Inquilab Logo

مغربی بنگال میں بھی کانگریس کے ایک لیڈر کو بی جےپی نے اپنے پالے میں کیا

Updated: April 24, 2024, 4:28 PM IST | Agency | Kolkata

دارجلنگ سے بی جے پی امیدوار کی حمایت کے بعد کانگریس نے اپنے لیڈر وِنے تمانگ کو پارٹی سے باہر کا راستہ دکھایا، اس کے بعد بھی بی جے پی کیلئے دارجلنگ کی سیٹ جیتنا آسان نہیں۔

Vinay Tamang. Photo: INN
ونے تمانگ۔ تصویر: آئی این این

بی جے پی بھلے ہی ۴۰۰؍ پار کا نعرہ بلند کررہی ہو لیکن اسے سابقہ سیٹوں کی بحالی کی بھی امید نہیں ہے۔ اسلئے وہ توڑ پھوڑ کی سیاست کررہی ہے۔ گجرات میںاپنے ایک امیدوار کو ’بلامقابلہ‘ منتخب کرانے کے بعد بی جے پی کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں۔ اب اس طرح کی کوششیں دوسری ریاستوں میں بھی شروع ہوسکتی ہیں۔ فی الحال اس نے مغربی بنگال کے ایک کانگریس لیڈر کو اپنے پالے میں کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ دارجلنگ کےپہاڑی لیڈر ’وِنے تمانگ‘ نے  وہاں کے بی جے پی امیدوار ’راجو بستا‘ کی حمایت کردی ہے۔ کانگریس لیڈر کی طرف سے بی جے پی امیدوار کی حمایت کے بعد کانگریس نےانہیں پارٹی سے نکال دیا ہے۔ کانگریس کی ریاستی یونٹ نے اعلان کیا کہ پہاڑی لیڈر کو آئندہ ۶؍ سال تک کیلئے پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سپریم کورٹ نے بابا رام دیو سے پوچھا ’’کیا معافی نامہ اتنا ہی بڑا ہے جتنا بڑا گمراہ کن اشتہارتھا؟‘‘

خیال رہے کہ وِنے ابھی گزشتہ سال ہی نومبر میں دہلی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کی شمولیت کے وقت تقریب میں پردیش کانگریس کے صدر ادھیرنجن چودھری موجود تھے۔ کانگریس میں شامل ہونے کے بعدونے تمانگ کو امید تھی کہ پارٹی کی طرف سے دارجلنگ میں انہیں امیدوار بنایا جائے گا لیکن کانگریس نے وہاں سے ڈاکٹر مونیش تمانگ کو امیدوار بنا دیا۔ مونیش تمانگ کو امیدوار بنانے کیلئے کانگریس نے بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا تھا۔ کانگریس کے مرکزی لیڈران پون کھیڑا اور غلام احمد میرنے’ ہمروپارٹی‘ کے اجے ایڈورڈ کے ساتھ باقاعدہ میٹنگ کی تھی۔ اس کے بعد مونیش تمانگ نے گورکھا پرسنگ کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور کانگریس میں شامل ہو گئے تھے۔اسی کے ساتھ اجے ایڈورڈ انڈیا اتحاد میں شامل ہو گئے تھے۔ اس فیصلے کی وجہ سے دارجلنگ میں مقابلہ بی جے پی، ٹی ایم سی اورکانگریس کے درمیان سہ رخی ہوگیا تھا لیکن ونے تمانگ کی وفاداریاں تبدیل ہونے کے بعد کانگریس کی پوزیشن قدرے کمزور ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پیرو کی سائیکولوجسٹ اینا ایسترادہ کی یوتھنیشیا سے موت

منگل کو وِنے کا ایک ویڈیو پیغام منظر عام پر آیا جس میں انہوں نے کہا کہ’’وقت آگیا ہے کہ بدعنوانی اور اقربا پروری کے خلاف جدوجہد کی جائے۔ اس تناظر میں، میں بی جے پی امیدوار راجو بستا کی حمایت کر رہا ہوں۔ میں پہاڑیوں  سے کہوں گا کہ آپ بھی اس کا ساتھ دیں۔‘‘ویڈیو سامنے آنے کے فوراً بعد کانگریس نے وِنے کو پارٹی سے نکال دیا۔ اسی کے ساتھ ہی بی جے پی پربھی تنقیدیں شروع ہوگئی ہیں کہ وہ دوسری پارٹیوں میں توڑ پھوڑ کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK