• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۲۰ سے زائد یورپی ممالک میں ”اپنے مستقبل کیلئے لڑو“ کے نعرے کے تحت نوجوانوں کے مظاہرے

Updated: November 21, 2026, 9:58 PM IST | Brussels

بیلجیم، فرانس، جرمنی، یونان، اٹلی، پرتگال، اسپین اور برطانیہ سمیت ۲۰ سے زائد یورپی ممالک میں طلبہ اور نوجوان مزدور رہن سہن اور رہائش کی بڑھتی ہوئی لاگت، تعلیم کے بگڑتے حالات اور بڑھتے ہوئے فوجی اخراجات کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاج کرنے کیلئے ۵۰ سے زائد گروپوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں۔ یوتھ اسٹرائیک (Youth Strike) اتحاد نے اسے حالیہ برسوں میں یورپ میں نوجوانوں کا سب سے بڑا مربوط احتجاج قرار دیا۔

Picture: X
نوجوانوں کے احتجاج کا ایک منظر۔ تصویر: ایکس

جمعہ کے روز ۲۰ سے زائد یورپی ممالک میں طلبہ اور نوجوان مزدور رہن سہن اور رہائش کی بڑھتی ہوئی لاگت، تعلیم کے بگڑتے حالات اور بڑھتے ہوئے فوجی اخراجات کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔ ان مسائل کےخلاف احتجاج کرنے کیلئے بیلجیم، فرانس، جرمنی، یونان، اٹلی، پرتگال، اسپین اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک کے ۵۰ سے زائد گروپوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں۔ مظاہرین نے مشعلیں جلائیں، ٹینکوں کے گتے سے بنے ماڈل نذرِ آتش کئے۔ انہوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ”اپنے مستقبل کیلئے لڑو“ لکھا تھا۔ یوتھ اسٹرائیک (Youth Strike) اتحاد نے اسے حالیہ برسوں میں یورپ میں نوجوانوں کا سب سے بڑا مربوط احتجاج قرار دیا۔ ”اپنے مستقبل کیلئے لڑو، ان کی جنگوں کیلئے نہیں“ کے نعرے کے تحت تقریباً ۴۰۰ شہروں میں مظاہروں کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: یمن میں گزشتہ اگست سے اب تک ۳؍ لاکھ۵۷؍ہزار افراد بے گھر: اقوام متحدہ

مظاہرین کے پانچ مطالبات

احتجاج کرنے والی تنظیموں کے اتحاد نے پانچ وسیع مطالبات پیش کئے۔ ان میں عسکریت پسندی اور جبری فوجی بھرتی کا خاتمہ اور تعلیم و فلاح و بہبود میں بڑی سرمایہ کاری شامل ہے۔ انہوں نے فلسطین کے ساتھ یکجہتی، ماحولیاتی و سماجی انصاف اور ”موجودہ نظام میں بنیادی تبدیلی“ کا بھی مطالبہ کیا۔ اٹلی میں احتجاج کو منظم کرنے والے منتظم الیسانڈرو دی مائسیلی نے کہا کہ ان مظاہروں کا مقصد ”بہتر اور باوقار مستقبل کے اپنے حق کا دعویٰ کرنا ہے۔“ انہوں نے کہا کہ مطالبات ہر ملک میں مختلف ہیں لیکن آپس میں گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ پرتگالی میں احتجاج کو منظم کرنے والے منتظم لیونور چیکو نے کہا کہ حکومتیں ہر روز یہ ظاہر کرتی ہیں کہ نوجوانوں کی ضروریات ان کی ترجیح نہیں ہیں۔ برطانیہ کے اسٹاپ دی وار (Stop The War) اتحاد کے شبیر لاکھا نے ان مظاہروں کو نوجوانوں کی پائیدار بین الاقوامی تحریک کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی جیلوں میں قید تقریباً ۳۵۰؍ فلسطینی بچے تشدد اور فاقہ کشی کا شکار: قیدیوں کی تنظیمیں

مختلف ممالک میں مربوط مظاہرے

واضح رہے کہ یہ ریلیاں فرانسیسی اسکولوں کے طویل عرصے سے جاری مظاہروں کے نتیجے میں شروع ہونے والے ہفتوں طویل احتجاج کے تسلسل میں نکالی گئیں۔ فرانس میں ’جیلیٹس جونز‘ (پیلی واسکٹ والے) منتظمین میں شامل تھے۔ برلن میں تقریباً ۱۰۰۰ طلبہ نے لازمی فوجی سروس کی واپسی کے خدشات کے خلاف احتجاج کیا۔ روم، میلان اور دیگر اطالوی شہروں میں دسیوں ہزار افراد نے مارچ کیا، جہاں ملک کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین سی جی آئی ایل (CGIL) نے وزیر اعظم جارجیا میلونی کی معاشی پالیسیوں کے خلاف عام ہڑتال کی۔ ۲۴ سالہ طالبہ لورا پیریٹور نے کہا کہ ”ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اپنا مستقبل واپس لے کر رہیں گے۔“ لندن میں مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ”جنگ، نسل پرستی، ماحولیاتی بحران اور سرمایہ داری نامنظور“ لکھا تھا۔ اسپین میں یہ مظاہرے آمر فرانسسکو فرانکو کی برسی کے موقع پر ہوئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK