• Mon, 05 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دنیا بھر میں فعال صنعتی روبوٹس کی تعداد ۵۰ لاکھ سے تجاوز کر گئی

Updated: October 05, 2026, 2:09 PM IST | Washington

چین نے اس شعبے میں اپنا زبردست غلبہ برقرار رکھا ہے۔ سالانہ تنصیبات میں ۲۰ فیصد اضافے کے ساتھ چین نے گزشتہ سال ۳ لاکھ ۵۴ ہزار سے زائد روبوٹس کو انڈسٹری میں شامل کیا۔ یہ عالمی سطح پر فعال روبوٹس کا تقریباً ۵۹ فیصد حصہ ہے۔ ہندوستان میں ۱۵ فیصد کا اضافہ دیکھا گیا اور ملک میں کل صنعتی روبوٹس کی تعداد ۱۰۵۰۰ یونٹس تک پہنچ گئی۔

Photo: X
تصویر: ایکس

انٹرنیشنل فیڈریشن آف روبوٹکس کی ایک رپورٹ کے مطابق، گزشتہ سال عالمی سطح پر فیکٹریوں میں آٹومیشن کے نفاذ نے تاریخی بلندیوں کو چھو لیا ہے۔ اس کے نتیجے میں دنیا بھر میں فعال صنعتی روبوٹس کی مجموعی تعداد ۵۰ لاکھ یونٹس سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس درمیان آپریشنل روبوٹس کے ذخیرے میں سالانہ ۹ فیصد اضافہ ہوا، جبکہ عالمی تنصیبات ۱۱ فیصد اضافے کے ساتھ ۶ لاکھ یونٹس سے تجاوز کر گئیں۔

چین نے اس شعبے میں اپنا زبردست غلبہ برقرار رکھا ہے۔ سالانہ تنصیبات میں ۲۰ فیصد اضافے کے ساتھ چین نے گزشتہ سال ۳ لاکھ ۵۴ ہزار سے زائد روبوٹس کو انڈسٹری میں شامل کیا۔ یہ عالمی سطح پر فعال روبوٹس کا تقریباً ۵۹ فیصد حصہ ہے۔ مقامی کمپنیوں نے ملک کے مارکیٹ شیئر کا ۵۵ فیصد حصہ حاصل کیا۔ جاپان کی تنصیبات ۱۹ فیصد کمی کے ساتھ ۳۶۲۱۹ یونٹس رہ گئیں، جس کے باعث وہ دوسری پوزیشن سے نیچے آ گیا کیونکہ امریکہ نے ۱۲ فیصد اضافے کے ساتھ ۳۸۵۰۰ روبوٹس نصب کئے۔ جنوبی کوریا ۳۲۲۰۰ تنصیبات کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔ پانچویں نمبر پر جرمنی میں ۸ فیصد کمی کے ساتھ تنصیبات ۲۴۸۰۰ یونٹس رہ گئیں۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کی معاشی بنیاد مضبوط، عالمی غیر یقینی صورتحال کا کامیابی سے مقابلہ: سیتارمن

ہندوستان میں ۱۵ فیصد کا اضافہ دیکھا گیا اور ملک میں کل صنعتی روبوٹس کی تعداد ۱۰۵۰۰ یونٹس تک پہنچ گئی۔ یورپی یونین کی تمام تر تنصیبات میں جرمنی کا حصہ ۴۱ فیصد رہا، حالانکہ اس ترقی کی رفتار سست رہی جبکہ اٹلی، فرانس اور اسپین میں تنصیبات میں کمی واقع ہوئی۔ اس فہرست میں ترکی عالمی سطح پر ۱۷ ویں نمبر پر رہا، جہاں تنصیبات ۹ فیصد کمی کے ساتھ ۳۱۹۴ یونٹس رہ گئیں۔ ۲۰۲۳ء کی ریکارڈ سطح ۴۴۲۹ سے کم ہیں۔ تاہم، اس کے فعال روبوٹس کے ذخیرے میں ۷ فیصد اضافہ ہوا اور یہ ریکارڈ ۳۰۹۹۰ یونٹس تک پہنچ گیا، جس نے اسے دنیا بھر میں ۱۵ ویں نمبر پر لا کھڑا کیا۔

عالمی سطح پر روبوٹس کی طلب میں مسلسل اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ رواں سال کے آخر تک صنعتی روبوٹس کی تنصیبات کی تعداد ۶ لاکھ ۵۵ ہزار یونٹس اور ۲۰۲۹ء تک ۸ لاکھ ۶ ہزار تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اس کی بنیادی وجوہات میں ترقی یافتہ معیشتوں میں افرادی قوت کی مسلسل قلت، سپلائی چینز کی وطن واپسی (reshoring)، اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے اخراجات کم کرنے والی اے آئی سے لیس ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK