نیویارک میں بغیر لائسنس کے کلینک چلانے والے ڈاکٹر نے ۲۷؍ سالہ لڑکی پر تجربہ کیا اور وہ چل بسی ، ڈاکٹر گرفتار۔
EPAPER
Updated: July 24, 2026, 11:36 AM IST | Washington
نیویارک میں بغیر لائسنس کے کلینک چلانے والے ڈاکٹر نے ۲۷؍ سالہ لڑکی پر تجربہ کیا اور وہ چل بسی ، ڈاکٹر گرفتار۔
امریکہ کے نیویارک شہر میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا ہے۔ بڑھاپے کو دور رکھنے والا ایک انجکشن لگانے سے ایک جوان لڑکی کی موت ہو گئی ہے۔ پولیس نے انجکشن لگانے والے ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔
اطلاع کے مطابق ۵۵؍ سالہ ڈاکٹر لوئس روخاس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے پاس ایک ایسا انجکشن ہے جسے لگانے کے بعد کوئی جلدی بوڑھا نہیں ہو سکتا۔ اس کیلئے اس نے ایک خصوصی سیشن منعقد کیا تھا۔ ایلزبتھ بارون (۲۷) نامی لڑکی اس کے پاس انجکشن لگوانے پہنچی۔ ڈاکٹر لوئس نے اسے انجکشن لگایا لیکن اس کی موت ہو گئی۔
اطلاع کے مطابق جب ڈاکٹر لوئس نے ایلزبتھ بارون کو انجکشن لگایا تو اس کی طبیعت بگڑنے لگی۔ اسے ایمبولینس کے ذریعے ’نیویارک۔ پریس بائٹرن ایلن‘ اسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اس کے پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد اس کی موت کا اعلان کر دیا۔ تفتیش کار موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کیلئے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: حوثیوں کے خلاف ، برطانیہ سعودی کے ساتھ
ڈاکٹر لوئس کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق ’’ڈاکٹر نے لڑکی کو ایک ایسا وریدی محلول دیا جس میں ’’ این اے ڈی پلس‘‘ نامی مرکب شامل تھا جو بڑھاپے کو دور بھگانے کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ یاد رہے اس مقصد کیلئے اس محلول کی سلامتی اور افادیت کو ثابت کرنے والے سائنسی دلائل محدود ہیں۔ اسی دوران دائیں ہاتھ میں وریدی محلول لگاتے ہی خاتون فوراً بے ہوش ہو گئی۔ اس صورت حال میں ڈاکٹر لوئس کو مجبوراً ایمرجنسی سروس کو کال کرنا پڑا۔تفتیش کے دوران ڈاکٹر نے اعتراف کیا کہ اس کے پاس نیویارک میں طب کی پریکٹس کیلئے لائسنس نہیں ہے۔ اس کے پاس ڈومینیکن ریپبلک کالائسنس ہے اور پورٹو ریکو میں ایک طبی معاون کا لائسنس رکھتا ہے۔ نیویارک میں لائسنس حاصل کرنے کی اس کی درخواست ابھی زیرِ التوا ہے۔ اس نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ریاست کے اندر اس کے پاس موجود واحد لائسنس بیوٹیشن (کاسمیٹولوجسٹ) کا ہے۔ ڈاکٹر لوئس کیلئے کسی کی جان کو خطرے میں ڈالنے اور بغیر لائسنس کے کلنک چلانے کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ اسے برونکس کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جج نے پوسٹ مارٹم کے نتائج آنے تک اس کا پاسپورٹ ضبط کرنے کی شرط کے ساتھ اسے عارضی طور پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کی ایران کے پُل یا پاوراسٹیشن پر حملہ کی دھمکی
علاوہ ازیں حکام نے ڈاکٹر لوئس پر نیویارک ریاست میں کسی بھی لائسنس یافتہ طبی ماہر کی ضروری ڈاکٹری نسخے کے بغیر بارون کو علاج فراہم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ طبی مرکز کو بند کر دیا گیا ہے اور اس کے سامنے ایک بورڈ آویزاں کیا گیا ہے جس پر لکھا ہے: ’’ بند ہے.. ہم جلد واپس آئیں گے۔‘‘ نوجوان لڑکی بارون کے جاننے والوں اور علاقے کے رہائشیوں نے بارون کی موت پر گہرے صدمے میں ہیں۔ انہوں نے یاد کیا کہ بارون ایک نیک اور سخی لڑکی تھی۔