Inquilab Logo Happiest Places to Work

خام تیل کی قیمتوں میں اچانک بڑی کمی، اصل وجہ کیا ہے؟

Updated: August 04, 2026, 8:04 PM IST | New Delhi

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اچانک نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کی بڑی وجہ امریکہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے ممکنہ معاہدے کی امید بتائی جا رہی ہے۔

Crude Oil.Photo:INN
خام تیل۔ تصویر:آئی این این

عالمی منڈی میں خام تیل (Crude Oil) کی قیمتوں میں اچانک نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کی بڑی وجہ امریکہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz)  کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے ممکنہ معاہدے کی امید بتائی جا رہی ہے۔ہندوستانی وقت کے مطابق شام تقریباً ۴؍  بجے  برینٹ کروڈ کی قیمت  ۲۳ء۲؍فیصد  گر کر۸۱؍ ڈالر فی بیرل  پر آ گئی  جبکہ  ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی ) خام تیل ایک موقع پر۳؍ فیصد سے زائد  نیچے آ گیا۔ شام تقریباً ۶؍بجے  ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت ۸۴ء۲؍ فیصد  کمی کے ساتھ ۷۸؍ ڈالر فی بیرل  رہی۔

یہ بھی پڑھئے:’’دی ریلوے مین‘‘ کے بعد یش راج فلمز کا نیا پروجیکٹ ’’ٹنل مین‘‘


 آبنائے ہرمز کھلنے کی امید نے قیمتوں پر دباؤ ڈالا
 امریکی وزیر خزانہ  اسکاٹ بیسنٹ  نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے دوبارہ کھولنے پر بہت جلد، ممکنہ طور پر  منگل یا بدھ  تک معاہدہ ہو سکتا ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں فوری کمی دیکھی گئی۔
امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری
 ایک انٹرویو میں اسکاٹ بیسنٹ نے بتایا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور انہیں امید ہے کہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمدورفت جلد بحال ہو جائے گی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا مجوزہ معاہدے کے تحت ایران کو وہاں سے گزرنے والے جہازوں سے ٹول وصول کرنے کا حق ملے گا  تو انہوں نے کہا کہ امریکہ آزادانہ بحری آمدورفت کے اصول پر قائم ہے۔
پہلے بھی مذاکرات ہوئے، مگر کامیاب نہ ہو سکے
 اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ  بھی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر مسئلے کے حل کی کوششیں جاری ہیں، تاہم ایران نے عوامی سطح پر امریکہ کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی تردید کی ہے۔ ماضی میں بھی کئی بار معاہدے کی کوششیں ہوئیں، لیکن کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آ سکا۔

یہ بھی پڑھئے:ویمنز ٹی۲۰: پاکستان نے تیسرا میچ ۴؍ وکٹوں سے جیت لیا، سری لنکاکا سیریز پر قبضہ


 جنگ کے بعد قیمتیں ۱۲۰؍ ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھیں
امریکہ اور ایران کے درمیان ۲۸؍فروری  کو کشیدگی بڑھنے کے بعد خام تیل کی قیمتیں تیزی سے اوپر گئیں اور ایک وقت میں ۱۲۰؍ ڈالر فی بیرل  تک پہنچ گئیں۔ اگرچہ اب قیمتوں میں کچھ کمی آئی ہے، لیکن وہ اب بھی تنازع سے پہلے کی سطح سے کافی زیادہ ہیں۔
ہندوستان  پر کیا اثر پڑ سکتا ہے؟
ہندوستان  اپنی تقریباً ۹۰؍ فیصد خام تیل کی ضرورت درآمد کرتا ہے، اس لیے عالمی قیمتوں میں اضافہ براہِ راست درآمدی بل پر اثر انداز ہوتا ہے۔ حالیہ مہنگائی کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں چار مرتبہ اضافہ  بھی کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز زیادہ عرصے تک بند رہتی ہے تو خام تیل کی عالمی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے، جس سے ہندوستان سمیت کئی ممالک کو ایندھن کی فراہمی اور قیمتوں کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم اگر امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدہ ہو جاتا ہے تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر مزید دباؤ آ سکتا ہے اور قیمتیں مزید کم ہونے کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK