• Thu, 18 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشیز : ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کے ۸؍وکٹ گرے

Updated: December 18, 2025, 3:57 PM IST | Adelaide

مچل اسٹارک (۵۴) اور اسکاٹ بولینڈ (ناٹ آؤٹ ۱۴؍رن) کی جدوجہد سے پر اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے تیسرے ایشیز ٹیسٹ کے دوسرے دن جمعرات کو ۳۷۱؍رنز کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری انگلینڈ کے ۲۱۳؍رن کے اسکور پر ۸؍ وکٹ جھٹک کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔

Ben Stokes.Photo:ٖPTI
بین اسٹوکس۔ تصویر:پی ٹی آئی

مچل اسٹارک (۵۴) اور اسکاٹ بولینڈ (ناٹ آؤٹ ۱۴؍رن) کی جدوجہد سے پر اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے تیسرے ایشیز ٹیسٹ کے دوسرے دن جمعرات کو ۳۷۱؍رنز کے جواب میں  بلے بازی کرنے اتری انگلینڈ کے ۲۱۳؍رن  کے اسکور پر ۸؍ وکٹ جھٹک کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ انگلینڈ اس وقت آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے اسکور سے۱۵۸؍ رنز پیچھے ہے، بین اسٹوکس ( ناٹ آؤٹ ۴۵؍رن ) اور جوفرا آرچر ( ناٹ آؤٹ۳۰؍رن ) جدوجہد سے پُر بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کریز پر موجود ہیں۔
آج یہاں آسٹریلیا نے کل کے۸؍ وکٹ پر ۳۲۶؍ رن سے آگے کھیلناشروع کیا۔ صبح کے سیشن میں آسٹریلیا کا نواں وکٹ ۳۴۸؍رن  کے اسکور پر مچل اسٹارک (۵۴؍رن) کی صورت میں گرا۔ جوفرا آرچر نے ۹۲؍ویں اوور کی پہلی گیند پر ناتھن لاین  (۹) کو ایل بی ڈبلیو کرکے آسٹریلیا کی اننگز ختم کردی۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ برائیڈن کارس اور ول جیکس کو دودو وکٹ ملے۔ جوش ٹنگ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

اس کے بعد بلے بازی کرنے اتری انگلینڈ کی شروعات خراب رہی اور اس نے ۷۱؍رن  پر چار وکٹ گنوا دیئے۔ جیک کراولی (۹؍رن) ، اولی پوپ (تین)، بین ڈکٹ (۲۹) اور جو روٹ (۱۹) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ ہیری بروک اور کپتان بین اسٹوکس نے اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن بھی بنائے۔  نصف سنچری کے قریب پہنچنے والے ہیری بروک کو۳۷؍ویں اوور میں کیمرون گرین نے آؤٹ کردیا۔ ہیری بروک نے ۶۳؍ گیندوں میں دو چوکے اور ایک چھکا لگا کر ۴۵؍ رنز بنائے۔ جیمی اسمتھ (۲۲)، ول جیکس (۶)، اور برائیڈن کارس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ۱۶۸؍ رنز پر آٹھ وکٹیں گرنے کے بعد بلے بازی کرنے آئے جوفرا آرچر نے اسٹوکس کے ساتھ مورچہ سنبھالا۔ بین اسٹوکس نے ۱۵۱؍ گیندوں کا سامنا کیا اور چار گھنٹے سے زائد بیٹنگ کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۴۵؍ رنز بنائے، لیکن کپتان کو میدان پر زیادہ ساتھ نہیں ملا۔ دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت انگلینڈ نے آٹھ وکٹ پر ۲۱۳؍ رن بنالیے ہیں۔ بین اسٹوکس ( ناٹ آؤٹ ۴۵؍رن) اور جوفرا آرچر ( ناٹ آؤٹ ۳۰؍رن) کریز پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے تین وکٹ حاصل کئے۔ اسکاٹ بولینڈ اور  ناتھن  لاین  کو دو دو وکٹ ملے۔ کیمرون گرین نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھئے:نیدرلینڈز: غربت میں پانچ سال بعد اضافہ، نصف ملین سے زائد افراد متاثر

میچ کے دوران اسنیکو پر بھی کافی ہنگامہ ہوا، دونوں ٹیموں نے ٹیکنالوجی کے حوالے سے اپنی مایوسی کو واضح کیا۔ انگلینڈ تیسرے امپائر کرس گیفانی سے ناراض تھا، جنہوں نے پہلے دن الیکس کیری کے آؤٹ نہ ہونے کے تنازع کے بعد، ریئل ٹائم اسنیکومیٹر ثبوت کی بنیاد پر جیمی اسمتھ کو کمنز کی گیندپر کیچ آؤٹ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:مس انڈیا ۱۹۶۴ء اور معروف فیشن صحافی مہر کاسٹیلینو کا ۸۱؍ برس کی عمر میں انتقال

اسمتھ کچھ دیر پہلے ہی  عجیب و غریب انداز میں آؤٹ ہونے سے بچے تھے، گیفانی کا فیصلہ تھا کہ گیند ان کے ہیلمٹ سے ٹکرائی تھی، جب کہ ٹی وی امیجز سے لگ رہاتھا کہ گیند دستانے سے لگی تھی، جیسا کہ آسٹریلیا نے کہا تھا (حالانکہ گیند سلپ پر عثمان خواجہ تک پہنچی تھی یا نہیں، یہ ایک علیحدہ معاملہ تھا)۔ جو روٹ کو بھی نئی زندگی ملی، گیفانی کو یقین تھا کہ پیڈ پر لگا اندرونی کنارہ سیدھا کیری کے دستانے  میں گیا تھا۔ ان سب سے اس بات پر کوئی فرق نہیں پڑا کہ انگلینڈ نے ایڈیلیڈ میں ۴۰؍ ڈگری سیلسیس کے قریب درجہ حرارت میں ایک مرتبہ پھر کمزور بلے بازی سے اپنی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK