؍ بی سی ایم آبی ذخیرہ کرنے کی کل صلاحیت کا تقریباً ۷۱؍ فیصد رکھتے ہیں۔ ان میں سے ۲۰؍ آبی ذخائر ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ سے جڑے ہوئے ہیں جن کی مشترکہ صلاحیت ۳۶؍ ہزار بی سی ایم ہے۔
سینٹرل واٹر کمیشن کے مطابق اپریل کے آغاز کے مقابلے میں کئی بڑے دریا کے طاس میں پانی کی سطح میں کمی آئی ہے۔ گنگا طاس۵۳؍ فیصد سے کم ہو کر تقریباً ۵۰؍ فیصد رہ گیا ہے۔ گوداوری ۴۷؍ فیصد سے کم ہو کر ۴۰؍ فیصد اور نرمدا، ۴۶؍ فیصد سے کم ہو کر ۳۸؍فیصد پہنچ گئی ہے۔ کرشنا طاس پہلے سے ہی کمزور حالت میں تھا اور اب بھی تقریباً 22{فیصد پر ہے۔ کاویری اور مہاندی میں بھی کمی درج کی گئی ہے جب کہ تاپتی نسبتاً مستحکم حالت میں برقرار ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مفرور ملزمین کے رشتہ داروں کو ہراساں کرنا غیر آئینی ہے: الہ آباد ہائی کورٹ
مدھیہ پردیش کے آبی ذخائر میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ وہیں گوا میں صرف ایک اہم ذخیرہ ہونے کے باوجود وہاں بھی ۱۲؍ فیصد سے زیادہ کمی درج کی گئی ہے جو مقامی پانی کی دستیابی کا ایک اہم اشارہ ہے۔ ملک بھر کے کئی بڑے آبی ذخائر میں پانی کی سطح انتہائی نچلی سطح پر پہنچ گئی ہے جس سے بحران بڑھنے کا اندیشہ ہے۔